English   /   Kannada   /   Nawayathi

سویڈن میں عام انتخابات، اپوزیشن لیڈر کی کامیابی کا امکان

share with us

سویڈن:09؍ستمبر2018(فکروخبر/ذرائع)یورپی ملک سویڈن میں آج اتوار کے روز پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ان انتخابات میں دائیں بازو کی مہاجرت مخالف جماعت ’سویڈن ڈیموکریٹس‘ کی نشستوں میں اضافے کا امکان ہے۔

سویڈن کی پارلیمان کی کُل 349 نشستیں ہیں۔ سویڈن اُن چند یورپی ممالک میں شامل ہے جہاں حالیہ کچھ برسوں کے دوران قوم پرستی میں اضافہ ہوا ہے۔ انتخابی جائزوں کے مطابق دائیں بازو کی قوم پسند جماعت ’سویڈن ڈیموکریٹس‘ ماضی کے مقابلے میں کافی زیادہ نشستیں حاصل کر سکتی ہے۔

انتخابات سے قبل مرتب کیے جانے والے عوامی جائزوں کے مطابق بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے سیاسی اتحاد کو، جس کی قیادت موجودہ وزیر اعظم اسٹیفان لووین کر رہے ہیں، اپنے مخالف دائیں بازو کے اعتدال پسند چار جماعتی اتحاد ’الائنس‘ پر معمولی سبقت حاصل ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق تاہم نئی حکومت کی تشکیل ایک پیچیدہ معاملہ ہو گا کیونکہ انتخابات میں شریک کسی بھی بلاک کو بھرپور اکثریت ملنے کا امکان کم ہی ہے۔

جائزوں کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی اور اس کی اتحادی جماعت گرین پارٹی کو جسے حکومت میں بائیں بازو کی ’لیفٹ پارٹی‘ کی حمایت بھی حاصل ہے، کی عوامی حمایت میں نسبتاﹰ کمی واقع ہوئی ہے۔

دوسری طرف چار جماعتوں قدامت پسند ماڈریٹ پارٹی، لبرل پارٹی، سنٹر پارٹی اور کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی پر مشتمل اتحاد ’الائنس‘ کی کوشش ہے کہ کامیابی حاصل کر کے ماڈریٹ پارٹی کے سربراہ اُلف کرسٹرسن کو ملک کا وزیر اعظم بنایا جائے۔

تاہم اس تمام صورتحال کے حاشیے میں قوم پرست اور مہاجرت مخالف سویڈن ڈیموکریٹک پارٹی بھی موجود ہے جس کے بارے میں اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ اس کی پارلیمان میں نشستوں میں اضافہ ہو گا۔ 2014ء میں منعقد ہونے والے انتخابات میں اس جماعت کو 13 فیصد ووٹ ملے تھے۔ تاہم مہاجرت اور ملک میں بڑھتے ہوئے جرائم کو بنیاد بنا کر اس جماعت نے اپنی عوامی مقبولیت میں کافی اضافہ کیا ہے۔آج اتوار نو ستمبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے اہل ووٹرز کی مجموعی تعداد 7.4 ملین ہے۔ پولنگ اسٹیشن مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے کھلے ہیں اور پولنگ کا سلسلہ رات آٹھ بجے تک جاری رہے گا۔ وفاقی پارلیمان کے نمائندوں کے علاوہ ووٹرز 20 کاؤنٹی کونسلوں اور 290 میونسپل اسمبلیوں کے لیے نمائندگان بھی چنیں گے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا