English   /   Kannada   /   Nawayathi

بنیادی دینی تعلیم نہ ہونے سے ہمارے نونہالان ارتداد کا شکار ہورہے ہیں : مولانا محمد الیاس ندوی 

share with us

 

مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی میں سالانہ جلسہ کے انعقاد پر مولانا کا پر اثر خطاب 


بھٹکل 10؍ مئی 2018(فکروخبرنیوز) مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی کے سالانہ اعلانِ نتائج کا جلسہ دوپہر ڈھائی بجے جامع مسجد تینگن گنڈی میں منعقد کیا گیا جس میں طلباء نے اپنا مختصر مگر جامع پروگرام پیش کیا۔ مہتمم مدرسہ مولانا محمد سعود ندوی نے سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں سال بھر کی کارکردگی حاضرین کے سامنے رکھی اور مدرسہ کا ہمہ جہتی تعاون کرنے والوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ مولانا نے ساتھ ہی ساتھ دینی تعلیم کی اہمیت اور اپنے نونہالوں کو مدرسہ میں داخل کرنے کی اپیل بھی کی ۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی جنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل حضرت مولانا محمد الیاس صاحب ندوی نے دینی تعلیم کی اہمیت اور موجودہ دور میں اس کی ضرورت پر جامع اور مؤثر خطاب فرمایا ، مولانا نے کہاکہ لوگ سمجھتے ہیں کہ مدارس میں تعلیم حاصل کرنے پر میرا بچہ کیا کھائے اور کیا پہنے گا بلکہ ان لوگوں کو اب یہ سوچنا چاہیے کہ کیا نہیں پہنے گا اور کیا نہیں کھائے گا۔ مولانا نے کئی ایک مثالوں سے اس بات پر زور دیامدرسہ کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے ، مدرسہ میں زیر تعلیم ایک طالب علم کا موازنہ ہم بہترین اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم سے اس وجہ سے نہیں کرسکتے کہ مدرسہ کا طالب علم دنیا اور آخرت میں مرتبہ کے اعتبار سے بہت بڑھا ہوا ہے۔ مولانا نے اپنی پورے خطاب میں کہا کہ آج بنیادی دینی تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے بچے مرتد ہورہے ہیں ، صرف مندر میں گھنٹی بجانا اوربتوں کے سامنے ماتھا ٹیکنے کا نام شرک نہیں ہے بلکہ پہلی صف میں کھڑے ہوکر نماز پڑھنے کے باوجود اسلام کے اگر کسی بھی حکم پر ذرا بھی شک ہوجائے تو یہ بھی ارتداد میں شامل ہوجائے گا۔ آج دینی تعلیم نہ ہونے سے اسلام کے خلاف جو آوازیں اٹھائیں جارہی ہیں وہ مسلمانوں ہی کی جانب سے اٹھائی جارہی ہیں لہذ ایمان کی بقا کے لیے اپنے بچوں کو مدرسہ میں داخل کرنا ہم سب کے لیے ضروری ہے جس سے ہماری نسل میں ایمان باقی رہے گا، اس لیے کہ مدارس کی بقا ایمان کے بقا کی ضامن ہیں۔ مولانا نے اپنی با ت جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دین پر قائم رکھنے کے لیے ایک بچہ کو ہم مدرسہ میں داخل کریں گے تو وہ خود بھی دین پر باقی رہے گا اور دوسروں کو بھی اس کی دعوت دے گا۔ مولانا نے مدارس کے تعاون پرحاضرین کو ابھارتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایک سو روپئے ایک لاکھ روپئے کی بیماری سے حفاظت کا کام کرسکتے ہیں۔ لہذا مدرسہ کے لیے حتی المقدور ہم امداد کریں ۔ اس موقع پر اسٹیج پر موجود دیگر مدرسہ کے ذمہ داروں نے بھی مفید باتیں پیش کیں۔ نتائج کا اعلان نائب مہتمم مدرسہ مولانا محمد اسحاق ڈانگی ندوی نے کیا ۔ شبینہ مکاتب کے نتائج کا اعلان مولانا محمد طلحہ علاؤ ندوی نے کیا جبکہ نظامت کے فرائض مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے۔ ممتاز طلباء وطالبات کے درمیان بہترین انعامات تقسیم کیے گئے۔ جلسہ کی صدارت صدر مدرسہ جناب خورشے محمد میراں صاحب نے کی ۔ اسٹیج پر ناظم مدرسہ محترم حافظ عبدالقادر صاحب ڈانگی ، نائب ناظم حافظ بشیر احمد بنگالی ، نائب صدر جناب جعفری بنگالی ، جناب اقبال بنگالی وغیرہ موجود تھے۔ دعائیہ کلمات پر یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا