English   /   Kannada   /   Nawayathi

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی (مزید اہم ترین خبریں)

share with us


جی آر پی نے ٹرین سے نایاب نسل کے 16 قیمتی کچھوے برآمد کئے 

لکھنؤ۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع) اترپردیش کی گورنمنٹ ریل پولیس (جی آر پی) نے ہری دوار۔ ہاوڑہ کمبھ ایکسپریس سے نایاب نسل کے 16 کچھوؤں کو برآمد کیا۔ جی آر پی ہیڈکوارٹر سے آج یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق ہری دوار۔ ہاوڑہ کمبھ ایکسپریس میں کچھوا اسمگلر وں کے گروہ کے آنے کی اطلاع پر کل رات ٹرین کو کاشی اسٹیشن پر روکا گیا جبکہ مذکورہ ٹرین کا وہاں ٹھہراؤ نہیں ہے ۔ چیکنگ کے دوران ایک ٹوکری سے الگ الگ مقامات پر چھ لاوارث بیگ ملے ۔ ان بیگوں سے 16 کچھوے برامد کئے گئے ۔ ان کا وزن 15 کلو سے لے کر 25 کلو تک ہے ۔ محکمہ جنگلات کے حکام نے برآمد کچھوؤں کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریبا 40 لاکھ روپے سے زائد لگائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کچھوا اسمگلر چیکنگ کے وقت دھوکہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جی آر پی نے کئی بار ٹرینوں سے کچھوا اسمگلروں کو پکڑا ہے ۔ان کچھوؤں کو اسمگلر مغربی بنگال بھیجتے ہیں۔


پونچھ میں جنگجووں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک، تین دیگر زخمی

جموں۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں اتوار کو مشتبہ جنگجووں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ تین دیگر بشمول ایک پولیس سب انسپکٹر اور دو عام شہری زخمی ہوگئے ۔جنگجووں کی جانب سے یہ حملہ پونچھ میں فوجی علاقہ کے نزدیک واقع ایک عمارت پر کیا گیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے یہاں بتایا 'ضلع پونچھ کے اللہ پیر علاقہ میں مشتبہ جنگجووں اور فوجی و پولیس کے درمیان اتوار کو ہونے والی ایک جھڑپ میں اسپیشل برانچ کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا'۔ انہوں نے بتایا کہ فوج کی 93 بریگیڈکے ہیڈکوارٹر سے محض کچھ میٹر کی دوری پر مشتبہ جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔مذکورہ پولیس افسر نے بتایا کہ جنگجووں کا بنیادی ہدف فوجی ہیڈکوارٹر تھا۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا 'جنگجووں نے ایک شہری نذیر احمد کے مکان سے اُس وقت فائرنگ شروع کی جب فوج اور سیکورٹی فورسز علاقہ کو محاصرے میں لے رہے تھے '۔ انہوں نے بتایا کہ منی سکریٹریٹ کی زیر تعمیر عمارت سے بھی گولیوں کے کچھ راونڈ چلائے گئے ۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ جنگجووں کی تعداد دو سے تین ہوسکتی تھی۔راجوری اور پونچھ رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل 'ڈی آئی جی' جانی ولیمز نے یو این آئی کو بتایا 'ہمارا ایک جوان شہید ہوا ہے ۔ جھڑپ کے مقام پر تلاشی آپریشن جاری ہے ۔ دریں اثنا پولیس ذرائع نے بتایا کہ جھڑپ میں ہلاک ہونے والے پولیس کانسٹیبل کی شناخت ڈسٹرک اسپیشل برانچ سے وابستہ راجندر پرساد کے بطور ہوئی ہے ۔زخمی سب انسپکٹر کی شناخت منظور حسین کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ 


مونگیر میں تین غیر قانونی بندوق فیکٹری سے چھ گرفتار

مونگیر۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)بہار میں مونگیر ضلع کے واسدیوپور آؤٹ پوسٹ علاقے سے پولیس نے تین غیر قانونی منی گن فیکٹری کا پتہ لگا کر چھ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ آشیش بھارتی نے آج یہاں بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کل دیر شام شریمت پور محلے میں چھاپہ مار کر پولیس نے تین غیر قانونی بندوق فیکٹری سے تین پستول، چھ میگزین اور ہتھیار بنانے کی مشین اور اوزار برآمد کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے موقع سے چھ افراد کو گرفتاربھی کیا ہے ۔ مسٹر بھارتی نے بتایا کہ گرفتار افراد میں تین سگے بھائی راہل منڈل، سونو منڈل اور مونو منڈل کے علاوہ محمد جاوید، محمد وزیر الدین اور محمد فیاض شامل ہیں ۔ گرفتار مجرموں سے پولیس پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔


سبھی معاملات پر رد عمل ظاہر کرنے کے لئے عوامی حمایت نہیں ملی: نتیش

پٹنہ۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے مھاگٹھبندھن کے اتحادی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سابق ممبر پارلیمنٹ محمد شہاب الدین کے دیئے گئے بیان پر آج کہا کہ تمام معاملات پر رد عمل ظاہر کرنے کے لئے انہیں عوام کی حمایت نہیں ملی ہے ۔ مسٹر کمار نے یہاں ایک پروگرام میں شرکت کے بعد محمد شہاب الدین کے ان کے بارے میں دیئے گئے بیان کے سلسلے میں صحافیوں کے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ تمام معاملات پر رد عمل ظاہر کرنے کے لئے انہیں مینڈیٹ نہیں ملا ہے ۔ انہوں نے میڈیا کو بھی مشورہ دیا کہ اپنا وقت اور اخبارات میں ٖصفحات کو ضائع نہ کریں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دنیا کو یہ معلوم ہے کہ بہار کے لوگوں کا کیا مینڈیٹ ہے ۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ وہ مینڈیٹ پر چلیں یا کوئی آدمی کچھ بول رہا ہے اس پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام باتوں پر انھوں نے کبھی دھیان نہیں دیا اور ان چیزوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔


تلنگانہ میں آج ایمسٹ تھری امتحان منعقد کیا گیا

حیدرآباد۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)تلنگانہ میں آج ایمسٹ تھری امتحان منعقد کیا گیا جس میں 39500 امیدوار شرکت کررہے ہیں۔ ایک منٹ کی بھی تاخیر پر امتحان ہال میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ امتحانی مراکز کے قریب پولیس کا بھاری بندوبست دیکھا گیا ۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسس میں داخلوں کیلئے اپریل میں منعقدہ ایمسٹ 2 امتحان کے لیک ہونے کے بعد حکومت نے اس امتحان کو منسوخ کرتے ہوئے ایمسٹ تھری امتحان منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق یہ امتحان آج منعقد کیا جارہا ہے ۔ حکومت نے ایمسٹ 2 امتحان میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کو ایمسٹ تھری امتحان میں شرکت کی اجازت کا اعلان کیا تھا ۔ امتحانی مراکز کے قریب بم اسکواڈ بھی تعینات کئے گئے تھے ۔


ڈی آر ڈی او کارشوت کیس میں 15 دنوں کے اندر جواب طلب

نئی دہلی۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)دفاعی تحقیق اور ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) نے 21 کروڑ ڈالر کے طیارے سودے میں رشوت خوری کے مبینہ الزامات کے سلسلے میں برازیل کی طیارہ ساز کمپنی ایمبرئیر سے 15 دنوں کے اندر معلومات دینے کو کہا ہے ۔وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا، ''طیاروں کی رشوت خوری میں مجرمانہ معاملہ سامنے آنے پر مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے جانچ کرائی جائے گی، نہیں تو اندرونی تحقیقات کرائی جائے گی۔ ہم اس معاملے میں رپورٹ آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ پندرہ دنوں کے بعد حاصل اطلاعات کی بنیاد پر مزید کارروائی طے کی جائے گی''۔ڈی آر ڈی او نے ایمبرئیر کے ساتھ سال 2008 میں تین طیاروں کو ریڈار نظام (اواکس) سے لیس کرنے کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے ۔ ڈی آر ڈی او کو اس ریڈار تیار کرنے کا اختیار دیا گیا تھا جسے 'دیسی اواکس' کا نام دیا گیا تھا۔ یو پی اے حکومت کے وقت کئے گئے وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر سودے کے تنازعات میں گھرنے کے بعد یہ دوسرا سودا ہے جو شک کے گھیرے میں آ گیا ہے ۔ برازیل کی میڈیا میں شائع اطلاعات کے مطابق امریکہ اور برازیل کے افسر ان الزاموں کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ کمپنی نے ہندوستان کے ساتھ یہ سودا کرنے کے لئے ایک بچولئے کی مدد لی تھی۔رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے اس سودے کے لئے مبینہ طور پر ایک نمائندے کی خدمت لی اور اس کے ساتھ ہوئے معاہدے کی کاپی انگلینڈ میں ایک الماری میں محفوظ رکھی ہے ۔ اس کی ایک چابی برازیل کی کمپنی اور دوسری اس بچولئے کے پاس ہے ۔


فلیکسی کرایہ نظام کے باوجود ریلوے سب سے زیادہ سستی ٹرانسپورٹ سروس ۔بورڈ

نئی دہلی۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)ریلوے بورڈ نے چوطرفہ تنقید اور سیاسی دباؤ کے باوجود راجدھانی، دورنتو اور شتابدی ایکسپریس ٹرینوں میں دو دن پہلے نافذ کیا گیا فلیکسی کرایہ نظام کا آج دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام کے باوجود ریلوے ، سڑک اور ہوائی ٹریفک کے مقابلے میں سستی ٹرانسپورٹ سروس بنی ہوئی ہے ۔ریلوے بورڈ میں رکن (ٹریفک) محمد جمشید نے آج اچانک بلائے گئے پریس کانفرنس میں ایک پاور پونٹ پرزنٹیشن کے ساتھ بتایا کہ دہلی سے جے پور، چندی گڑھ، چنئی سے بنگلور اور میسور تک سشابدی ایکسپریس اور دہلی سے ترواننت پورم، پٹنہ اور ممبئی کے درمیان راجدھانی ایکسپریس کے اے سی ٹو زمرہ فلیککسي کرایہ طیارے کے کرایہ سے کم ہے ۔ شتابدی ایکسپریس کا کرایہ بھی وولوو بسوں کے کرایے کے مقابلے میں کم ہے ۔مسٹر جمشید نے بتایا کہ اس نظام سے عام آدمی کو دور رکھا گیا ہے اور ایک دن میں چلنے والی قریب 3200 میل ایکسپریس گاڑیوں میں سے صرف 144 گاڑیاں (44 راجدھانی، 54 دورنتو اور 46 شتابدی ایکسپریس ہی اس نظام کے دائرے میں آئیں گی جن میں روزانہ تقریبا ڈیڑھ لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔ یہ تعداد کل ریزرو مسافروں کے 10 فیصد سے کچھ کم ہے ۔ انہوں نے فلیککسي کرایہ نظام کو متحرک کرایہ نظام سے بہتر بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں لوگوں کو معلوم ہوتا ہے کہ کرایہ کس حد تک بڑھ سکتا ہے اور کب کتنا کرایہ ہوگا۔ اس کا مطالبہ بڑھنے سے کوئی تعلق نہیں ہے ، صرف سیٹوں کی بکنگ کے حدود ہیں، اسی بنیاد پر کرایہ بڑھتا ہے ۔


راج ناتھ نے اندرونی سیکورٹی کا جائزہ لیا

نئی دہلی۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج وزارت اور سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلی افسران کے ساتھ ملک کے اندرونی سیکورٹی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے ایک عام سیکورٹی جائزہ میٹنگ بلائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ وزیر داخلہ کچھ عرصے سے شہر سے باہر تھے ، لہذا انہوں نے سیکورٹی حالات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔ اس اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور دیگر سینئر افسران موجود رہے ۔جموں کشمیر کے پونچھ ضلع میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم کے بعد یہ سیکورٹی میٹنگ طلب کی گئی۔ کشمیر میں گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصے سے بدامنی کو دیکھتے ہوئے یہ میٹنگ اہم مانی جا رہی ہے ۔


امانت اللہ کا استعفی قبول نہیں: سسودیا

نئی دہلی۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے آج کہا کہ عام آدمی پارٹی (آپ) نے اپنے رکن اسمبلی امانت اللہ کا استعفی قبول نہیں کیا ہے ۔مسٹر خان نے کل وزیر اعلی اروند کیجریوال کو وقف بورڈ کے چیئرمین سمیت تمام سرکاری عہدوں سے استعفی دینے کے سلسلے میں خط لکھا تھا۔ مسٹر سسودیا نے صحافیوں سے یہاں کہا کہ پارٹی نے مسٹر خان کے استعفی کو منظور نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مسٹر کیجریوال اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے بات چیت کی گئی اور استعفی قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے مسٹر خان کے قریبی رشتہ دار کی جانب سے ان کے خلاف کی گئی شکایت کے حقائق کی جانچ پڑتال کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے کسی بھی غلط کام کرنے والوں کا ساتھ نہیں دیا اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی ہے لیکن ساتھ ہی جب جان بوجھ کر کسی بھی رکن کو پھنسایا گیا تب پارٹی اس کے ساتھ کھڑی رہی ہے ۔دوسری طرف مسٹر خان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پولیس انہیں تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے کیونکہ وہ آپ کے رکن اسمبلی ہیں۔


کاویری سے تمل ناڈوکو پانی چھوڑنے کے خلاف احتجاج سے میسور میں سیاحت اور مہمان نوازی کا شعبہ متاثر

میسورمانڈیا۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)کاویری سے تمل ناڈوکو پانی چھوڑنے کے خلاف احتجاج کی وجہ سے میسور علاقہ میں سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبہ میں اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ 6 ستمبر کو احتجاج کے آغاز کے بعد سے سیاحت اور اس کے ذیلی شعبوں میں آمدنی میں بھاری کمی دیکھی گئی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کار پریشان ہیں۔تمل ناڈو کو کاویری سے پانی چھوڑنے پر احتجاج کے بعد میسور کو سیاحوں کی آمد میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ میسور پیالیس اور زو میں سیاحوں کی تعداد کم دیکھی جارہی ہے ۔ سیاحت کے متاثر ہونے کی ایک اور وجہ میسور بنگلور نیشنل ہائی وے پر راستہ روکو احتجاج ہے ۔ ایام کار میں بالعموم سیاحوں کی بڑی تعداد آتی ہے مگر کاویری مسئلہ پر احتجاج کے پیش نظر وہ اپنی بکنگ منسوخ کررہے ہیں۔ میسور ٹراویل مارٹ کے صدر بی ایس پرشانت نے بتایا کہ کاویری مسئلہ پر پرتشدد صورتحال کی وجہ سے سیاح اپنی ہوٹل اور ٹیکسیوں کی بکنگ منسوخ کررہے ہیں اور ہمارے پاس ان کی بکنگ کی رقم مکمل طور پر لوٹانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوڈوگو 'اوٹی اور وگیاناک کے لئے بھی میسور سے جو بکنگ ہورہی ہے وہ بھی منسوخ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال اسی طرح رہی تو سیاحوں کی آمد میں مزید کمی ہوسکتی ہے ۔ ہوٹل اونرس ایسوسی ایشن کے صدرنشین ایم راجندرا نے کہا کہ آن لائن بکنگ کے علاوہ ٹور آپریٹرس کے ذریعہ بکنگ اور واکنگ بکنگ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے


سکندرآباد کے کارخانہ علاقہ میں کپڑوں کی دکان سمیت تین شورومس میں آگ لگنے کا واقعہ

حیدرآباد۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)تلنگانہ کے سکندرآباد کے کارخانہ علاقہ میں آج صبح سات بجے پوجا پلازہ میں کپڑوں کی دکان سمیت تین شورومس میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ۔ آگ کے شعلے بلند نظر آرہے تھے ۔ اطلاع ملتے ہی چار فائر بریگیڈس کے اہلکار وہاں پہونچے اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ۔ اس واقعہ سے مقامی افراد خوف زدہ ہوگئے ۔ آگ کے ساتھ ساتھ کثیف دھواں بھی نکل رہا تھا ۔ کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔ البتہ بڑے پیمانہ پر مالی نقصان ہوا ہے ۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی وجہ ہے ۔ 


مایاوتی امبیڈکر کی پیروکار ہیں تو قبول کریں بدھ مذہب: اٹھاولے 

لکھنؤ۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع) ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (اٹھاولے ) کے صدر اور سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت رام داس اٹھاولے نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سربراہ مایاوتی پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی اصل پیروکار ہیں تو بدھ مذہب قبول کیوں نہیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مایاوتی ایک اچھی منتظم ہو سکتی ہیں لیکن وہ ہمیشہ ڈاکٹر امبیڈکر کا مذاق اڑائی ہیں اور ان کے اصولوں کو انہوں نے کبھی نہیں اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی مدت کار کے دوران محترمہ مایاوتی نے لکھنؤ میں بابا صاحب امبیڈکر کی مورتی ایک جگہ سے ہٹا کر وہاں کانشي رام کی مورتی نصب کر دی تھی اگر محترمہ مایاوتی ڈاکٹرامبیڈکر کا احترام کرتی ہیں تو بدھ مذہب قبول کرلیں۔مسٹر اٹھاولے نے کہا کہ ریاست میں ان کی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ باہمی تال میل سے 30 سیٹوں پر الیکشن لڑیگی۔ تال میل نہ ہونے پر ان کی پارٹی 200 سیٹوں پر الیکشن لڑیگی۔انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کے عوام نے بہن مایاوتی کو چار بار وزیر اعلی بنایا اب انہیں اپنے بھائی اٹھاولے کو بھی موقع دینا چاہئے ۔ ان کا مقصد ریاست میں صرف الیکشن لڑ نا نہیں ہے بلکہ لوگوں کے لئے کام کرنا ہے ۔ مسٹر نریندر مودی حکومت میں وزیر بننے کے بعد پہلی بار لکھنؤ آئے مسٹر اٹھاولے نے کہا کہ ان کی پارٹی بی ایس پی سے بہت پرانی ہے سال 1967 کے انتخابات میں پارٹی کے 16 ممبران اسمبلی جیت کر آئے تھے ۔ چودھری چرن سنگھ کے دور اقتدار میں پارٹی کے چار ارکان اسمبلی وزیر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ڈاکٹربھیم راؤ امبیڈکر اور دلتوں کے سچے ہمدرد ہیں ۔


اسمبلی انتخابات نہ آتے تو راہل کو مندر کی یاد نہیں آتی: سادھوی نرنجن جیوتی

سلطان پور۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)ڈبہ بند خوراک کی مرکزی وزیر مملکت سادھوی نرنجن جیوتی نے آج کہا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات نہ آتے تو اپنی کھوئی زمین کو تلاش کرنے میں لگے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کو مندر کی یاد نہیں آتی۔ ایک پروگرام میں حصہ لینے یہاں آئی سادھوی نے کہا کہ راہل گاندھی نے اجودھیا میں ھنومان گڑھي میں متھا ٹیکا لیکن رام للا کا درشن نہیں کیا۔ اتر پردیش میں اپنی کھوئی زمین کو تلاش کرنے میں لگے ہیں۔ وہ کبھی کھاٹ پر تو کبھی رتھ پر سوار ہو کر کسانوں کا ہمدرد ہونے کا بھی ڈھونگ رچتے ہیں ۔ انکی کھاٹ بھی نہیں بچی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ریلیوں میں سب سے زیادہ حملے وزیر اعظم نریندر مودی پر اس لیے کرتے ہیں کہ انہیں مودی جی سوتے ہوئے بھی خواب میں دکھائی دیتے ہیں۔سادھوی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ ملائم سنگھ یادو مسلم ووٹوں کے پولرائزیشن میں لگے ہیں ۔ مرکزی حکومت کی اجولا گیس جیسی اسکیم ذات مذہب سے الگ تمام مستحق لوگوں کو فائدہ دے رہی ہے ۔مرکزی وزیر نے آج ایک بار پھر امیٹھی میں فوڈ پارک قائم نہ ہونے کے لئے راہل گاندھی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زمین دستیاب کرائے بغیر راہل گاندھی امیٹھی کے لوگو ں کو فوڈ پارک کا خواب دکھا رہے تھے ۔ اتر پردیش کی لاقانونیت پر انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات 2017 میں بی جے پی واضح اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پورے سماج کے مفادات کے لئے جدوجہد کرنے والی پارٹی ہے ۔


کانگریس نے امانت اللہ سے اسمبلی سے استعفی دینے کا مطالبہ

نئی دہلی۔13ستمبر(فکروخبر/ذرائع)کانگریس نے چھیڑ خانی کا الزام جھیلنے والے عام آدمی پارٹی (آپ) کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان سے عہدے سے استعفی دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کانگریس کی دہلی یونٹ کے سینئر لیڈر اور دہلی وقف بورڈ کے سابق چیرمین ہارون یوسف نے آج یہاں ٹی وی نیوز چینلز کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ مسٹر خان پر الزام کانگریس، بھارتیہ جنتا پارٹی یا دیگر سیاسی جماعتوں نے نہیں لگایا ہے بلکہ ان کی ایک رشتہ دار نے ان کے خلاف سنگین الزام لگائے ہیں۔ اس کی وجہ سے انہیں اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دینا چاہیے ۔مسٹر خان نے ایک دن پہلے ہی دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو وقف بورڈ کے چیئرمین سمیت تمام سرکاری عہدوں سے استعفی دینے کو لے کر خط لکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ آپ دیگر سیاسی جماعتوں سے الگ ہونے کا دعوی کرتی ہے لیکن اس کے وزیر پر خواتین کے استحصال اور دیگر سنگین الزام لگ رہے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا