English   /   Kannada   /   Nawayathi

ہریانہ : اب بیف کے شبہ میں مشتعل لوگوں نے ٹرک کو کیا نذر آتش ، پولیس پر بھی جم کر پتھراو کیا(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

خیال رہے کہ کچھ دنوں قبل ہی ہریانہ کے میوات سے ریاستی حکومت نے بریانی کی نمونے لے کر اس کی جانچ کروائی تھی ، جس کی چوطرفہ مذمت کی جارہی ہے۔ اب اس تازہ واقعہ کے بعد ہریانہ حکومت ایک مرتبہ پھر تنقید کی زد پر آگئی ہے ۔


راجستھان کے چیف سکریٹری پر بیٹی نے ہی لگایا جنسی استحصال کا الزام ، ہائی کورٹ کو لکھا خط

نئی دہلی : 11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)راجستھان کے چیف سکریٹری او پی مینا تنازعات میں گھر گئے ہیں ۔ او پی مینا کی اہلیہ گیتا سنگھ دیو نے پریس کانفرنس کر کے مینا پر بیٹی کے جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے ۔ گیتا سنگھ نے اپنی بیٹی گيتانجلی کی جانب سے اسی سال 21 اپریل کو لندن سے راجستھان ہائی کورٹ کو کئے میل کا حوالہ دے کر کہا کہ جب ان کی بیٹی 13 سال کی تھی ، تب کئی بار مینا نے فحش حرکتیں کیں ۔اب گیتانجلی لندن میں کارڈف يونورسٹی میں ہے اور 31 سال کی ہے ۔ گيتا نے الزام لگایا ہے کہ مینا کے چیف سکریٹری ہونے کی وجہ سے پولیس کی جانچ پر یقین نہیں ہے۔ انہوں نے معاملے کی سی بی آئی جانچ اور مینا کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ۔ راجستھان کے چیف سکریٹری او پی مینا پر بیٹی گيتاجلي سنگھ نے جنسی تشدد کے سنگین الزام لگائے ہیں ۔ گیتانجلی لندن میں کارڈف یونیورسٹی میں پوسٹ گریجویٹ کر رہی ہے ۔ 21 اپریل کو راجستھان ہائی کورٹ کو ایک میل بھیج کر گیتانجلی نے الزام لگایا کہ جب وہ 13 سال کی تھی ، تب اس کے والد غلط نیت سے اس کے کمرے میں آتے تھے اور اس کے ساتھ فحش حرکتیں کرتے تھے ۔میل میں لکھا کہ یہ سلسلہ تقریبا دو سال تک چلا ۔ میل میں آگے لکھا کہ جب میری ماں نے باپ اوم پرکاش مینا کو پولیس میں شکایت کرنے کی دھمکی دی ، تب اس کا جنسی استحصال بند کیا گیا۔ گيتاجلي کی ماں اور او پی مینا کی اہلیہ گيتا سنگھ دیو نے جے پور میں پریس کانفرنس کر کے مینا پر بیٹی گیتانجلی کے جنسی تشدد کے یہ سنگین الزامات لگائے ۔ گیتا سنگھ دیو نے کہا کہ عزت کی خاطر وہ برداشت کرتی رہیں ۔ بیٹی اور وہ اب تک اس پر خاموش رہی ۔گیتانجلی نے ہائی کورٹ کو بھیجے میل میں ماں گیتا سنگھ کے ساتھ والد کے برتاؤ اور مار پیٹ کا بھی ذکر کیا ہے ۔ گیتا سنگھ دیو خود راجستھان ایڈمنسٹریٹو سروس کی افسر ہیں ۔ گیتا سنگھ او پی مینا کے خلاف مارپیٹ کا کی دفعہ 498 اے میں کیس 05 ستبر 2015 کو ہی درج کروا چکی ہیں ۔ گیتا سنگھ کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے گھریلو تشدد کی اس شکایت کے بعد ریاستی خواتین کمیشن نے 24 نومبر 2014 کو ایک فیصلہ سناتے ہوئے او پی مینا کو ان کے ساتھ بدسلوکی نہیں کرنے اور بیٹی گیتانجلی کے لندن میں رہنے کا خرچہ برداشت کرنے کا بھی حکم دیا تھا ، لیکن مینا نے حکم پر عمل آوری نہیں کی ۔


اترپردیش میں ترقی ٹھپ،روزگار کے لئے نوجوان نقل مکانی پر مجبور:شیلا دکشت

سون بھدر۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)دہلی کی سابق وزیر اعلی اور اتر پردیش میں کانگریس کی جانب سے وزیر اعلی عہدے کی امیدوار شیلا دکشت نے آج کہا کہ غیر کانگریسی حکومتوں کے راج میں ریاست ترقی کے راستے سے بھٹک گئی ہیں،جس کا خمیازہ بے قصور عوام کے علاوہ نوجوانوں کو بھی بھگتنا پڑرہا ہے اور وہ روزگار کے لئے دوسری ریاستوں کی طرف نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں ۔''27سال یوپی بے حال ''کے نعرے کے ساتھ تقریباً آٹھ گھنٹے کی تاخیر سے شیلا دکشت اور ڈاکٹر سنجے سنگھ سمیت کئی رہنما یہاں پہنچے ۔محترمہ دکشت نے نامہ نگاروں سے کہا کہ گزشتہ 27سال میں غیر کانگریسی حکومتوں کے اقتدار میں اترپردیش ترقی کے راستے سے پوری طرح بھٹک گیا ہے ۔تقریباً تین دہائی تک غیر کانگریسی پارٹیوں نے ریاست میں حکومت تو کی لیکن اس کی ترقی کے لئے کسی نے کچھ نہیں کیا۔بھولے بھالے عوام کو پھنسا کر ریاست میں سرکاریں قائم ہوتی رہیں لیکن عوام نے خود کو ہمیشہ ٹھگاہوا پایا۔انہوں نے کہا کہ ریاست کا حال بے حال ہے اور نوجوان روزگار کی تلاش میں دوسری ریاستوں میں بھٹک رہے ہیں۔ریاست میں امن و قانون ابترہے ۔ریاست کے عوام اب غیر کانگریسی سرکاروں سے تنگ آچکے ہیں،وہ کانگریس کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ محترمہ دکشت نے کہاکہ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس اکثریت کے جیت حاصل کرکے ریاست میں حکومت بنائے گی۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)،سماجوادی پارٹی(ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)نے سماج کو تقسیم کر دیا ہے ۔کانگریس نے اپنی تاریخ میں آج تک سب کو جوڑ کر رکھنا اور وعدہ کرکے اسے پورا کرنے کا کام کیا ہے ۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کی طرف سے دوستی کا ہاتھ بڑھانے کے لئے وزیر اعلی اکھیلیش یادو کی پہل پر انہوں نے کہا کہ''اکھیلیش نے صحیح بات کہی ہے اور آگے بھگوان جانے کیا ہوگا۔''کارکنان کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سنجے سنگھ نے کہا کہ اب کانگریس کے علاوہ کوئی متبادل نہیں ہے کیونکہ ریاست میں اب تک غیر کانگریسی سرکاروں نے یہاں لوگوں میں آپسی پھوٹ ڈال کر قتدار حاصل کیا ہے ۔عوام اب بیدار ہوچکے ہیں اور وہ کسی کے بہکاوے میں نہیں آنے والے ہیں۔غیر کانگریسی حکومتوں کو عوام مسترد کرچکی ہے ۔


فیض آباد میں سکیورٹی انتظامات توڑ کر راہل کے نزدیک پہنچنے کی کوشش میں طلبہ رہنما پستول سمیت گرفتار

فیض آباد۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)کانگریس پارٹی کے قومی نائب صدر راہل گاندھی کی'' کسان مانگ پتر یاترا '' میں سکیورٹی انتظامات کو توڑنے والے ایک طلبہ لیڈر کو پولیس نے پستول سمیت گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر راہل گاندھی کل شام جیسے ہی فیض آباد کی سرحد سعادت گنج میں داخل ہوئے اسی دوران ایک شخص نے ان کے سکیورٹی انتظامات توڑکر ان کے نزدیک پہنچنے کی کوشش کی لیکن وہاں تعینات ایس پی جے کمانڈو نے اسے پکڑ لیا۔انہوں نے بتایا کہ مان سنگھ بہادر نام کا ایک شخص خودکو طلبہ تنظیم کا صدر بتا رہا تھا۔وہ گونڈا کے نواب گنج کا رہنے والا ہے ۔طلبہ لیڈر کے پاس سے ایک غیر قانونی پستول برآمد ہوا ہے ۔اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے آج اسے جیل بھیج دیا گیا ہے ۔



رام للا کے درشن کے بغیر راہل گاندھی کا ہنومان گڑھی کے درشن کرنا ادھورا:وی ایچ پی

ایودھیا۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)دیوریا سے دہلی تک کسان یاترا کی قیادت کرنے والے کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی پر طنز کرتے ہوئے وشو ہندوپریشد (وی ایچ پی) نے آج کہا کہ رام للا کے درشن کے بغیر مسٹر گاندھی کا ہنومان گڑھی مندر میں ماتھا ٹیکنا ادھورا درشن مانا جائے گا۔
وی ایچ پی کے ریاستی میڈیا انچارج شرد شرما نے آج یہاں ''یواین آئی'' سے کہا کہ پارٹی کے قومی نائب صدر راہل گاندھی نے مشہور ہنومان گڑھی مندر کے درشن کرنے سے پہلے رام للا کے درشن کرنے چاہیے تھے کیونکہ بغیر رام للا کے درشن کے ہنومان گڑھی کے درشن کرنا ادھورا مانا جاتا ہے ۔مسٹر گاندھی کے رام للا پر ماتھا ٹیکے بغیر ان کی تمنا ادھوری رہ جائے گی۔مسٹر شرما نے کہا کہ کانگریس نائب صدر کا ہنومان گڑھی میں ماتھا ٹیکنا عقیدت کا موضوع نہیں ہے بلکہ ان کی یاترا اور خود کی تشہیر کا یہ محض ایک ذریعہ ہے ۔


مودی حکومت نے ملک کے عوام سے دغا کیا: راہل

فیض آباد۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ 2014 میں لوک سبھا انتخابات کے دوران عوام سے کیا گیا وعدہ پورا نہ کرنے والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت نے بھولے بھالے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔کسان یاتراکے تحت مسٹر گاندھی نے آج یہاں سخت سیکورٹی کے درمیان سرکٹ ہاؤس سے روڈ شو کی شروعات کی۔سول لائن میں گاندھی پارک ہوتے ہوئے رکاب گنج، کملا نہرو بھون کانگریس پارٹی دفتر، چوک، ریڈگنج چوراہے پر روڈ شو کو دیکھنے کے لئے ہزاروں کی بھیڑ موجود تھی۔ اس دوران دیوکالي میں خواتین نے مسٹر گاندھی کی آرتی بھی اتاری۔دیوکالي میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت غریبوں اور کسان مخالف ہے ۔اس نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا اس کو پورا نہیں کیا۔ مرکزی حکومت نے غریب عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔انتخابات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا کہ کالا دھن واپس لائیں گے جس سے ہر غریب کے اکاؤنٹ میں 15-15 لاکھ روپے آ جائے گا مگر ان کا یہ وعدہ اب تک نامکمل ہے ۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ ریاست میں اگر کانگریس کی حکومت بنی تو کسانوں کا قرض معاف اور بجلی کا بل نصف کرنے کا وعدہ پورا کیا جائے گا۔ یاترا کے کانگریس پارٹی دفتر پہنچنے پر مسٹر گاندھی نے کملا نہرو کے تصویر پر پھولوں کی مالا چڑھائی ۔ روڈ شو کے دوران چوک میں حیدری مسجد کے امام سید شمیم [؟][؟]حیدر نے راہل گاندھی کو صافا باندھ کر تمام مذاہب میں ہم آہنگی کی دعائیں دیں۔ سکھ طبقے نے بھی راہل گاندھی کا استقبال کیا۔روڈ شو میں خواتین اور بچوں کی شرکت زیادہ دکھائی دی۔ کنارے کھڑے لوگ راہل گاندھی کو ہی نہار رہے تھے اور راہل ہاتھ ہلا کر سب کا شکریہ ادا کر رہے تھے ۔ شہر میں جگہ جگہ استقبالیہ دروازے بنائے گئے تھے ۔اس دوران کانگریس پارٹی کے سابق ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری، کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر مہنت گریشپتی ترپاٹھی، شہر کانگریس صدر راجندر پرتاپ سنگھ، ضلعی صدر رام داس ورما، کانگریس ترجمان شیتلا پاٹھک، کانگریس کے ریاستی سیکرٹری سنیل پاٹھک ، سینئر کانگریسی رہنما کے . کے . سنہا، خواتین ضلعی صدر مدھو پاٹھک، کانگریسی لیڈر ہنومان ترپاٹھی، کانگریسی لیڈر وید سنگھ کمل سمیت بڑی تعداد میں کانگریسی رہنما موجود تھے ۔


گھریلو جھگڑے میں بیوی کا سرکاٹ کر مندر میں چڑھایا

ترونیل ویلی۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)تمل ناڈو میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ترونیل ویلی ضلع کے ویلالن کلم گاؤں میں ایک شخص نے گھریلو جھگڑے کے دوران اپنی بیوی پر درانتی سے حملہ کر دیا اور اس کا سر کاٹ کر مقامی مندر میں چڑھا دیا۔اس کے بعد اس نے پولیس کے سامنے خودسپردگی بھی کردی۔پولیس نے بتایا کہ صفائی ملازم متھوراج (47) نے اپنی چھوٹی بیٹی کو گھر سے باہر بھیج کر اپنی بیوی جمنا (45) پر درانتی سے حملہ کر دیا اور اس کی موت سے پہلے ہی اس کا سر، دھڑ سے الگ کر دیا۔ اس کے بعد وہ کٹے سر کو لے کر سڑکوں سے گزر تاہوا ایک مندر میں پہنچا اور سر کو اس کے سامنے رکھ دیا۔ اس کے بعد اس نے سیتاپرپنللر تھانے میں خودسپردگی کردی۔پولیس نے بتایا کہ متھوراج نے گھریلو جھگڑے کے دوران بے قابو ہوکر اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔ پولیس نے تفتیش کے بعد بتایا کہ ملزم شخص کسی بھی ذہنی بیماری کا شکار نہیں ہے اور اس نے نشے کی حالت میں اس واقعہ کو انجام دیا۔جوڑے کے تین بچے ہیں۔لاش پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری اسپتال بھیجی گئی ہے ۔ سیتاپرپنللر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔


ہنگامے کی وجہ سے آندھرا اسمبلی دو بار ملتوی

حیدرآباد۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)آندھرا پردیش اسمبلی میں آج وائی ایس آر کانگریس پارٹی(وائی آر ایس سی پی) کے اراکین اسمبلی کے ہنگامے کی وجہ سے اسمبلی کی کارروائی ااج دو بار ملتوی کرنی پڑی۔وائی آر ایس سی پی کے ممبر اسمبلی ریاست کو خصوصی درجہ (ایس سی ایس) دیے جانے کی مانگ پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کرنے لگے جس کے بعد دو گھنٹے کے لئے کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ایوان کی کارروائی دوبارہ جیسے ہی شروع ہوئی وائی آر ایس سی پی کے رکن اسمبلی اسپیکر کی کرسی کے سامنے آکر نعرے بازی کرنے لگے ۔چند ممبران اسمبلی نے اسپیکر پر کاغذ پھینکے اور ان کی میز پر لگے مائیک کو اکھاڑ لیا جس کے بعد اسمبلی میں تعینات مارشل اور ممبران اسمبلی کے درمیان دھکا مکی بھی ہوئی۔ اسمبلی اسپیکر ہنگامہ کر رہے ممبران اسمبلی سے بار بار پرسکون ہونے کی اپیل کر رہے تھے لیکن جب ممبر اسمبلی پرسکون نہیں ہوئے تو انہوں نے 15 منٹ کے لئے اسمبلی کی کارروائی ملتوی کر دی۔حکمراں صف کے ممبران اسمبلی نے وائی آر ایس سی پی کے اراکین اسمبلی کی سخت مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ 'فسادیوں' جیسا سلوک کر رہے ہیں۔ریاست کے پارلیمانی امور کے وزیر یانامالا راماکرشنید نے کہا کہ وائی آر ایس سی پی کے ممبر اسمبلی ہنگامہ کر کے اسمبلی سے معطل ہونا چاہتے تھے تاکہ کل کے ریاست گیر بند کو وہ کامیاب بنا سکیں۔


بدنام مجرم سنیل یادو گرفتار

مدھوبنی11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)بہار میں مدھوبنی ضلع کے فلپراس تھانہ کے سسوابرھي گاؤں سے پولیس نے آج بدنام مجرم سنیل یادو کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ اطلاعات کی بنیاد پر سسوابرھي گاؤں میں واقع ایک ٹھکانے پر چھاپہ مار کر بدنام مجرم سنیل یادو کو گرفتارکیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار مجرم کی پولیس کو قتل، ڈکیتی اور لوٹ سمیت کئی مقدمات میں طویل عرصے سے تلاش تھی. پولیس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔


طلبا ملک کے سیکولر اور جمہوری اقدار کو مضبوط کریں: حامد انصاری

پٹنہ:11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نے طلبا سے ملک کے آئین میں باوقار ،سماج واد، سیکولر اور جمہوری اقدار کو مضبوط کرنے کی اپیل کی ۔ مسٹر انصاری نے آج ریاستی راجدھانی پٹنہ کے باوقار اسکولوں میں شمار سینٹ مائیکل اسکول کے طلبا کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران ملک کے آئین کے پہلے صفحہ کو پڑھنے کی تلقین کی۔خیال رہے کہ آئین کے پہلے صفحے پر درج دیباچہ کو 'آئین کی کنجی ' کہا جاتا ہے ۔ دیباچہ کے مطابق، آئین کے دائرہ میں آنے والی تمام طاقتوں کا مرکز ہندستان کے لوگ ہی ہیں۔ اسکول کے 12 ویں کلاس کے طالب علم پیوش شوم کے ذریعہ ملک کی سیاست میں اخلاقی اقدار کے سلسلہ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نائب صدر نے کہا، "سیاست میں قوت ارادی اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ اگر آپ سیاست کے پورے طریقہ کار کو دیکھیں گے تو آپ یہ پائیں گے کہ یہی وہ ضابطے ہیں جن کے تحت آپ کا چلنا ہے ۔ اخلاقی اقدار کے سلسلہ میں پوچھے گئے سوال کے دوسرے حصہ کے جواب میں مسٹر انصاری نے کہا، "اس سوال کے جواب کے لئے کیا بہت دور جانے کی ضرورت ہے ؟ آپ ارد گرد ہی بابائے قوم مہاتما گاندھی اور بھگوان بدھ کے یادگار مقامات ہیں۔ اعلی اخلاقی اقدار کے لوگ بھلے ہی الگ الگ مذاہب سے تعلق رکھتے ہوں لیکن اعلی اخلاقی اقدار کے بغیر ایک اچھی اور باوقار زندگی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ تعلیمی اصلاحات کے سلسلہ میں آٹھویں جماعت کے طالب علم گارگي راج کے ذریعہ پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مسٹر انصاری نے کہا، "ہمارے تعلیمی نظام میں کچھ بھی غلط نہیں ہے ، اس میں کچھ خامیاں ہے جن میں اصلاح کی ضرورت ہے ۔ غلطیاں ہم لوگوں کے اندر ہیں۔ مسٹر انصاری نے کہا، "دہلی یونیورسٹی (ڈٖی یو) کے وائس چانسلر کی حیثیت سے میں نے پایاکہ ڈی یو کے کالجوں میں داخلے سو فیصد یا 105 فیصد کا کٹ آف، صرف اعدادوشمار کیبیوقوفی ہے ۔ وقت کے ساتھ نظام بدل گیا ہے ۔ اب اساتذہ اور طلبا کو اپنے آپ کو تبدیل کرنا ہوگا۔
صلاحیتوں کی بیرونی ملکوں میں منتقلی کے بارے میں رشی مشرا نے نامی طالب علم کے سوال کے جواب میں مسٹر انصاری نے کہا کہ صلاحیتوں کی منتقلی باعث تشویش نہیں ہے لیکن بنیادی مسئلہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ادارے (آئی آئی ٹی) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سے (آئی آئی ایم) سے فارغ التحصیل ملک کے بہترین طلبا کا بہتر استعمال نہ ہوپانا ہے ۔
مسٹر انصاری نے زور دے کر کہا، "ہم صلاحیتوں کی بیرو ن ممالک منتقلی کے فکر مند نہیں ہیں، ہم مکمل طور پر ملک میں بہترین دماغ اور صلاحیتوں کے استعمال نہ کرپانے کے بارے میں فکر مند ہیں۔ مسٹر انصاری نے سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ راجیو جی نے ایک بار آسٹریلیا میں کہا تھا کہ وہ صلاحیتوں اور بہترین دماع کی بیرونی ممالک منتقلی کو کوئی مسئلہ نہیں مانتے ۔ یہ بینک میں ایک طرح کا ڈپازٹ ہے جو ضرورت پڑنے پر ہمیشہ دستیاب ہے ۔ وقت کے سائیکل نے ان کے (مسٹر گاندھی کے ) اس قول کو صحیح ثابت کر دیا ہے ۔
آٹھویں کلاس کے طالب علم سنیھل راج کے سوال کے جواب میں مسٹر انصاری نے کہا کہ راج کی طرف سے ایک سوال میں مسٹر انصاری نے کہا، "آپ کسی یقینی مثال کے ساتھ شروعات نہیں کرتے ... آپ آئنسٹائن، رویندر ناتھ ٹیگور بن سکتے ہیں۔ بیرونی دنیا سے ڈیولپ سائنس کے ساتھ مثالی بدلتی رہتی ہیں۔ انہوں نے بہرحال اس بات کا اعتراف کیا یہ ایک مشکل سوال ہے ۔


حامد انصاری کی بہار کے دو روزہ دورہ سے واپسی

پٹنہ۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری بہار کا دو روزہ دورہ کرکے آج خصوصی طیارے سے دہلی کے لئے واپس لوٹ گئے ۔بہار کے گورنر رام ناتھ کووند' وزیر اعلی نتیش کمار' ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پی کے ٹھاکر ' کابینہ سکریٹری برجیش مہروترا' پٹنہ ڈویزن کے کمشنر آنند کشور' ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شالن' ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سنجے اگروال ' سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ منومہاراج نے پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے اے ئرپورٹ پر ڈاکٹر انصاری کو الوداع کہا۔وزیر اعلی نتیش کمار نے ڈاکٹر انصاری کو پھر بہار آنے کی دعوت دی۔خیال رہے کہ مسٹر انصاری بہار کے دو روزہ دورہ پر کل پٹنہ پہنچے تھے ۔ پٹنہ اے ئرپورٹ سے ہی وہ ہوائی راستے سے سیدھے راجگیر چلے گئے جہاں انہوں نے نالندہ یونیورسٹی کے ایک پروگرام میں شرکت کی۔ اس کے بعد نائب صدر دیر رات پٹنہ واپس لوٹے ۔ ڈاکٹر انصاری نے آج راجدھانی پٹنہ میں منعقدہ دو پروگراموں میں شرکت کی اور پھر دہلی کے لئے روانہ ہوگئے ۔


ممتا کلکرنی نے منشیات کی اسمگلنگ کے تمام الزامات کی تردید کی

ممبئی۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)مشہور بالی ووڈ فلم اداکارہ ممتا کلکرنی نے آج یہاں ممبئی میں دو ہزار کروڑ روپئے کے منشیات فروشی اور اس کی اسمگلنگ کے تمام الزامات سے انکار کیا اور ممبئی کے قریب تھانہ پولس کی جانب سے انہیں اس مقدمہ میں ملوث کیئے جانے کی اعلی سطحی تحقیقات کیئے جانے کا مطالبہ کیا نیز اس نے کہا کہ ممبئی سے متصلہ تھانہ پولس جبراً اسے اس معاملے میں ملزم بنانے کے درپے ہے ۔آج ممبئی میں منعقد ہ پریس کانفرنس سے ممتا کلکرنی کے وکلاء جس میں مشہور قانون داں مجید میمن ،پرویز میمن، سدیپ پاسبولا، ممتا کلکرنی کے امریکہ اور کینیا کے وکلاء ڈینئیل اثر اور کلیف امبیٹا نے خطاب کیا اور اخبار نویسیوں کو بتایا کہ امریکن پولس کے دباؤ میں تھانے پولس نے ممتا کلکرنی کومقدمہ میں ملزم بنایا ہے جبکہ اس کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے نیز اس معاملے میں گرفتار ایک ملزم جئے مکھی سے جبراً اقبالیہ بیان حاصل کیا گیا تھا لیکن بعد میں وہ اپنے سابقہ بیان سے مکر گیا ۔وکلاء نے کہا کہ امریکہ کو خوش کرنے کے لیئے تھانے پولس نے ممتا کلکرنی نے خلاف ۲۰۰۰؍ کروڑ روپئے کی منشیات ضبطی کا جو معاملہ تیار کیا ہے اسکا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ ضبط شدہ مال کا استعمال دواؤں کے تیار کرنے کے لیئے ہوتا ہے اور اس سے حاصل ہونے والے فاضل مادے کو تھانہ پولس منشیات کی تیار کے لیئے استعمال ہونے والا مادہ بتلا رہی ہے جبکہ اس کا بازاری بھاؤ صفر ہے اور وہ محض ایک فاضل مادہ ہے جو کہ کچرے کی حیثیت رکھتا ہے ۔ وکلاء نے اخبار نویسیوں کو مزید بتایا کہ کل اس سلسلے میں ہندوستانی اور غیر ملکی وکلاء کے ایک وفد نے مجید میمن کی قیادت میں مرکزی وزیر داخلہ کرن راجیورو سے ملاقات کرکے اس معاملے میں ہونے والے حقوق انسانی کی پامالیوں کی شکایت کی ہے جس پر مرکزی وزیر داخلہ نے فوری کارروائی کرنے کا یقین دلایا ہے ۔اس موقع پر ممتا کلکرنی نے بذریعہ ویڈیو پیغام اخبار نویسیوں سے خطاب کیا اور کہا کہ وہ ملک سے کوسوں دور کینیا میں یوگنی کی زندگی گذار رہی ہے اور محض اداکارہ ہونے کہ وجہ سے اس کے خلاف معاملہ تیار کیا گیا ہے جبکہ وکی گوسوامی نامی جس شخض کو اس معاملے میں اس کے شوہر کے طور پر پیش کیا جارہا ہے وہ در اصل اس کا شوہر نہیں بلکہ اس کا اچھا دوست ہے ۔سلمان خان ، شاہ رخ خان ، عامر خان کے ہمراہ مقبول ہندی فلموں کرن ارجن، بازی اور دیگر میں اپنی قاتلانہ اداکاری سے جلوے بکھیرنے والی ممتا کلکرنی نے ویڈیو پیغام میں ماتھے پر ٹیکا لگائی ہوئی تھی ، کریم رنگ کے کرتے میں مبلوس ممتا نے تقریباً ۹؍ منٹوں تک انگریزی میں اخبار نویسیوں سے خطاب کیا اور جذباتی انداز میں کہا کہ وہ بے گناہ ہے اس کے خلاف سازش رچی جارہی ہے اور وہ ماضی میں ایسی کسی بھی سرگرمیوں میں ملوث نہیں تھی جس سے ان کے خلاف مقدمہ قائم کیا جاسکے ۔ممتا کلکرنی کے وکلاء نے اخبار نویسیوں کو مزید بتایا کہ وکی گوسوامی کو کینیا کی عدالت نے منشیات ضبطی کے معاملے میں فی الوقت مشروط ضمانت دی ہے جس کے مطابق اگر وہ دوبارہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کی ضمانت منسوخ کردی جائے گی اور امریکہ میں اس کے خلاف تیار شدہ ایک معاملے میں اسے امریکہ کے حوالے کیا جائے گا ۔ایڈوکیٹ مجید میمن مزید کہا کہ تھانا پولس کے ذریعہ امریکی منشیات مخالف دستہ ممتاکلکرنی کے خلاف یہ معاملہ تیار کررہا ہے تاکہ وکی گوسوامی کی ضمانت منسوخ کی جاسکے اور امریکہ میں ماضی میں تیار کیئے گئے ایک مقدمہ کے سلسلہ میں اسے امریکی پولس کے حوالے کیا جاسکے ۔



صدر جمہوریہ نے ،جمہوری عوامی مملکت کوریا کے یوم تاسیس کے موقع پر مبارکباد دی

نئی دہلی۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)صدرجمہوریہ رنب مکھرجی نے جمہوری عوامی مملکت کوریا کے یوم تاسیس (9 ستمبر ) کے موقع پر عوامی جمہوریہ کوریا کی سرکار اور عوام کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ورکرز پارٹی آف کوریا کے فرسٹ سکریٹری ، نیشنل ڈیفینس کمیشن کے فرسٹ چیئرمین اورکورین پیوپلز پارٹی کے سپریم کمانڈر عز ت مآب مسٹر مارشل کِم جونگ اْن کے نام اپنے پیغام میں جناب مکھرجی نے کہا:'' جمہوری عوامی مملکت کوریا کے یوم تاسیس کے موقع پر مجھے حکومت ہند ،ہندوستانی عوام اور خود اپنی جانب سے جمہوری عوامی مملکت کوریا کے عوام کو مملکت کے یوم تاسیس کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباداورنیک خواہشات پیش کرتے ہوئے انتہائی مسرت ہورہی ہے ۔جمہوری عوامی مملکت کوریا کے ساتھ تعلقات انتہائی خوشگوار اور دوستانہ رہے ہیں۔مجھے یہ جان کر بھی انتہائی مسرت ہوئی ہے کہ دونوں ملک اپنے عوام کے باہمی فائدے کی خاطر اپنے تعلقات کو فروغ دینے کی خاطر مل کر کام کررہے ہیں۔ہندوستان زیر نظر خطے میں امن اور استحکام کے قیام کا خواہشمند ہے ۔امید کی جانی چاہئے کہ تمام بقایا مسائل تیز رفتاری کے ساتھ حل کرلئے جائیں گے ۔براہ کرم ، میری جانب سے اپنی بہترصحت اورخوشحالی اور عوامی جمہوریہ کوریا کے دوستدار عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات قبول فرمائیں۔



سرکار نے ،جموں وکشمیر اور ہماچل پردیش میں رعایتی شرحوں پر ہیلی کاپٹر خدمات کی منظوری دی

نئی دہلی۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)سرکار نے جموں وکشمیر اورہماچل پردیش میں ابتدائی بنیاد پر دس سکٹروں میں رعایتی شرحوں پر ہیلی کاپٹر خدمات شروع کئے جانے کی منظوری دے دی ہے لیکن ا س کے لئے ضروری ہوگا کہ پہلے ان انتہائی دور دراز مقامات کا تعین کیا جائے جہاں پہنچنا ناممکن نہیں تو دشوار گزار ضرورہے ۔ بعد ازاں اس اسکیم کا نفاذ مقامی آبادی کی حق بجانب ضروریات کی اندازہ کاری کی بنیاد پردیگر / اضافی سیکٹر وں میں بھی کیا جاسکتا ہے ۔اس اسکیم کے تحت جموں وکشمیر وہماچل پردیش کی سرکار وں کو سب سے پہلے اپنی اپنی ریاستوں میں ان انتہائی اہم سیکٹروں کی ازسرنو شناخت / تعین اور اسے حتمی شکل دینی ہوگی۔اس کے ساتھ ہی ریاستی سرکاروں کو حق بجانب ضروریات کی بنیاد پر مرکزی وزارت داخلہ کے مشورے سے پرواز کے وقت کا بھی تعین کرنا ہوگا۔ ان شعبوں کا فیصلہ کرتے وقت جن کے لئے فضائی رابطہ کاری کی فراہمی کی جانی ہے ، ان میں سڑک سے مسافت کے درمیان اور فضائی مسافت کے درمیان وقت کا تعین بھی انتہائی اہم تصور ہوگا۔جہاں تک جموں وکشمیر کا سوال ہے ،مشترکہ ورکنگ گروپ نے سری نگر 150 دراس 150کارگل 150زنسکار 150لیہہ کے درج ذیل پانچ سیکٹروں کے لئے جو سفارشیں کی ہیں وہ منظورکرلی گئیں ہیں۔
سری نگر 150کارگل ۔سری نگر
سری نگر 150دراس 150سری نگر
کارگل 150پدم 150لیہہ 150پدم 150کارگل
لیہہ 150لنگ شیڈ 150لیہہ
سری نگر 150لیہہ 150سری نگر
مذکورہ بالا پانچ سیکٹرو ں کے فضائی راستوں کا ازسرنو تعین مرکزی وزارت داخلہ کے ساتھ جموں وکشمیر کی سرکار کی اندازہ کاری کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
حکومت ہند ہیلی کاپٹر کی خدمات حاصل کرنے والے مستحق مسافروں کی حقیقی تعداد پرآنے والی لاگت میں ہی رعایت دے گی۔ لیکن خالی نشستوں کے لئے کوئی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔ ریاست کے مقامی شہریوں کے لئے عام مسافرتی خدمات اور ہنگامی خدمات ترجیحی بنیاد پراور رعایتی شرحوں پر فراہم کی جائیں گی۔ دورے پر آنے والے ریاستی سرکار کے افسران اور اہم شخصیات ،انکم ٹیکس دہندگان یا عام سیاح رعایتی شرحیں حاصل کرنے کے مجاز نہ ہوں گے ۔ ان افراد کو نشتیں دستیاب ہونے کی شرط پر مکمل کرائے کی ادائیگی کرنی ہوگی۔
ان فضائی امورکے خدمات کاراداروں کا انتخاب ریاستی سرکار کھلے ٹینڈروں کے طریقے سیس کرے گی اور ریاست میں ہیلی کاپٹر خدمات مارچ 2017 یا ٹھیکے کی مدت ختم ہونے (جو بھی ان میں سے پہلے ہو) تک جاری رہیں گی۔فضائی مدت کا سالانہ تعین اورجائزہ نیز سیکٹر /اسکیم کے داخلی جائزے کے ساتھ ساتھ حقیقی استعمال کا تعین وزارت داخلہ اور شہری ہوابازی کی وزارت کے مالیا تی مشیروں سے مشورے کے ساتھ مارچ 2017 کے بعد کیا جائے گا۔



جموں و کشمیر اور ہماچل میں سستی ہیلی کاپٹر سروس کو منظوری

نئی دہلی ۔11ستمبر(فکروخبر/ذرائع)مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے دور دراز کے 10 سیکٹروں میں استعمال کے طور پر رعایتی ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کی منظوری دی ہے ۔ یہ سروس مقامی لوگوں کے ناقابل رسائی علاقوں میں ٹریفک کو آسان بنانے کے مقصد سے شروع کی جا رہی ہے اور اس میں ایسے راستوں کو ترجیح دی جائے گی جہاں آنے جانے کے اسباب کم ہیں اور سڑک کے ذریعے جانے میں بہت زیادہ وقت لگتا ہے ۔ ابھی یہ سروس کچھ علاقوں میں شروع کی جائے گی اور بعد میں ضرورت کی بنیاد پر توسیع کی جائے گی۔ ریاستی حکومتوں کو مرکزی وزارت داخلہ کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے نئے راستے طے کرنے ہوں گے ۔ ان راستوں پر ہنگامی سروس اور مقامی لوگوں کو ترجیح کے ساتھ سیٹ اور سبسڈی دی جائے گی۔ اہم لوگوں، سرکاری حکام، ٹیکس دہندگان اور سیاحوں کو سبسڈی نہیں دی جائے گی اور ان سے مکمل کرایہ وصول کیا جائے گا۔
مشترکہ ورکنگ گروپ نے ابھی تک جموں و کشمیر کے جن پانچ سیکٹروں میں اس سروس کی منظوری دی ہے ان میں سرینگر، دراس، کرگل، جانسکر اور لیہ شامل ہیں۔ یہ سروس سرینگر۔کارگل۔سرینگر، سرینگر۔دراس۔سرینگر، کرگل۔پدم۔لیہہ۔پدم۔کرگل، لیہ اور سرینگر۔لیھ۔ سرینگر راستوں پر چلائی جائے گی. ریاستی حکومت وزارت داخلہ کے ساتھ مل کر ان راستوں کی تبدیلی کر سکتی ہے . حکومت یہ سروس چلانے والے آپریٹر منتخب کرنے کے لئے ٹینڈر طلب کرے گی. یہ سروس معاہدہ کی تکمیل یا اگلے سال مارچ تک جاری رہے گی۔


جی ایس ٹی یکم اپریل سے ، وقت کام اور کام زیادہ: ارون جیٹلی

نئی دہلی۔10ستمبر(یو این این)مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج کہا کہ حکومت اگلے سال یکم اپریل سے ملک بھر میں یکساں ٹیکس نظام کے تحت گڈس اینڈ سورس ٹیکس (جی ایس ٹی) ایکٹ کو لاگو کرنے کے لئے مصروف عمل ہے اور اس کے لئے پوری کوششیں کی جائیں گی۔ مسٹر جیٹلی نے یہاں کہا کہ جی ایس ٹی نافذ کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لئے تیاری کی جا رہی ہے ۔ انہوں ے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ بہر حال اس کام میں آزمائشیں زیادہ ہیں اورمہلت کم۔ جی ایس ٹی سے متعلق آئینی ترمیم بل کے حق میں آدھے سے زیادہ ریاستوں کی رضامندی حاصل کرنے کے بعد کل صدر پرنب مکھرجی نے بھی اسے منظوری دیدی۔ اب جی ایس ٹی کونسل کی تشکیل ہو گی. اس میں مرکزی وزیر اور ریاست کے وزیر خزانہ شامل رہیں گے ۔ جی ایس ٹی ٹیکس کی شرح کی حد اور مرکز اور ریاستوں کے درمیان حقوق بھی متعین کئے جائیں گے ۔ انھوں نے کہاکہ "قوانین کو حتمی شکل دینے کے لئے بس ستمبر، اکتوبر اور نومبر کا وقت ہے ." انہوں نے تسلیم کیا کہ جی ایس ٹی سے متعلق کچھ اہم مسئلہ اب بھی سامنے ہے لیکن انہیں سلجھا لیا جائے گا اور متعلقہ بل پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں منظور کیا جا سکتا ہے . انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کا بوجھ عام آدمی پر نہیں پڑے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اب بینکوں کی نجکاری کے لئے تیار نہیں ہے ۔ اس لئے ابھی طویل وقت لگے گا اور معیشت کو اورمضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا