English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایک صاحب بصیرت وفراست عالم دین اور عظیم مفکر و مصنف کی رحلت

share with us

مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی 

سحر جو آئی تو لائی اسی چراغ کی موت
تمام رات جو جلتا رہا سحرکے لیے
حضر ت مولانا سیدواضح رشید حسنی ندوی بر صغیر کے ان عظیم علمائے ربانیین اورداعیان دین میں سے تھے،جو اپنے فکر و نظر،عالمانہ وقارواعتباراور اپنے بہترین اوصاف و کمالات کی وجہ سے لاکھوں انسانوں کے دل کے قریب رہتے ہیں، اﷲ تعالیٰ نے انہیں مطالعہ کی وسعت، تحلیل و تجزیہ کی صلاحیت اور اسلامی افکار وخیالات کو بہترین پیرایہ میں پیش کرنے کی صفت سے نوازا تھا، وہ ایک علمی اورروحانی خانوادہ کے چشم و چراغ تھے، تواضع ،عبدیت، خوش اخلاقی، ملنساری، تعلیم و تربیت کے لیے غیر معمولی فکر مندی ان کی کتاب زندگی کے نمایاں ابواب ہیں، علم وعمل کی بلندیوں کے باوجود ہرایک سے جھک کر ملنا،اپنے آ پ کو کچھ نہ سمجھنا، اوررضائے الٰہی کی جستجو میں ہمہ وقت مشغول رہنا،ان کی ایسی صفات ہیں، جنہیں نایاب تونہیں کمیاب ضرور کہا جا سکتاہے۔
مولانامحترم نے اپنے حقیقی ماموں اور عالم اسلام کی نامور شخصیت حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی ؒ سے علمی اور روحانی فیض حاصل کیاتھا، اور نصف صدی سے زائد کا عرصہ انہوں نے تعلیم و تدریس ، تصنیف و تالیف اور مغربی افکار و خیالات اور یورپ کے سرچشموں سے ابلنے والے فاسد نظریات پر نقدو تنقید میں گذارا،یہ بات نہ بھلائی جانے والی ہے کہ وہ بر صغیر میں مغربی افکارو خیالا ت کے بہت بڑے ناقد اور اسلامی افکار ونظریات کے عظیم مبلغ تھے،ان کے قلم سے نکلنے والی تحریریں دشمنان اسلام کے نشیمنوں پر بجلی بن کر گراکرتی تھی۔قومیت عربیہ کے فتنہ کے خلاف ان کی حق گوئی وبیباکی اوربے لاگ اظہارخیال ان کے میزان عمل کی بہت بڑی نیکی ہے ،جس کابہترین اجر اﷲ کے دربارمیں انہیں ضرور ملے گا۔ 
ندوۃ العلماء لکھنؤ کے معتمدتعلیم اوراسلامی صحافت کے علمبردار ’’الرائد‘‘کے مدیر کی حیثیت سے بھی انہوں نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، ان کے ہزاروں شاگر د ملک اور بیرون ملک میں پھیلے ہوئے ہیں، اور ان سے پائی ہوئی روشنی کو اپنے اپنے علاقوں میں پھیلارہے ہیں۔یہ خدمت حضر ت مولانا رحمۃ اللہ علیہ کے لیے صدقہ جاریہ ہے۔
حضر ت مولانا سیدواضح رشید حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کااچانک وصال نہ صرف ہندوستانی مسلمانوں کے لیے بلکہ پورے عالم اسلام کے مسلمانوں کے لیے ایک غم انگیز خبر ہے،اس صدمہ کی گھڑی میں ہم حضرت مولانا رحمۃ اللہ علیہ کے تمام اہل خانہ بطورخاص ان کے برادر اکبر اور قافلہ سالارملت حضر ت مولانا سیدمحمدرابع حسنی ندوی اطال اللہ بقاء ہ(صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں اوردعاگو ہیں کہ اﷲ تعالیٰ حضرت مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے ، ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا