English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایودھیا میں ہندتوا تنظیموں کا اجتماع : مسلمان خوف زدہ ،اقبال انصاری نے سیکورٹی کا کیا مطالبہ

share with us

اجودھیا:15؍نومبر2018(فکروخبر/ذرائع)رام مندر تعمیر کے لیے ہندوتوا تنظیمیں اپنا پورا زور صرف کر رہی ہیں اور 24 و 25 نومبر کو ایودھیا میں ہندوؤں کا جو اجتماع ہونا ہے، اس کو لے کر علاقے کا ماحول کشیدہ نظر آ رہا ہے۔ خصوصاً مسلم طبقہ میں ایک خوف کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بابری مسجد معاملہ کے اہم پیروکار اقبال انصاری نے اس تعلق سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شیو سینا اور وی ایچ پی 24 و 25 نومبر کو جو تقریب منعقد کرنے والے ہیں، اس نے مسلمانوں کے اندر ڈر کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’شہر کے مسلمان خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ایودھیا میں سیکورٹی کو بڑھائے۔‘‘ اقبال انصاری نے بی جے پی حکومت پر ناانصافی کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے اور کہا کہ اگر ایودھیا میں سیکورٹی کے انتظامات سخت نہیں ہوئے تو 25 نومبر سے پہلے وہ ایودھیا سے کسی دوسری جگہ ہجرت کر جائیں گے۔اقبال انصاری نے شیو سینا اور وی ایچ پی کے ذریعہ ’آشیرواد‘ اور ’دھرم سبھا‘ کے نام سے تقریب کے انعقاد کو ماحول بگاڑنے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کوئی بھی انہونی واقعہ ہو سکتا ہے اور حکومت کو اس جانب سنجیدگی سے سوچنا چاہیے۔ انھوں نے ہندوتوا تنظیموں کے ذریعہ تقاریب کے انعقاد کو ہندو-مسلم اتحاد کو کمزور کرنے والا قدم بھی قرار دیا اور کہا کہ جس طرح کی فضا بنائی جا رہی ہے، اس سے مسلم طبقہ دہشت میں ہے۔ اگر جلد سیکورٹی کا پختہ انتظام نہیں ہوا تو مسلمانوں کی بڑی تعداد ایودھیا سے ہجرت کر سکتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایودھیا معاملہ سے متعلق سپریم کورٹ میں سماعت چل رہی ہے اور آئندہ سماعت جنوری میں ہونا طے پائی ہے، لیکن سَنت طبقہ اور کچھ ہندو تنظیمیں عدالت کے فیصلہ کا انتظار نہیں کرنا چاہتے۔ انھوں نے مرکز کی مودی حکومت اور ریاست کی یوگی حکومت پر مندر تعمیر کا کام دسمبر میں شروع کرنے کا دباؤ بنا رکھا ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا