English   /   Kannada   /   Nawayathi

انتخابی مہم کے دوران اشتعال انگیز بیانات پر روک لگائی جائے : الیکشن کمیشن

share with us

نئی دہلی:22؍مئی2018(فکروخبر/ذرائع)الیکشن کمیشن کے ذریعہ انتخابی نظام کو بہتر بنانے کے لیے پیر کے روز سابق چیف الیکشن کمیشنر کی صدارت والی میٹنگ میں انتخابی مہم میں اشتعال انگیز اور نفرت پر مبنی بیانات موضوع فکر تھا۔الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران منافرت اور اشتعال انگیز بیانات پر پابندی عائد کرنے، وی وی پیٹ کے ساتھ ای وی ایم کو ملک گیر سطح پر استعمال کرنے اور انتخابی پروگراموں کو مختصر بنانے سمیت دیگر اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں چیف الیکشن کمشنر او پی راوت، الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ اور اشوک لواسا کے علاوہ سابق چیف الیکشن کمشنر ایم ایس گل، جے ایم لنگ دوہ، ٹی ایس کرشن مورتی، بی بی ٹنڈن، ایس وائی قریشی، وی ایس سنپت، ایچ آر برہما، نسیم زیدی اور سابق الیکشن کمشنر جی وی جی کرشن مورتی نے شرکت کی تھی۔اس دوران تمام کمشنرز نے وی وی پیٹ سمیت ای وی ایم کے استعمال کو ایک مثبت پہل بتاتے ہوئے اس کے استعمال کو ہر انتخابات میں لازمی قرار دینے پر زور دیا، اس کے ساتھ ہی رائے دہندگان کو ای وی ایم سے روشناس کرانےکے لیے مہم چلانے کا بھی مشورہ دیا۔تمام کمشنرز نے انتخابی مہم کے دوران اشتعال انگیز بیانات سے سیاسی ماحول کو آلودہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مفاد عامہ کے تحت اس پر فوری پابندی عائد کرنے کے لیے یقینی راستہ نکالنے کو لازمی بتایا۔علاوہ ازیں انتخابی سرگرمیوں کو مختصر کرنے اور مختلف مراحل میں ہونے والے انتخابات کو کم مراحل میں مکمل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ساتھ ہی رائے دہندگان کی نامزدگی عمل کو آسان اور کم وقت میں مکمل ہونے والے عمل بنانے اور آن لائن رجسٹریشن  کو مزید فروغ دینے کو کہا گیا۔میٹنگ میں موجود نائب الیکشن کمیشن اومیش سنگھ نے رائے دہندگان کو روشناس کرانے کے لیے متداتا ساکشرتا کلب کی تشکیل، آن لائن رجسٹریشن کے لیے ای آر او نیٹ اور شکایت دور کرنے کی فہرست سمیت دیگر ترکیبیں بتائیں۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا