English   /   Kannada   /   Nawayathi

ماہ رمضان میں بھیک مانگنا مجبوری یا نفع بخش تجارت

share with us

ملک بھر میں پیشہ ور (Professional) بھکاریوں کا جال بچھا ہوا ہے۔ فٹ پاتھوں ، چوراہوں، گھروں ، مساجد کے باہر اور مارکیٹ میں ، مزاروں کے پاس طرح طرح حیلوں بہانوں سے بھیک مانگتے نظر آتے ہیں اور ان کے بھیک مانگنے کے طریقوں سے لوگ متاثر ہوکر انہیں بھیک دیتے ہیں۔کبھی بیماری کا نسخہ (Prescription) ہاتھ میں پکڑے یا بیوہ بن کر تنگی اور پریشانیاں بتاکر نیز جوان عورتیں بھی بھیک مانگتی نظر آرہی ہیں اور اسی کی آڑ میں مکروہ دھندہ بھی کررہی ہیں۔بعض بھکاری جو واقعی معذور ہوتے ہیں،پیدائشی معذور ہوں یاکسی حادثے کی وجہ سے معذور ہوگئے ہوں وہ تو صحیح ہے۔لیکن زیادہ تر بھکاری وہ ہوتے ہیں جو جان بوجھ کر جھوٹ موٹ معذور بنے ہوتے ہیں ۔ان میں کچھ نابیناہونے کا ڈھونگ کرتے اور کچھ نقلی طور پر زخم لگائے ہوتے ہیں۔ اوریہ لگتا ہے جیسے واقعی گہرا زخم ہے ۔ حالانکہ یہ زخم اصلی نہیں ہوتا۔ بعض بھکاری بازویا پیر پر پٹی باندھے ہوتے ہیں جس سے دیکھنے والوں کا دل پسیج جاتاہے اور یہ لوگ اس قدر ڈرامائی انداز سے بھیک مانگتے ہیں کہ پتھر دل انسان بھی موم ہوجاتاہے اور وہ فوراً بھیک دینے پر آمادہ ہوجاتا ہے۔ سچائی یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ دولت کمانے کے لئے بھکاریوں نے بھیک مانگنے کے بہت سے طریقے اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ وہیں آجکل انہوں نے دینی و شرعی حیلے بہانوں سے بھی بھیک مانگنا شروع کر دیا ہے اور اس میں ادھر دوتین برسوں میں ان کی تعداد بہت بڑھ گئی ہے اور دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔ گھروں اور مسجدوں میں آتے ہیں جن کے ہاتھوں میں کسی مدرسے یا مسجد کی رسید بک ہوتی ہے ،اعلان کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ فلاں مدرسہ زیر تعمیر ہے، فلاں مسجد زیر تعمیر ہے،مسجد کو اتنے پیسوں کی ضرورت ہے، اتنی سیمنٹ مدرسے کے لئے اور مدرسہ کے بچوں کے لئے کپڑوں اور دوسری چیزوں کی ضرورت ہے۔ آپ حضرات اپنی حیثیت سے دے کر صدقہ جاریہ میں شریک ہوجائیں۔ ان میں سے اکثر حضرات پیسے لے کر بہت ہی کم پیسے مسجد و مدرسہ کو دیتے ہیں باقی اپنے پاس رکھ لیتے ہیں کہ یہ میرا کمیشن ہے جو کہ پہلے سے مدرسہ یامسجد کی انتظامیہ کے ساتھ طے رہتاہے۔ ان لوگوں میں ایک بڑی تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو دینی حلیہ میں رہتے ہیں تاکہ سادہ لوح مسلمانوں کو بے وقوف بنا کر زیادہ سے زیادہ دولت حاصل کریں۔ ان کا ایک پورا نٹ ورک ہے جو بڑے ہی منظم انداز میں کام کر رہا ہے۔ اسی طرح بہت سی خواتین بھی زیادہ سے زیادہ بھیک اکٹھی کرنے میں شامل ہیں۔یا پھر برقعہ پوش خواتین گھروں محلوں اور مسجدوں کے دروازہ پر نماز کے بعد یاجمعہ کی نماز کے بعد کھڑی ہوجاتی ہیں ۔ بعض لوگ نماز مسجد کے اندر پڑھتے ہیں اور امام کے سلام پھیرتے ہی فوراً کھڑے ہوجاتے ہیں ۔ مانگنا شروع کر دیتے ہیں اور مجبوری بتاکر رونے لگتے ہیں۔ گداگری (بھیک مانگنے) کا پیشہ تیوہاروں میں اور خاص کر رمضان المبارک کے با برکت مہینہ میں شباب پر ہوتا ہے۔ پیشہ ور گداگر اپنے آبائی قصبوں دیہاتوں سے نکل کر شہروں کی طرف نکل جاتا ہے ۔ چونکہ شہروں میں خوشحال اور مالدار لوگ رہتے ہیں ،رمضان میں زکوٰۃ و صدقات اور خیرات وغیرہ کثرت سے غرباء و مساکین میں تقسیم کرتے ہیں۔ اسی لئے یہ پیشہ ور گداگر اور غریب علاقوں کے غریب ،نادار ، مفلس اور ضرورت مند لوگ بھی رمضان المبارک میں کمائی کے لئے شہری علاقوں میں ڈیرے ڈال لیتے ہیں۔ رمضان میں یہ گداگر روزانہ دو سے ڈھائی ہزار روپئے یا اس سے بھی زیادہ کما لیتے ہیں۔
سوال کسے حلال ہے کسے نہیں:
آجکل ایک عام بلا یہ پھیلی ہوئی ہے کہ اچھے خاصے تندرست ہیں ،چاہے تو کماکر کھائیں اور دوسروں کو کھلائیں۔ مگر انہوں نے اپنے وجود کو بیکار قرار دے رکھا ہے۔ کون محنت کرے مصیبت اٹھائے ،بغیر محنت جو مل جائے تو تکلیف کیوں برداشت کرے۔ ناجائز طور پر سوال کرتے ہیں۔ زور دکھاکر ،دباؤبناکرپیچھے پیچھے دور تک لگے رہتے ہیں ۔ مجبوراً آدمی کو دینا پڑتا ہے۔ ٹرینوں میں خواجہ سراؤں (مخنثوں)کی غنڈہ گردی ،گالیوں کی بھرمار ، اوچھی اداؤں ، حرکتوں سے شرفا کا اور خاص کر نوجوانوں کا سفر انتہائی دشوار ہوگیا ہے ۔ زبردستی اور ناجائز طور پر سوال کرتے اور بھیک مانگ کر پیٹ بھرتے ہیں اور بہت سے ایسے ہیں کہ محنت مزدوری ، چھوٹی موٹی تجارت کو ذلت (شرم) و عار خیال کرتے ہیں اور بھیک مانگنا اپناپیشہ ہی بنا لیتے ہیں۔ ان سے کہا جاتاہے تو کہتے ہیں کہ یہ ہماراپیشہ ہے۔ واہ صاحب واہ! کیا ہم اپنا پیشہ چھوڑ دیں۔ حالانکہ ان میں بہت سے ایسے ہیں جو اچھی مالی حیثیت رکھتے ہیں۔ روپئے سود پر بھی لگاتے ہیں ۔ ایسوں کو اور ہٹے کٹے لوگوں کو جو جسمانی معذور نہ ہوں ان کے لئے بھیک مانگنا حرام ہے اور جس کو ان کی حالت معلوم ہواسے ان کو بھیک دینا جائز نہیں۔(بہار شریعت حصہ ۵،بات زکوٰۃ و صدقہ فطر کا بیان ، صفحہ ۹۴۰۔۹۴۱) حالانکہ سماجی طور بھی بھیک مانگنے کو خراب اور گھناؤنا ماناجاتا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ بھیک مانگنا شریعت کی نظر میں بھی معیوب چیز اوربدترین جرم ہے۔
بھکاری کے لئے وعید:
جو لوگ گداگری کو پیشے کے طور پر اپنائے ہوئے ہیں ان کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہونا چاہئے کہ سوال کرنے والے کے لئے شریعت میں سخت وعید آئی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے والا بروز قیامت ایسی حالت میں آئے گا کہ اس کے چہرے پر گوشت کا ٹکڑا نہ ہوگا،یعنی نہایت بے آبرو ہوکر۔ (صحیح مسلم کتاب الزکوٰۃ، باب کرالمسالۃ للناس، الحدیث ۱۰۴۰ صفحہ ۱۸ ) بیہقی نے عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص لوگوں سے سوال کرے حالانکہ نہ اسے فاقہ پہنچا ،نہ اتنے بال بچے ہیں جن کی طاقت نہیں رکھتا تو قیامت کے دن اس طرح آئے گا کہ اس کے منھ پر گوشت نہ ہوگا(یعنی نہایت بے آبرو ہوکر) ۔اور حضور ﷺ نے فرمایا: جس پر نہ فاقہ گزرا اور نہ اتنے بال بچے ہیں جن کی طاقت نہیں اور سوال کا دروازہ کھولے اللہ تعالیٰ اس پر فاقہ کا دروازہ کھول دے گا، ایسی جگہ سے جو اس کے دل میں بھی نہیں۔ (سنن ابو داؤد، کتاب الزکوٰۃ باب ماتجوز فیہ المالۃ ، الحدیث ۱۶۹۳، جلد ۲صفحہ ۱۶۸،بہار شریعت جلد ۵،صفحہ ۹۴۱)
عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جسے فاقہ پہنچا اور اس نے اللہ تعالیٰ سے عرض کی تو اللہ تعالیٰ اسے بے نیاز کردے گاخواہ جلد موت دے دے یا جلد مالدار کردے۔ اور طبرانی کی روایت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا: جو بھوکا یا محتاج ہوا اور اس نے آدمیوں سے چھپایا اور اللہ کے حضور عرض کی تو اللہ تعالیٰ پر حق ہے کہ ایک سال کی روزی اس پر کشادہ فرمائے(المعجم الصغیر،طبرانی ، الحدیث۲۱۳ جلدایک، صفحہ ۱۳۱)َ 
ٓٓاسلام میں بھیک مانگنا گھناؤنا فعل اور اس کی مذمت:
حضور نبی کریم ﷺ کے زمانے تین چار سو ایسے مہاجر صحابہ کرام تھے جن کے پاس نہ مال تھا نہ اہل اور نہ سر چھپانے کے لئے جھونپڑا۔ وہ بارگاہِ رسالت میں حاضر رہتے اور جس کام کے لئے حکم ملتا اس کی تعمیل کرتے۔ جب کہیں سرایابھیجنے کی ضرورت ہوتی یہ بے تامّل حاضر ہوتے اور جب فارغ ہوتے تو قرآن کریم یاد کرتے اور حدیث پاک کو حفظ کرتے۔ ان کی رہائش کے لئے حضور ﷺ نے مسجد ہی میں ایک جھونپڑا بنوا دیا تھا۔ فقر و تنگدستی کے باوجود عزت نفس اور خود داری کا یہ عالم تھا کہ کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلاتے ۔جیسی بھی گزرتی خاموشی اور صبرسے گزاردیتے ۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے سور ہ بقرہ،آیت نمبر۲۷۳ کے ذریعہ مسلمانوں کی توجہ ان کی طرف مبذول کرائی ۔ یادرہے یہ حکم ان ہی کے لئے مخصوص نہیں۔ اب بھی جو حضرات اس طرح کے دینی خدمت میں مشغول رہتے ہیں اور کسب معاش کے لئے وقت نہیں نکال سکتے ان کے متعلق یہی حکم ہے ۔ ایسے لوگوں کو تلاش کریں جو سوال نہیں کرتے اور صبر سے گزارتے ہیں۔ ان کی تعریف قرآن مجید میں کی گئی اور ان ہی کو دینے کا حکم ہوا ہے۔ قرآن و حدیث میں بھیک مانگنے کی سخت مذمت آئی ہے اور صبر و شکر سے رہنے ، سوال نہیں کرنے والوں کی فضیلت بھی آئی ہے۔ (تفسیر ضیاء القرآن جلد اول، صفحہ ۱۹۳،۱۹۴)
پیشہ ور بھکاریوں کو دینا درست نہیں:
جس طرح ہٹے کٹے اور جعلی فقیر و مسکین کا بھیک مانگنا درست نہیں اسی طرح ان پیشہ ور بھکاریوں کو بھیک دینا بھی درست نہیں۔ بھیک مانگنا انتہائی گھٹیا حرکت ہے اور ان لوگوں کے لئے بالکل ہی ڈوب مرنے کا مقام ہے جو اچھے خاصے صحت مند ہونے کے باوجود بھیک مانگتے ہیں۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتاہے کہ اگر ان بھکاریوں کو بھیک دینا جائز نہیں تو پھر واقعی حاجت مندکی پہچان کیسے ہوگی؟ اس کا جواب یہ ہے کہ سب سے زیادہ حقدار اپنے قریبی لوگ ہیں۔ ان میں رشتہ دار، دوست احباب اور وہ لوگ ہیں جن کو آپ جانتے ہیں کہ یہ لوگ واقعی ضرورت مند ہیں۔ اس کے بعد تمام لوگوں کے چاہئے کہ اپنے اپنے علاقے اور محلہ میں تلاش کریں کہ کون ایسے شریف لوگ ہیں جو کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے ہیں اور سوال نہیں کرتے ، شرماتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو ڈھونڈ کر ان کو ان کا حق دیا جائے۔ اس طرح مستحق افراد کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی ضرورت کو پورا کرنے کرنے کے لئے کوئی ایسی راہ نہ تلاش کریں جو صحیح نہ ہو۔ آپ نے مکمل احتیاط کے ساتھ کسی کو حقدار سمجھ کر دے دیا تو یہ آپ کے دل کا معاملہ ہے ۔ جیسی نیت ویسی برکت۔اگرآپ نے بلا سوچے سمجھے اور بغیر تحقیق کے بھکاریوں کوکچھ دیا تو آپ ملک میں ان لوگوں کے اضافے کا سبب بنیں گے جو یقیناًقوم کے لئے ملک کے لئے نقصان کا باعث ہیں جبکہ عالمی سطح پر بی بی سی رپورٹر فہیم اخترکی’’ لندن کی ڈائری‘‘ جو بڑے بڑے اخباروں میں شائع ہوتی ہے ، کے مطابق انگلینڈ ، امریکہ، یورپ کے کئی ملکوں اور مسلم ممالک کویت، بحرین، عمان اور سعودی عربیہ میں بھیک مانگنا قانوناً جرم ہے ۔ تمام اہلِ دانش و انجمنوں ا ور اداروں کے ذمہ دار وں اور علمائے کرام کی توجہ ادھر ضرور ہونی چاہئے اور ہر شخص اپنی ذمہ داری نبھائے جو اس کا اخلاقی و دینی فریضہ ہے۔ اللہ ہم سب کو اس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا