English   /   Kannada   /   Nawayathi

زلمے خلیل زاد ایک اور امن دورے پر روانہ

share with us

واشنگٹں:23جولائی2019(فکروخبر/ذرائع)امریکا کے امن کے نمائندے افغانستان اور قطر کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد طالبان کے ساتھ بات چیت کی بحالی ہے، تاکہ تقریباً اٹھارہ برسوں سے جاری اس تنازعے کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پیر کو ایک ایسے مشن پر روانہ ہوئے ہیں، جس کا مقصد امن عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے افغانستان میں تنازعات کا خاتمہ ہے۔ ان کا یہ دورہ یکم اگست تک جاری رہے گا۔ بتایا گیا ہے کہ افغان دارالحکومت میں وہ کابل حکومت کے نمائندوں سے امن عمل کے آگے کے مراحل کے بارے میں گفتگو کریں گے۔

ساتھ ہی اس دوران ایک ایسی قومی مذاکراتی ٹیم کے قیام کے بارے میں بات چیت کی جائے گی، جو افغانستان کے مختلف دھڑوں کے داخلی مذاکرات میں بھی شریک ہو سکے۔ اس طرح کسی ٹیم کا قیام ایک انتہائی پیچدہ مرحلہ ہے کیونکہ طالبان افغان حکومت سے براہ راست بات چیت کرنے پر رضامند نہیں ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق کابل کے بعد خلیل زاد طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی کے لیے دوحہ روانہ ہو جائیں گے۔ واشنگٹن کی خواہش ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں کے ساتھ صدارتی انتخابات سے قبل کوئی سیاسی معاہدہ طے پا جائے تاکہ بد امنی پر قابو پایا جا سکے۔

 افغانستان میں ستمبر میں صدارتی انتخابات طے ہیں۔ اگر طالبان کے ساتھ بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہوتی ہے تو افغانستان سے اٹھارہ برسوں بعد غیر ملکی افواج کے مکمل انخلاء کا عمل شروع ہو جائے گا۔

امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد گزشتہ برس کے دوران کئی مرتبہ طالبان سے ملاقاتیں کر چکے ہیں اور ان کی آخری ملاقات نوجولائی کو دوحہ میں ہی ہوئی تھی۔ اس سے علاوہ طالبان قطری دارالحکومت میں ہی افغانستان کے مختلف دھڑوں کے نمائندوں سے بھی بات چیت کر چکے ہیں۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا