English   /   Kannada   /   Nawayathi

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو قتل کی دھمکی دینے والا پجاری گرفتار

share with us

نئی دہلی :06؍اگست2018(فکروخبر/ذرائع)پولس ڈپارٹمنٹ کو صدر جمہوریۂ ہند رام ناتھ کووند پر قاتلانہ حملے کی خبر دینے والا پجاری جے رمن گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اتوار کو پجاری نے رام ناتھ کووند کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ فون آنے کے بعد پولس محکمہ میں افرا تفری پھیل گئی اور فوراً انٹیلی جنس افسران بھی حرکت میں آ گئے۔ سب سے پہلے آنے والے فون کال کو ٹریس کیا گیا جس سے پتہ چلا کہ فون کرنے والا شخص ایک مندر کا پجاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق پولس نے جب جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے کے بارے میں تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ یہ چراکّل مندر کا پجاری جے رمن ہے۔ اس سلسلے میں تصدیق کے بعد پولس نے پجاری کو گرفتار کر لیا ہے۔ پوچھ تاچھ کے دوران پجاری نے بتایا کہ اتوار کی شام وہ نشے میں تھا اور ایسی حرکت ہو گئی۔ پولس کے مطابق نشے کی حالت میں جے رمن نے پولس کنٹرول روم کو فون کر کےصدر جمہوریہ کے قتل کی دھمکی دی اور پھر نشے کی حالت میں ہی سو گیا۔ جے رمن کا کہنا ہے کہ جب وہ صبح نیند سے بیدار ہوا تو سب کچھ بھول چکا تھا۔

واضح رہے کہ رام ناتھ کووند دلت طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور کئی بار اس طرح کی خبریں آئی ہیں کہ ان کے ساتھ اعلیٰ ذات کے لوگوں، خصوصاً مندر کے پجاریوں نے اچھا سلوک نہیں کیا۔ پشکر میں برہما مندر کے پجاری کے ذریعہ رام ناتھ کووند کی فیملی کو مندر کے اندر نہ گھسنے دینے کی خبریں بھی آئی تھیں جس کو کئی ذرائع نے غلط بھی قرار دیا تھا لیکن اس خبر کا اثر یہ ہوا کہ برہمانند کے پجاری کی ایک شخص نے زبردست پٹائی کر دی تھی۔ حملہ کرنے والے نوجوان سے متعلق بتایا گیا کہ وہ ذہنی طور پر ٹھیک نہیں ہے۔ اس طرح کے واقعات کو دیکھتے ہوئے رام ناتھ کووند کے قتل کی دھمکی کو پولس اور انٹیلی جنس محکمہ نے سنجیدگی سے لیا اور فوری طور پر فون کر کے دھمکی دینے والے پجاری کو گرفتار کر لیا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا