English   /   Kannada   /   Nawayathi

اقسام القرآن ،قرآن کا اعجاز بیان

share with us

یہ قسمیں فصاحت وبلاغت کا شاہکار ہونے کے ساتھ خدائی صنفِ ادب ہونے کی بھی بین دلیل ہیں ، قرآن کی قسموں میں ادب کے مختلف معیار ، موضوعات کی وسعت اور معانی کی ندرت تلاش کرنا چنداں مشکل نہیں، یہاں ایک مثال پیش ہے ، قرآن کہتا ہے۔
قل بلیٰ وربی لتاتینکم عالم الغیب (سورہ سبا ۳)
منکرین قیامت جس غرور کے ساتھ قیامت کا انکار کرتے ہیں کہ وہ ہرگز نہیں آئے گی، اسی طنطقہ کے ساتھ پیغمبر ﷺ کی زبان سے بقید قسم جواب دلوایا گیا کہ ان کو سنا دو ہاں میرے رب کی قسم! وہ تم پر ضرور آکے رہے گی، یہاں رب کی قسم کھانا قرآن کی غیر معمولی فصاحت کا ثبوت ہے، یعنی میرے رب کی قسم جو تمام غیب سے واقف ہے، جس سے آسمانوں اور زمین میں، ذرہ کے برابر بھی کوئی چیز مخفی نہیں بلکہ ہر چیز ایک واضح رجسٹر میں درج ہے، اس آیت میں علمِ الٰہی کی وسعت کا بیان بھی نہایت بامعنی انداز سے منکرین کی تہدید کے مقصد سے کیا گیا ہے کہ وہ چوکنے ہوجائیں۔ اس ڈھٹائی سے جو وہ قیامت کے انکا رمیں کررہے ہیں۔اور یاد رکھیں وہ نہ صرف آئے گی بلکہ ہر ایک کو قول وعمل کا، خواہ وہ چھوٹا ہو یا بڑا، حساب بھی دینا ہے، ساتھ ہی اس میں ایک مغالطہ کا ازالہ بھی ہے، وہ یہ کہ منکرین کے نزدیک قیامت کے نہ آنے کی ایک بڑی وجہ یہ تھی کہ وہ سمجھتے تھے اتنی وسیع دنیا کے ایک ایک شخص کے ہر ایک قول وفعل کا علم کیسے ہوسکتا ہے کہ وہ سب کا حساب کرنے بیٹھے گا۔‘‘ (تدبر قرآن ۶/۲۹۲)
یہی مضمون قرآن مجید میں مختلف ادبی پیرایوں کے ساتھ اعراف ۱۸۷، طٰہٰ ۱۵، لقمان ۳۴، احزاب ۶۳، ملک ۲۵ تا ۲۶ اور نازعات ۴۲ تا ۴۴ میں بھی بیان ہوا ہے لیکن سورہ سبا کی مذکورہ آیت ایک انفرادی شان کی مالک ہے جس کو اہل نظر سمجھ سکتے ہیں۔
قسم میں قول کی پختگی اور تاکید کی جو ضرورت پیش آتی ہے اس کی اعلیٰ مثال قرآن حکیم کی قسمیں ہیں، مثال کے طور پر سورۃ الطارق کی آیت ۱۱ تا ۱۴ ملاحظہ ہو والسماء ذات الرجع ، والارض ذات الصدع، انہ لقول فصل، وماھو بالھزل یعنی اور قسم ہے آسمان پرنگار اور زمین پر شگاف کی کہ یہ دوٹوک بات ہے اور ہنسی مذاق نہیں ہے۔
قرآنی قسموں کی دوسری خصوصیت ان کا طرز اظہار یعنی انشاء ہے جس کی تردید نہیں کی جاسکتی کیونکہ اکثر جگہ وہ خبر کی صورت میں سامنے آتی ہیں۔ لہذا نفسِ قسم کا انکار کرنا آسان نہیں ہوتا جیسا کہ والقرآن المجید، والیوم الموعود، فالمقسمٰت امرا، فاالفارقات فرقا، والصافات صفا ، ان جملوں کی اگر تشریح کی جائے تو ہر جملہ خبر کی شکل میں ڈھل جائے گا جیسا کہ مولانا فراہیؒ نے تحریر کیا ہے:
’’والصافات صفا کا مطلب ہوگا ملائکہ غلاموں کی طرح صف بستہ ہیں، فالمقسمٰت امرا اور فالفارقات فرقا کا مطلب ہوگا کہ ہوائیں خدا کے حکم سے فرق وامتیاز کرتی ہیں۔ والقرآن المجید کا مطلب ہوگا کہ یہ قرآن برتر کلام ہے، والیوم الموعود کا مطلب ہوگا کہ ان کے محاسبے کے لئے ایک روز مقرر ہے، پس یہ گویا خبریں ہیں جو صافات اور فارقات وغیرہ کے اندر چھپادی گئی ہیں اور نیز چونکہ قسم کا اسلوب ہے اس لئے ان اشیاء کا شہادت اور دلیل ہونا مزید برآں ہے اور اس پہلو سے گویا اس میں دوہری خبریں چھپی ہوئی ہیں۔
یہاں یہ نکتہ بھی قابل لحاظ ہے کہ جہاں کہیں یہ اندیشہ ہوتا ہے کہ مخاطب ہوشیار ہوکر انکار کا ترکش سنبھالے گا وہاں یا تو خطاب کا رخ آنحضرت ﷺ کی طرف پھیر دیا جاتا ہے، مثلاً یٰسن والقرآن الحکیم، انک لمن المرسلین (یٰسن ۱۔۲) (قرآن حکیم کی قسم تم خدا کے فرستادوں میں سے ہو) یا جواب قسم کو، جس کا جملہ خبریہ کی شکل میں ہونا ناگزیر ہے، حذف کردیا جاتا ہے اور صرف قسم بہ پراکتفا کرکے اس کے بعد کوئی ایسی بات لائی جاتی ہے جو محذوف پر دلیل ہو، تاکہ مخاطب کو اتنی فرصت ہی نہ ملے کہ وہ انشاء کو خبر کی صورت میں ڈھال کر اس کے تردید وانکار کے لئے آمادہ ہو۔ اس وقت وہ قسم کے بعد کی بات سننے کے لئے کان لگاتا ہے تاکہ اس کی تردید کرسکے لیکن دفعتاً اس کے سامنے ایک ایسی بات آجاتی ہے جس کا مقصود اس استدلال کو قوت پہونچانا ہوتا ہے جو سابق کلام میں پیش نظر تھا، مثلاً:
ص، والقرآن ذی الذکر بل الذین کفروا فی عزۃ وشقاق (ص ۱۔۲) (پرنصیحت قرآن کی قسم، بلکہ کافر گھمنڈ اور عناد میں مبتلاء ہیں) اس آیت میں جملہ انشائیہ پر اکتفا کیا، جملہ خبر یہ نہیں لائے۔ قسم کے ساتھ جو صفت مذکور تھی گویا وہی خبر کی قائم مقام ہوگئی یعنی پوری بات یوں ہوئی کہ قرآن مجید شاہد ہے کہ وہ ان کے لئے یاد دہانی اور نصیحت ہے۔‘‘ اس کے بعد ان کے بعض ایسے خصائل کا ذکر کیا گیا جس سے ان کو انکار نہیں تھا بلکہ ان پر فخر کرتے تھے اور واضح کردیا کہ ان کا یہ اعراض محض حمیت جاہلیت اور عناد کا نتیجہ ہے۔
اسی سے مشابہ سورۂ ق کی قسم ہے ۔ ق والقرآن المجید، بل عجبوا ان جاء ھم منذر منھم فقال الکافرون ھذا شئی عجیب (۱۔۲) (قرآن بزرگ کی قسم، بلکہ ان کو تعجب ہے کہ ان کے پاس انہی میں سے ایک ہوشیار کرنے والا آیا۔ پس کافروں نے کہا یہ تو ایک عجیب چیز ہے) یعنی قرآن مجید شاہد ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نہایت کھلے لفظوں میں بعث کی خبر دینے والا ہے لیکن وہ صرف اس وجہ سے اس کے منکر ہیں کہ ان کی نظر میں یہ بات عجیب ہے کہ اس کی خبر دینے والا انہیں کے اندر کا ایک آدمی ہے۔
ہاں اگر قسم ایسی ہے کہ مخاطب کو اس سے انکار نہیں ہے تو ایسے مواقع پر جواب قسم کو حذف نہیں کیا گیا ہے، مثلاً : حم والکتاب المبین، انا جعلنٰہ قرآناً عربیا لعلکم تعقلون (الزخرف۱۔۳) (شاہد ہے واضح کتاب، بلاشبہ ہم نے بنایا اس کو عربی قرآن تاکہ تم لوگ سمجھو) اس میں قسم کے ساتھ واضح اور کھلی ہوئی ہونے کا ذکر کیاگیا ہے، اور جواب میں اس کے قرآنِ عربی ہونے کا ذکر ہے اور یہ دونوں باتیں ایسی ہیں جن سے کسی کو انکار نہیں تھا۔ پھر لطف یہ ہے کہ یہاں قرآن مجید کے منزل من اللہ ہونے کو علاحدہ دعوے کی شکل میں نہیں پیش کیاگیا ۔ کیونکہ یہ بات خود کلام کے اندر مضمر ہے جبکہ اس نے کلام کو اپنی طرف منسوب فرمایا، اس کا فائدہ یہ ہے کہ انکار کی طرف مخاطب کو توجہ نہیں ہوسکتی۔
’’اس اسلوب کی تیسری خوبی استدلال کے لئے اس کی موزونیت ہے۔ اس اسلوب میں اختصار ہوتا ہے اور جب الفاظ کم ہوں تو مفہوم تمام حجابات سے مجرد ہوکر سہولت سے سامنے آجاتا ہے اور اس سے مضمون کی تاثیر اور زور میں اضافہ ہوجاتا ہے ‘‘ (اقسام القرآن‘‘ ۱۰۲) قرآن کے ادبی مرتبہ کی جستہ جستہ کچھ اور مثالیں پیش ہیں۔
نکتم شہادۃ اللہ (سورہ المائدہ ۱۰۶)
یعنی جس بات کے بیان کرنے پر ہم اللہ کی طرف سے مامور ہیں، عظمت الٰہی کے استحضار اور خشیتِ شہادت کو شہادت اللہ سے تعبیر کرکے اس کی کتنی اہمیت بڑھا دی گئی۔
لعمرک (سورہ الحجرات ۷۲)
’’عمر اور عمر عربی میں ہم معنی ہیں لیکن قسم کھانے کے موقعہ پر عمر ہی آتا ہے، یہاں ۔ل قسم کا ہے عربی اسلوب بلاغت میں قسم ایک ادبی صنعت وفنکاری ہے اور بہترین ادیب وشاعر اس سے حسبِ موقع آزادی سے کام لیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ قرآن مجید کی قسمیں مذاقِ عرب پرگراں نہیں گزریں اور جو اہل زبان مخالفت میں غرق اور اعتراض ونکتہ چینی کے لئے تلے ہوئے بیٹھے تھے ان میں سے کسی نے یہ نہ پوچھا کہ خدا کے کلا م میں یہ مخلوقات کی قسمیں کیسی؟ اور قسموں کے فلسفے یا ان کی توجہاتِ عقلی پر توجہ صرف عجمی اور ہندی اہل علم نے شروع کی۔
تاللہ (سورہ النحل ۵۶)
’’موقع تحدید پر صیغہ ایک طرف تو غائب سے مخاطب ہوا اور دوسری طرف متکلم سے، غائب کا ہوگیا ’تاللہ‘ زورِ تاکید کے موقعہ پر قسم کا لانا عربی اسلوب بیان کی ایک صنعت ہے ’تاللہ‘ حرف قسم کا ’ت‘ کے ساتھ لانا لفظ اللہ ہی کے ساتھ مخصوص ہے لتسئلن یہاں باز پرس سے مواخذہ حشر مراد ہے۔
سورۃ الزخرف، سورۃ ق اور سورۃ طور وغیرہ میں ’و‘ کا استعمال قسم کے مفہوم میں ہوا ہے اور قسم عربی میں شہادت کے لئے آتی ہے جیساکہ ذیل کی عبادت سے ظاہر ہوتا ہے:
’’مطلب یہ ہے کہ یہ پرحکمت قرآن جو تم لوگوں کو سنا رہے ہو خود اس بات کی شہادت کیلئے کافی ہے کہ تم رسو ل کے زمرے سے تعلق رکھنے والے ہو، رسول کے سوا کوئی دوسرا اس طرح حکیمانہ اور معجزانہ کلام پیش کرنے پر قادر نہیں ہے، اس سے معلوم ہوا کہ قرآن کے اعجاز میں اصل دخل اس کی حکمت اور اس کے فلسفے کو ہے ، اس کی زبان کی بلاغت وجزالت مزید براں ہے۔
والکتاب المبین(سورۃ الزخرف ۲)
قرآن بالکل ایک واضح کتاب بلحاظ اپنے پیش کئے ہوئے مہمات عقائد کے اور بلحاظ اپنے احکام اساسی واولیٰ کے بھی ’و‘ کوکلام عرب میں تاکید اور زور کلام کے موقع پر قسم میں لانے کا دستور عام ہے اور استشہاد کا پہلو جو قسم میں ہوتا ہے وہ اس خاص موقع پر عیاں اور ظاہر ہے یعنی قرآن پر غور کرنے سے خود اس کے مضامین کا اعجاز ظاہر ہورہا ہے، یہ عربی اسلوب بیان کی فصاحت ہے کہ جب عرب ادیب، خطیب اورشاعر کو اپنی شجاعت ودلیری کا اظہار مقصود ہوتا تو بجائے اس کے کہ اردو محاورہ کے مطابق یہ کہے کہ میرے کارناموں پر میری تلوار گواہ ہے وہ یہ کہے گا کہ مجھے تلوار کی قسم۔
قرآن کی قسم کھاکر اس کی صفت مبین بیان کر نا حقیقت میں یہ کہنا ہے کہ قرآن حکیم اپنے ہر دعوے پر خود حجت ہے اور کسی خارجی دلیل کا محتاج نہیں ہے جو لوگ اس کی تکذیب کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں وہ حقیقت میں آفتاب پر خاک ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، ایک مختصر سی آیت میں معنی کا یہ سمندر قرآن کی فصاحت وبلاغت کا خود گواہ ہے۔
والقرآن المجید (سورہ ق آیت ۲) عربی اسلوب بیان میں قسم کا مفہوم تاکید کا ہوتا ہے اور جواب قسم یعنی قسم کے بعد کا مضمون اکثر بغیر کسی تصریح کے محض سیاق وسباق سے سمجھ لیا جاتا ہے قسموں کی بحث کا تعلق تمام تر اسلوب بیان اوربلاغت سے ہے یہاں قرآن مجید کی قسم کا مفہوم صرف اس قدر ہے کہ یہ کتاب اپنے مضامین کی بے نظیر بلندی اور معنویت کے لحاظ سے اپنی صداقت اور آپ ﷺ کی رسالت پرخود گواہ ہے ، المجید ’’یعنی بزرگی اور شرف والا قرآن، آج دنیا کی کون سی کتاب اپنی معنویت اور بلندی کے لحاظ سے اس کے ہمسر کی ہے۔ کس صحیفہ مذہب کو اس کی جامعیت وہمہ گیری کے مقابلہ میں لایا جاسکتا ہے ۔
والطور (سورہ طور آیت ایک) یعنی پہاڑ گواہ ہیں کہ جو آج اپنی جگہ پر اتنے مضبوط ومستحکم نظر آرہے ہیں، لغت میں طور کا مفہوم عام پہاڑ ہے یعنی مطلق پہاڑ یہی سیاق سے زیادہ مناسب ہے۔ والطور سے لیکر والبحر تک واؤ پانچ بارآیا ہے ان میں سے واؤ اول قسم کا ہے اور باقی واؤ عطف کے ہیں اور یہ قرآنی انشاء کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔
والضحیٰ والیل اذا سجیٰ (سورۃ الضحٰی آیت ۱۔۲)
دیکھئے ماہر نقاش کے برش آفتاب کی روشنی اور رات کی تاریکی کی کس مہارت کے ساتھ بیک وقت منظر کشی کردی ہے اس ملی جلی فضا کا صحیح ادراک ایک مصور کی آنکھ سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ 
والعصر(سورۃ العصر :۱)
محض وقت کا مفہوم ادا کرنے کے لئے عربی زبان میں زمان، دہر وغیرہ اور لفظ بھی تھے لیکن گزرتے ہوئے زمانہ کی طرف خاص اشارہ کرنے والا یہی لفظ عصر ہے۔ یعنی قسم زمانہ کی جس میں انسان کی عمر بھی داخل ہے اسے تحصیل علم وکمالات کے لئے ایک متاع گراں مایہ یہ سمجھنا چاہئے۔ اگر یہ غفلت وبھول میں گزر گئی تو اس سے بڑھ کر انسان کا کوئی دوسرا نقصان نہیں ہوسکتا۔
قرآن حکیم کی جن سورتوں کے شروع میں قسمیں آئی ہیں ان کی بھی ادبی اہمیت ہے، بلکہ یہ کہا جائے تو صحیح ہوگا کہ ان قسموں نے مذکورہ سورتوں کے حسن اور بیان کی ندرت میں اضافہ کرکے ان کو ایک عنوان جمال بخش دیا ہے۔ جیسا کہ ’’اقسام القرآن‘‘ کی وضاحت سے اندازہ ہوتا ہے۔
سورتوں کے اوائل میں یہ قسمیں اس طرح چمکتی ہیں جس طرح انگشتری میں نگینہ، بعض جگہ سورتوں کے بیچ میں بھی قسمیں آئی ہیں لیکن کم، مگر جہاں کہیں آئی ہیں ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے مطلع قصیدے کے بیچ میں آگیا ہو۔ قسم کا مقصود زیبائش کلام یقیناًنہیں ہے لیکن جب یہ آغاز کلام کے لئے موزوں سمجھی گئی تو اس کے لئے وہ تمام لوازم تصویر اختیار کرلئے گئے جو اگر دیباچہ کے مضمون میں مصور ہوسکیں تو دلوں کو مبہوت اور نگاہوں کو خیرہ کردیں۔
آخر میں صرف یہ عرض کرنا ہے کہ قسم کے لئے ’و‘ کا استعمال ہو یا ’ل‘ کا یا لفظ قسم کا بظاہر اس کا یہ اندازہ نہایت سادہ ہے لیکن کائنات کی حقیقت کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے، معمولی سا نظر آنے والا یہ جملہ عقل انسانی کو ہلاکر رکھ دینے والے اسلو ب کا مالک ہے۔ ایک ایسا اسلوب جس نے بڑے بڑے علوم کے دروازے کھول دیئے ہیں اور کلام کے ایسے اچھوتے نمونے چھوڑے ہیں کہ صدیوں سے لوگ اس پر سردھن رہے ہیں لیکن نئے نئے معنی کی تلاش کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
قرآن حکیم میں مذکورہ قسموں کا ایک پہلو اور قابل غور ہے جس کی طرف علامہ سیوی نے توجہ مبذول کرائی ہے وہ فرماتے ہیں :
قرآن کی ساری قسمیں جو اللہ تعالیٰ نے کھائی ہیں وہ چیزوں یعنی مخلوقات کی عظمت کے لئے نہیں بلکہ وہ اس لئے ہیں کہ ان کی گہرائی، خوبی اور کیفیت سے انسان متعارف ہو، ان کو سمجھے اور یہ حقیقت اس کے پیش نظر رہے کہ ان کو بنانے والے (مالک حقیقی) کی ذات کتنی عظیم ہوگی۔ (علامہ السیوطی ’’الاتفاق فی العلو م القرآن‘‘۲/۱۴۱)
بہر حال قرآن مجید خداوند عالم کی ایک ایسی کتاب ہے جس کی وسعت کا احاطہ کرنا اور اس کے انداز بیان کی گہرائی تک پہونچنا انسان کے بس کی بات نہیں، صرف قرآن کی قسموں کے ادبی اعجاز یا اس کے اسلوب بیان پر روشنی ڈالی جائے تو اس کے لئے صفحات کے صفحات درکار ہوں گے اور گفتگو پھر بھی ناتمام رہے گی کیونکہ جس ندرت ادا، حسن تعبیر اور زور بیان کا نام ادب ہے وہ قرآن اور اس کی قسموں میں رچا بسا ہوا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا