English   /   Kannada   /   Nawayathi

ٹرمپ نے امریکی وزیر خارجہ کو کوریا دورے سے روک دیا

share with us

جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے ہدف کی جانب ناکافی پیش رفت کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے،امریکی صدر کا ٹویٹ 

واشنگٹن:25؍اگست2018(فکروخبر/ذرائع) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کا شمالی کوریا کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا ہے۔امریکی صدر نے کہا ہے کہ یہ دورہ جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے ہدف کی جانب ناکافی پیش رفت کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے۔امریکی وزیرِ خارجہ کو آئندہ ہفتے پیانگ یانگ کا دورہ کرنا تھا جس کی منسوخی کا اعلان صدر ٹرمپ نے جمعے کی شب اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا۔اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو سے کہا ہے کہ وہ فی الحال شمالی کوریا نہ جائیں کیوں کہ، صدر کے بقول، ان کا احساس ہے کہ "ہم جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی جانب اطمینان بخش پیش رفت نہیں کر رہے۔صدر ٹرمپ کا یہ بیان شمالی کوریا سے متعلق ان کے ماضی کے اس موقف کے برعکس ہے کہ امریکہ کو شمالی کوریا سے لاحق جوہری حملے کا خطرہ ختم ہوچکا ہے۔صدر ٹرمپ نے یہ بیان رواں سال جون میں سنگاپور میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقات کے بعد دیا تھا۔صدر نے کم جونگ ان کے ساتھ اپنی اس ملاقات کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ اپنے ملک کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر راضی ہوگئے ہیں۔لیکن سنگاپور میں ہونے والی سربراہی ملاقات کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر بات چیت میں کچھ زیادہ پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔صدر ٹرمپ نے امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کو شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کی نگرانی سونپی ہے جو پیانگ یانگ سے جوہری ہتھیاروں کی تلفی کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اس کے برعکس شمالی کوریا کی حکومت چاہتی ہے کہ پہلے امریکہ اس پر عائد پابندیوں میں نرمی کرے۔صدر ٹرمپ کی جانب سے دورے کی منسوخی کا بیان سیکریٹری پومپیو کے اس اعلان کے محض ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ مذاکرات میں جاری ڈیڈلاک کے خاتمے کے لیے جلد شمالی کوریا کا دورہ کریں گے۔امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ پیانگ یانگ کے دورے میں ان کے ہمراہ امریکہ کینئے ایلچی برائے شمالی کوریا اسٹیفن بائی گن بھی ہوں گے۔وائٹ ہاوس کے ایک اعلی اہلکار نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے جمعے کو وائٹ ہاوس میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران سیکریٹری پومپیو کو شمالی کوریا کا دورہ منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔جمعے کو اپنے ایک اور ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ چین کی حکومت بھی شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے امریکہ کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی جس کی وجہ ان کے بقول چین کے ساتھ تجارتی تنازعات پر امریکہ کا سخت موقف ہے۔اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ مائیک پومپیو مستقبل میں شمالی کوریا کا دورہ کرسکتے ہیں لیکن قوی امکان ہے کہ یہ دورہ چین کے ساتھ امریکہ کے تجارتی تعلقات پر جاری تنازع کے حل کے بعد ہی ہوگا۔لیکن ساتھ ہی اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں رہنماوں کی جلد ملاقات ہوگی۔
 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا