English   /   Kannada   /   Nawayathi

محبوبہ مفتی کشمیر میں چینی مداخلت کے اپنے دعوے کی وضاحت کریں: عمر عبداللہ

share with us

انہوں نے کہا کہ انہیں صرف یہ خفیہ معلومات فراہم کی جاتی تھیں کہ چین کبھی کبھار خطہ لداخ میں دراندازی کرتا ہے۔ عمر عبداللہ نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا 'محبوبہ مفتی کو وضاحت کرنی چاہیے کہ جموں وکشمیر بالخصوص وادی میں بگڑتی ہوئی سیکورٹی صورتحال میں چین کے ملوث ہونے کی نوعیت کیا ہے'۔ انہوں نے کہا 'چھ برس تک بحیثیت وزیر اعلیٰ ریاست کی کمان سنبھالنے کے دوران مجھے کبھی بھی چین کے جموں وکشمیر میں ہاتھ ڈالنے کی خفیہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ ہاں چین کبھی کبھار خطہ لداخ میں دراندازی کا مرتکب ہوتا تھا'۔صحافی سوشانت سنگھ کے ٹویٹ کہ 'محبوبہ مفتی کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی چین کی مداخلت کا معاملہ اٹھایا' کے ردعمل میں عمر عبداللہ نے لکھا 'دو وزرائے اعلیٰ نے چینی مداخلت کا معاملہ اٹھایا ہے۔ پارلیمنٹ کو اس مداخلت پر بحث جبکہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ خدشات کا ازالہ کرے'۔ خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی نے 15 جولائی کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا ' ریاستی حکومت قانون و انتظام کی لڑائی نہیں لڑ رہی ہے۔ جو لڑائی ہورہی ہے ، اس میں باہر کی طاقتیں شامل ہیں اور اب تو چین نے بھی درمیان میں آکر ہاتھ ڈالنا شروع کردیا ہے'۔ بزرگ علیحدگی پسند رہنما اور حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے چین کے کشمیر میں ہاتھ ڈالنے کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدلتے عالمی منظر نامے میں کشمیر ایک فلش پوائنٹ بنتا جارہا ہے اور اس کے حدود واربعہ میں وسعت پیدا ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر تنازعے کے حل میں مزید تاخیر زیادہ اور خطرناک پیچیدگیوں کا باعث بن سکتا ہے اور اس مسئلے کی وجہ سے خطے کی صورتحال بڑی تیزی سے دھماکہ خیز رخ اختیار کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا