English   /   Kannada   /   Nawayathi

سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما عہدے سے برخاست،کانگریس کی تنقید ، رافیل طیارہ جانچ سے خوفزدہ ہو گئی ہے مودی سرکار

share with us

نئی دہلی:10؍جنوری2019(فکروخبر/ذرائع)کانگریس نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے ڈائرکٹر آلوک ورما کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ وہ رافیل طیارہ سودے کی جانچ سے ڈرنے کی وجہ سے ایسا کر رہے ہیں۔سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کو آج ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ حکومت نے ورما کو برخاست کرنے کا فیصلہ سلیکٹ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد لیا۔ آلوک ورما کو اب ڈی جی فائر سروسز مقرر کر دیا گیا ہے۔وزیر اعظم کی صدارت والی تین رکنی سلیکشن کمیٹی کی شام کو منعقد ہوئی میٹنگ کے بعد کانگریس پارٹی نے ٹویٹ کیا ’’آلوک ورما کو ان کا موقف رکھنے کا موقع دیے بغیر ان کے عہدے سے ہٹا کر وزیر اعظم مودی نے ایک بار پھر دکھا دیا ہے کہ وہ (رافیل طیارہ سودے کی) جانچ سے خوف زدہ ہیں۔ چاہے وہ خودمختارسی بی آئی ڈائریکٹر کی طرف سے ہو یا مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے پارلیمنٹ کے ذریعہ۔‘‘

اس سے قبل اس معاملہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بلائی گئی سلیکٹ کمیٹی میٹنگ دو کھنٹے سے زیادہ چلی، جس میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے اور سپریم کورٹ کے جج اے کے سیکری موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران ملکارجن کھڑگے وزیر اعظم نریندر مودی اور جسٹس سیکری سے غیر متفق نظر آئے اور انہوں نے کچھ اعتراضات بھی درج کرائے، تاہم پینل نے 2-1 سے فیصلہ کرتے ہوئے آلوک ورما کو سی بی آئی ڈائریٹر کے عہدے سے برطرف کر دیا۔

کانگریس صدر راہل گاندھی نے اس سے پہلے سپریم کورٹ کے ذریعہ آلوک ورما کو عہدے پر بحال کئے جانے کے سلسلے میں مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے رافیل طیارہ سودے کی جانچ سے ڈر کر ورما کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا تھا ’’وزیراعظم سی بی آئی کے ڈائرکٹر کو ہٹانے پر اتنی جلدبازی کیوں کررہے ہیں۔ وہ سی بی آئی ڈائریکٹر کو سلیکشن کمیٹی کے سامنے اپنا موقف کیوں نہیں رکھنے دے رہے ہیں۔ جواب ہے: رافیل۔‘‘

واضح رہے کہ منگل کو سپریم کورٹ نے آلوک ورما کو سی بی آئی ڈائریکٹر کے عہدے پر بحال کر دیا تھا۔ انہیں حکومت نے تقریباً دو مہینے قبل جبراً چھٹی پر بھیج دیا تھا۔ سپریم کورٹ کی طرف سے بحال کئے جانے کے بعد جمعرات کو وزیر اعظم مودی کی صدارت میں سلیکٹ کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ غورطلب ہے کہ اس سے قبل بدھ کے روز بھی سلیکٹ کمیٹی کی میٹنگ بلائی گئی تھی لیکن وہ بے نتیجہ رہی تھی۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا