English   /   Kannada   /   Nawayathi

جامع مسجد سری نگر کے باہر سی آر پی ایف گاڑی سے کچلے جانے والے نوجوان کی موت، علاقہ میں کشیدگی

share with us

سری نگر :02؍جون2018(فکروخبر/ذرائع) سری نگر کی تاریخی و مرکزی جامع مسجد کے باہر جمعہ کو احتجاجی جھڑپوں کے دوران سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی جیپ سے کچلے جانے والے 2 میں سے ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی ہے۔ مہلوک نوجوان کی شناخت پائین شہر کے نمچہ بل فتح کدل کے رہنے والے 21 سالہ قیصر احمد بٹ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ قیصر یتیم تھا ۔ اس کے ماں باپ پہلے ہی انتقال کرچکے تھے۔ قیصر اور اس کی دو بہنیں ڈل گیٹ علاقہ میں اپنی چاچی کے ساتھ رہتے تھے۔ اس نے حال ہی میں کشمیر آرٹ بزنس شروع کیا تھا۔ جواں سال نوجوان قیصر کی ہلاکت سے ضلع سری نگر میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔انتظامیہ نے احتیاطی طور پر پائین شہر کے بیشتر علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کردی ہے جبکہ وسطی کشمیر کے تین اضلاع سری نگر، بڈگام اور گاندربل میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ قیصر احمد کو جمعہ کو سہ پہر کے وقت شدید زخمی حالت میں شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) لایا گیا، جہاں وہ قریب 7 گھنٹوں تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ بیٹھا۔سکمز میں قیصر کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے بتایا کہ اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہ مل سکی۔ اطلاعات کے مطابق پائین شہر کے نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کو ’نماز جمعہ‘ کے اجتماع کے بعد درجنوں نوجوان مسجد کے باب الداخلے کے نذدیک جمع ہوئے اور احتجاج کرنے لگے۔ اس دوران خانیار علاقہ سے آنے والی سی آر پی ایف کی کچھ گاڑیاں احتجاجی نوجوانوں کے نزدیک سے گذرنے لگیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا