English   /   Kannada   /   Nawayathi

شامی فوج کا غوطہ کے 70 فیصد علاقہ پر کنٹرول کا دعویٰ، ہزاروں افراد کی نقل مکانی

share with us

دمشق:17؍مارچ2018(فکروخبر/ذرائع)شورش زدہ شام میں بشار الاسد کی فوج اور ان کی حمایت میں روسی فوج کی بمباری سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وہاں جنگجوؤں کے مختلف دھڑے غوطہ پر کنٹرول کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں اور اسی درمیان یہاں پھنسے ہوئے لوگ اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر نکل رہے ہیں۔

 

اسی درمیان اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ حالیہ کچھ دنوں میں شام میں جنگ زدہ علاقے مشرقی غوطہ اور عفرین سے 60 ہزار افراد اپنی جان بچانے کے لیے نکلے ہیں۔مشرقی غوطہ میں حکومت افواج کی بمباری کی وجہ سے 16 ہزار افراد نکل چکے ہیں۔ اس علاقے میں حکومتی افواج باغیوں پر بمباری کر رہی ہیں۔شام کے شمالی قصبے عفرین سے بھاگنے والے 30,000 افراد میں سے 18 افراد ترکی کی جانب سے کی جانے والی شیلنگ کی زد میں آ کر مارے گئے۔ مشرقی غوطہ میں حکومتی افواج نے دوبارہ شدید بمباری شروع کی ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق حکومت نے 70 فیصد علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔غوطہ میں جمعہ کو روس کے فضائی حملوں میں اطلاعات کے مطابق 31 افراد ہلاک ہو گئے۔ برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سیرین آبزرویٹری نے جمعہ کو غوطہ کے مشرقی صوبے میں ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔ سیرین آبزرویٹری کے مطابق جمعرات کو بھی 20,000 شہری باغیوں کے زیر انتظام علاقوں سے بھاگنے پر مجبور ہوئے۔اطلاعات کے مطابق حکومتی فورسز نے تین ہفتوں کی شدید لڑائی کے بعد تقریباً 70 فیصد علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور اس دوران ہونے والی کارروائیوں میں 900 سے زیادہ شہری مارے جا چکے ہیں۔ غوطہ کا شمار ان چند علاقوں میں ہوتا ہے جہاں باغیوں کی اکثریت ہے اور اس علاقے کو 2013 سے شامی افواج نے محصور کیا ہوا ہے۔ فورسز نے گذشتہ ماہ مشرقی غوطہ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔اگرچہ یہ علاقہ باغی فورسز کے کنٹرول میں ہے تاہم وہاں سے عام شہریوں کے انخلا کے حوالے سے مذاکرات میں تھوڑی بہت کامیابی ہوئی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ بدھ کی صبح 25 ایسے خاندانوں کو کامیابی سے حکومتی چیک پوائنٹ کے راستے نکال لیا گیا ہے جنھیں طبی امداد کی ضرورت تھی۔ اس سے قبل منگل کو 31 خاندانوں کو وہاں سے نکالا گیا تھا۔شام میں جاری جنگ کے سات سال مکمل ہونے کے موقع پر پناہ گزینوں کے امور سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارہ نے گذشتہ روز اسے ایک انتہائی شدید انسانی المیے کے طور پر بیان کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ان سات سالوں میں تقریباً پانچ لاکھ شامی ہلاک ہو چکے ہیں اور تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ افراد اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف مارچ 2011 سے شروع ہونے والی بغاوت کے نتیجے میں اب تک چار لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا