English   /   Kannada   /   Nawayathi

سماجی ویب سائٹس انمول نعمت ہیں، وقت کے ضیاع پر احتساب ہوگا، امام حرم

share with us

 مکہ مکرمہ:07؍جولائی2018(فکروخبر/ذرائع)مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید نے جمعہ کا خطبہ ”تعطیلات ، وقت اور اسے منظم کرنے کی اہمیت“ کے موضوع پر دیا۔ انہوں نے سماجی ویب سائٹس کے مثبت و منفی پہلوﺅں کو اجاگر کرکے دقیق ترین تجزیہ پیش کیا۔ امام حرم نے کہا کہ سماجی ویب سائٹس انمول نعمت ہیں۔ فوائد بے شمار ہیں۔ انکی بدولت دنیا بھر کے فاصلے سمٹ گئے ہیں تاہم وقت کا ضیاع بہت بڑا خسارہ ہے۔ جس پر ہر اس انسان کا احتساب ہوگا جس نے وقت کو غیر ضروری سرگرمیوں میں صرف کیا ہوگا۔ انہوں نے ایمان افروز ماحول میں خطبہ دیتے ہوئے کہاکہ وقت کو مفید ترین سرگرمیوں میں خرچ کرنا اسلامی اور انسانی ہر لحاظ سے مطلوب اور ضروری ہے۔ امام حرم نے توجہ دلائی کہ بنی نوع انساں نے سماجی ویب سائٹ تخلیق کرکے دنیا بھر کے لوگوں کو غیر معمولی فائدہ پہنچایا۔ فاصلے سمیٹ دیئے۔ رابطے مستحکم کردیئے۔ اوقات میں نظم و ضبط بحال کردیا۔ تمام اداروں اور انسانوں سے ملنے جلنے کا ماحول برپا کردیا۔ معلومات کے خزانے بہادیئے۔ یہ سب اسی صورت میں مفید اور کارگر ہوگا جب سماجی ویب سائٹ سے اچھے کاموں ، مفید طور طریقوں اور نفع بخش منصوبوں کی تکمیل کا کام لیا جائے۔ امام حرم نے کہا کہ سماجی ویب سائٹس عظیم نعمت ہیں۔ اللہ تعالی کی تابعداری اور اسکی مرضی کے کاموں میں انکا استعمال مطلوب بھی ہے اور یہی اس نعمت پر ر ب کا شکر بھی ہے۔ امام حرم نے توجہ دلائی کہ تمام مسلمانوں سے وقت کا حساب طلب کیا جائیگا۔ اس سے مہیا وسائل کے صحیح استعمال کی بابت پوچھا جائیگا۔ امام حرم نے کہا کہ تمام مسلمان اپنا احتساب خود کریں۔ ایک ویب سائٹ سے دوسری ویب سائٹ اور ایک اکاﺅنٹ سے دوسرے اکاﺅنٹ، ایک گروپ سے دوسرے گروپ میں منتقل ہوتے رہنے سے وقت ضائع ہوتا ہے۔ اس سے پرہیز کیا جائے۔ امام حرم نے کہا کہ سماجی ویب سائٹس نے افراد اور خاندانوںکی زندگی کی دقیق ترین تفصیلات دنیا بھر کے سامنے رکھ دی ہے۔ لوگوں کی خوشی، غمی ، سفر حضر ، غوروفکر، کھانا پینا، اٹھنا بیٹھنا، ملنا جلنا سب کچھ ویب سائٹ پر دیکھا جاسکتا ہے۔ سماجی ویب سائٹس سے حد درجہ مصروفیت نے سماجی تعلقات پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔ امام حرم نے کہاکہ اس کا منفی پہلو یہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے وابستگی نے وقت کی بربادی کے بھی ریکارڈ قائم کردیئے ہیں۔ بہت سارے لوگ اپنی ترجیحات اور زندگی کے اہم امور پس پشت ڈالے ہوئے ہیں۔ تمام لوگ سماجی ویب سائٹس ، حکمت، دانائی اور شعور و آگہی کے ساتھ استعمال کریں۔ امام حرم نے کہا کہ سب لوگ سماجی ویب سائٹ کے منفی اثرات سے خود کو بچائیں۔ دوسری جانب مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ صلاح البدیر نے جمعہ کا خطبہ اللہ کے نافرمانوں کی ہم نشینی اور بدعات و خرافات میں یقین رکھنے والے لوگوں کی مجلسوں میں بیٹھنے سے ممانعت کے موضوع پر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان اللہ کے نافرمانوں کی مجلسوں کا رخ نہ کرے۔ ان سے میل جول نہ رکھے۔ ان کی مجلسوں سے دور رہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ جو لوگ نافرمانوں کی ہم نشینی کے عادی بن جاتے ہیں وہ دل کے مریض ہوجاتے ہیں اوران کے ایمانی احساسات ماند پڑ جاتے ہیں۔ امام مسجد نبوی نے کہا کہ علوم و معارف سے بے بہرہ لوگوں کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے کے سلسلے میں بھی محتاط رہا جائے۔ امام البدیر نے توجہ دلائی کہ شیخ الاسلام ابن تیمہ رحمتہ اللہ علیہ کے معروف ملفوظات میں سے ہے کہ بلا ضرورت برائی کی مجلسوں میں شرکت کرنا جائز نہیں۔امام البدیر نے کہا کہ اگر ایسی تقریب میں کسی کو مدعو کیا جائے جہاں شراب وغیرہ جیسی برائیاں ہورہی ہوں وہاں جانا جائز نہیں۔ امام البدیر نے توجہ دلائی کہ مسلمانو ںکا برائیوں والی تقریبات میں شرکت کرنا یا بدعات و خرافات پھیلانے والوں کی مجلسوں میں جانا ایک طرح سے ان کے عمل پر پسندیدگی کے اظہار جیسا ہے اس سے بچا جائے۔ امام البدیر نے کہا کہ خود ساختہ مفتیوں کے فتوے کبھی قبول نہ کئے جائیں۔ یہ لوگ آسانی ، میانہ روی اور اعتدال پسندی کے نام پر مذہبی انحراف کے علمبردار بنے ہوئے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا