English   /   Kannada   /   Nawayathi

بار بار انسانیت کو شرمسار کرتا طبی عملہ:(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

ہر شخص بیٹی کی بے وقت موت پر رو پڑا۔ آپ کو بتا دیں کہ کچھ دنوں پہلے ہی اڑیسہ کے کالاہانڈی میں بیوی کی لاش لے کر پیدل چلتے دانا مانجھی نام کے شخص کی تصویروں نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا


ضلع کرشنا میں سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک اور مزید دو شدید زخمی

حیدرآباد۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع) آندھراپردیش کے ضلع کرشنا میں پیش آئے سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک اور مزید دو شدید زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ ضلع کرشنا کے باپولا پاڈو منڈل کے کوڈو واڈو کے قریب اس وقت پیش آیا جب دو تیز رفتار منی لاریاں ایک دوسرے سے ٹکراگئیں ۔ پولیس نے بتایا کہ گنیش کی مورتی کے ساتھ حیدرآباد سے کاکناڈا جانے والی لاری کی دوسری لاری سے ٹکر ہوگئی ۔ اس حادثہ میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور مزید دو افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ مقامی افراد نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہونچی جس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ۔ مرنے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی ۔


نیوز چینلز پر بھڑکے ممبران اسمبلی، پارٹی بدلنے کی جھوٹی افواہ پھیلانے کا الزام عائد کیا

لکھنؤ۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع) اترپردیش اسمبلی کے دو ارکان جنگلات کے وزیر مملکت تیج نارائن عرف پون پانڈے اور کپل دیو اگروال نے آج ایوان میں دو نیوز چینلز پر ان کے تعلق سے غلط خبر دکھائے جانے کا الزام لگاتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔اسمبلی اسپیکر ماتا پرساد پانڈے نے اسے نوٹس میں لیتے ہوئے استحقاق کی خلاف ورزی کا نوٹس دینے کے لئے کہا۔ مسٹر پانڈے کا کہنا تھا کہ قوانین 63 کے تحت نوٹس دیجئے ۔ وہ اس پر اصولوں کے مطابق کارروائی کریں گے ۔ایودھیا اسمبلی سیٹ سے ممبر اسمبلی اور صوبے کے جنگلات کے وزیر مملکت تیج نارائن عرف پون پانڈے نے ایوان کی کارروائی کے درمیان اس معاملے کو اٹھایا۔ مسٹر پانڈے نے کہا کہ ایک نیوز چینل دو تین دن سے دکھا رہا ہے کہ وہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے فیض آباد کے ایم پی للو سنگھ کے ساتھ ملاقات کی ہے اور جلد ہی بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا، ''یہ خبر پوری طرح غلط ہے ۔ وہ راج ناتھ سنگھ سے کبھی ملے ہی نہیں اور نہ ہی للو سنگھ سے کوئی بات کی ہے ۔ نیوز چینل میری ساکھ کو خراب کر رہا ہے ۔ فرقہ پرست طاقتوں سے نہ تو کبھی سمجھوتہ کیا ہے اور نہ ہی کبھی کروں گا. "


اس بار ذات نہیں بلکہ ترقی ا ہم انتخابی ایجنڈا:اکھلیش

لکھنؤ۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں اس بار ذات نہیں بلکہ ترقی اہم ایجنڈا ہوگا۔مسٹر یادو نے آج یہاں اسمبلی میں کہا کہ انتخابات کو ذات پات اور کچھ دوسرے مسئلے متاثر کر سکتے ہیں لیکن بنیادی مسئلہ ترقی ہی ہے ۔انہوں نے کہا، "مجھے پورا یقین ہے کہ رائے دہندگان سماج وادی پارٹی کی حکومت کے کاموں کو ضرور ذہن میں رکھیں گے ۔ ان کی حکومت نے ترقی کے کافی کام کئے ہیں۔ خاص طور پر نوجوان نسل ان چکروں میں نہیں پڑے گی۔ وہ ترقی کے نام پر ہی ووٹ ڈالیں گے ۔ ایس پی کے ساتھ ہی کانگریس اور بی جے پی لیڈروں نے بھی انتخابات کے بعد حکومت بنانے کے دعوے کئے ۔ بی جے پی اور کانگریس میں تو اس دعوے کو لے کر زبردست مقابلہ آرائی دیکھنے کو ملی۔ بی جے پی قانون ساز اسمبلی کے لیڈر سریش کمار کھنہ نے کہا کہ آنے والی حکومت ان کی ہی پارٹی کی ہوگی جبکہ کانگریس لیڈر پردیپ ماتھر نے کہا کہ سیکولر پارٹیاں متحد ہو کر بی جے پی کو حکومت میں آنے سے روک دیں گی۔ مسٹر ماتھر نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ کانگریس 27 برسوں بعد صوبے کی حکومت بنانے جا رہی ہے ۔ عوام نے ذہن بنا لیا ہے ۔راشٹریہ لوک دل کے لیڈر دلویر سنگھ کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کی مدد کے بغیر کوئی بھی حکومت نہیں بنا پائے گا۔ ان دعووں کے درمیان ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہونے سے پہلے وزیر اعلی نے کہا کہ صنعتی علاقے میں کافی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔ اس سرمایہ کاری سے سماج وادی پارٹی کو دوبارہ حکومت بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ تکنیکی ترقی سے بدعنوانی پر لگام لگائی جا سکتی ہے ۔ ان کی حکومت نے اس سلسلے میں بہت کام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے کا حق الیکشن کمیشن کو ہے ، لیکن ان کی خواہش ہوگی کہ الیکشن اچھے موسم میں ہو۔


راہل کی دورے سے پہلے کانگریس کی میٹنگیں شروع

دیوریا۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع)کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی چھ ستمبر کو اترپردیش کے دیوریا سے اپنے دورے کے شروعات کریں گے ۔اس کے لئے پارٹی نے اس دورے کے سلسلے میں میٹنگوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔پارٹی ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق کانگریس نائب صدر راہل گاندھی پانچ ستمبر کو دیوریا پہنچیں گے اور وہ چھ ستمبر کو پارٹی ترجمان اور ردر پور کے رکن اسمبلی اکھیلیش پرتاپ سنگھ کے ہمراہ باقائدہ اپنے دورے کی شروعات کریں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ راہل کے دورے کی کامیابی کے لئے پرشانت کشور (پی کے ) اور ان کی ٹیم کے اراکین کل شام ہی دیوریا پہنچ چکے ہیں۔پارٹی کے دفتر میں مسٹر پی کے نے سینئر عہدے داران کے ساتھ بیٹھ کر پوروانچل کے اہم مسائل بجلی ،چینی مل،سیلاب اور صحت سے متعلق سہولیات کی بدحالی پر تفصیلی بات کی۔کانگریس کے ضلعی صدر راگھویندر سنگھ نے حالانکہ مسٹر پی کے کی آمد اور ان کے ساتھ بات چیت سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کوئی اطلاع دینے سے منع کردیا۔اب تک کے طے پروگرام کے مطابق مسٹر گاندھی چھ ستمبر کو دیوریا کے ردر پور سے اپنا دورہ شروع کریں گے اور ریاست کے تقریباً 225 اسمبلی حلقوں کادورہ کرتے ہوئے غازی آباد میں اپنے دورے کو ختم کریں گے ۔

قربانی رضائے الٰہی کے حصول کے لیے کی جائے
عیدالاضحی کے پیش نظردارالعلوم اسراریہ سنتوش پور میں میٹنگ کاانعقاد
سنتوشپور۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع)حفظ و تجویداوردینی تعلیم و تربیت کی مشہور و معروف درس گاہ دارالعلوم اسراریہ سنتوش پور میں آج عیدالاضحی کے پیش نظرایک میٹنگ منعقد گئی۔جس میں مدرسہ کے تعلیمی و تربیتی نظام کاجائزہ لینے کے علاوہ اس سال طلبہ کی تعدادمیں اضافہ کی وجہ سے مدرسہ میں بڑھنے والے اخراجات کی تلافی کے وسائل اوراہلِ خیرحضرات کومدرسے کے تعاون کی طرف متوجہ کرنے کے سلسلے میں بھی غور و خوض کیاگیا،ساتھ ہیعیدالاضحیٰ کی تعطیل کی مناسبت سے طلبہ کوہدایات بھی دی گئیں۔اس موقع سے قربانی کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے مولانامنیرالدین نے کہاکہ عیدالاضحیٰ ایک عظیم اسلامی تہوارہے اوراس کا مقصد مسلمانوں کے دلوں میں اللہ کے راستے میں ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کا جذبہ پیداکرنا ہے۔انھوں نے کہاکہ یہ اللہ کے جلیل القدرپیغمبر حضرت ابراہیم و اسمعیل ؑ کی سنت ہے اوراسے ہمارے محبوب نبیﷺنے بھی پوری زندگی اہتمام کے ساتھ کیاہے۔قاری علی مرتضیٰ نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ چھٹی کے ایام میں نمازوں کا اہتمام کرنے کے ساتھ اچھے اخلاق کا مظاہرہ کریں اور جوکچھ مدرسے میں اساتذۂ کرام کی نگرانی میں عملی مشق کے ذریعے سیکھا ہے،اس کااثرآپ کے ذریعے سے گھراورمحلے کے دیگرلوگوں تک بھی پہنچنا چا ہیے۔مولاناحافظ مرغوب الرحمن نے کہاکہ قربانی ایک عظیم عبادت ہے لہذا اس کو عبادت سمجھ کر اور ثواب کی نیت سے کرنا چاہیے،اس پراللہ تعالیٰ بے حساب اجردے گا۔تانتی بگان پروگریسیوسوسائٹی کے شمیم اختر جاویدنے کہاکہ دارالعلوم اسراریہ نے محض سات سالوں میں عمدہ تعلیمی کارکردگی کامظاہرہ کیاہے اوراب تک یہاں سے ۱۲۴؍بچے حفظِ قرآن مکمل کرچکے ہیں،اس کے علاوہ اس مدرسے کاتربیتی نظام بھی نہایت معیاری ہے جس کی وجہ سے شہراورعلاقے میں اس مدرسے کومقبولیت حاصل ہورہی ہے ، چوں کہ یہ مدرسہ ایک غریب و پسماندہ علاقے میں واقع ہے اوراہلِ خیر مسلمانوں کے تعاون سے ہی اس کا روزمرہ کا خرچ چلتاہے،لہذاتمام علم دوست اوراہلِ خیرمسلمانوں کواس مدرسے کومزیدمستحکم کرنے کے لیے کوشش کرنی چاہیے ،شاہی اصطبل کے امام مولاناانوارالحق ندوی نے دارالعلوم اسراریہ کی خدمات کے پیش نظر اپیل کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر خاص طورسے چرمِ قربانی کے ذریعے سے اس مدرسے کی امداد فرما کر اجر و ثواب حاصل کریں۔ مدرسے کے مہتمم مولانانوشیراحمدنے کہاکہ علاقے کے ان مسلمانوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے لیے، جوخودقربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے،دارالعلوم اسراریہ میں ہر سال قربانی کا نظم کیاجاتا ہے اورمستحقین تک گوشت پہنچانے کااہتمام کیاجاتاہے ،اس لیے اہلِ خیر مسلمانوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنی قربانی کے حصے دارالعلوم اسراریہ میں کروائیں تاکہ علاقے کے غریب ونادار مسلمانوں کو بھی عیدکی خوشیوں میں شریک کیاجاسکے۔ اس نشست کے خصوصی شرکاء میں مدرسہ کے نگراں انجینئر وقار احمدخان، عالیہ یونیورسٹی کے لیکچر ر پروفیسر مستقیم،یونانی میڈیکل کالج کے ڈاکٹر ذوالفقار اعظمی، حج کمیٹی کے سیدنیراقبال ہاشمی،ملک بازارکے ارشاداحمد،آکڑہ کے حافظ صداقت،مٹیابرج کے شکیل انصاری،خضرپور کے شمشا د خان، سی اے مسیح احمد،پارک اسٹریٹ کے منورعلی کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ چرم قربانی وحصے کے تعلق سے مزیدمعلومات کے لیے مولانانوشیراحمد کے اس نمبر 9818893994 پر بذریعہ فون یاواٹس ایپ رابطہ کیا جاسکتاہے۔


بجنور بم دھماکہ معاملہ میں ملز مین پر فرد جرم عائد 

ممبئی ۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع)بجنور بم دھماکے معاملے میں گرفتار شدہ پانچوں ملز مین رئیس ،عبد اللہ ،فرحان ،ندیم ،اور حسنی نامی ایک خاتون بھی شامل ہے جن کا مقدمہ لکھنو کی این۔ آئی۔ اے۔ کی خصوصی عدالت میں چل رہا ہے آج بتاریخ ۲ ستمبر کو ان پانچووں ملز مین پر ملک کے خلاف جنگ ،اس جنگ کے لئے افراد اور ہتھیار فراہم کرناسمیت یو۔ اے۔ پی۔ اے کی سخت ترین قوانین کے تحت فرد جرم عائد کر دیا گیا ہے اور گواہی کے لئے اسی ماہ کی ۲۰ تاریخ مقرر کی گئی ہے اس کیس کی پیروی جمعیۃ علماء مہا راشٹر کی جا نب سے ایڈوکیٹ ابوبکر سباق سبحانی کررہے ہیں ۔واضح رہے کہ بجنور( اتر پر دیش) میں ۱۲؍ستمبر ۲۰۱۴ء ؁ میں ایک دھماکہ ہو ا تھا ۔ جس کے بعد پولس نے یو اے پی اے کی دفعات کے تحت مقدمہ قائم کر کے بجنور ضلع کے ہی پا نچ مسلم افراد جس میں ایک خاتون بھی شامل ہے کو گرفتار کر لیا تھا ،اس کیس کی سنوائی پہلے تو بجنور ضلع عدالت میں ہو ئی تاہم حکومت ہند نے جب کیس این آئی اے کے حوالے کر دیا تو مقدمے کی سما عت بھی بجنور ضلع عدالت سے لکھنؤاین آئی اے اسپیشل کورٹ میں منتقل ہو گئی۔ بجنور میں وکلاء نے کیس کا با ئیکاٹ کر دیا تھا ۔جس کے بعد ان ملز مین کے اہل خانہ نے مفت قانونی پیروی کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹرسے مقدمہ کی پیروی کے لئے در خواست کی تھی جس کے بعد جمعیۃ نے اس کیس کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے اس مقدمہ کی پیر وی کے لئے دہلی کے مشہور ایڈوکیٹ ابوبکرسباق سبحانی کونامزد کیا ہےمزید تفصیلات دیتے ہوئے جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے سینر کریمنل ایڈوکیٹ پٹھان تہور خان کے مطابق لکھنؤ کی خصوصی این آئی اے عدالت نے پانچوں ملز مین پر فرد جرم عائد کر دیا ہے جب کہ کئی قانونی نکات پر نہایت ہی کمزور کیس لکھنو ہائی کور ٹ میں زیر سماعت ہونے کے با وجود وکیل استغاثہ کی شدید جلد بازی کے بعد آنا فانا میں ہی ٹرائل شروع کی جا رہی ہے ۔ ایڈوکیٹ پٹھان تہور خان نے جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے قابل ترین اور ہونہار نو جوان ایڈوکیٹ ابوبکر سباق کی بجنور بم دھماکہ معاملہ کیس میں انکی کاوشوں کی پرزور ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انشاء اللہ پانچوں ملز مین با عزت رہا ہونگے اور انصاف و سچائی کی جیت ہوگی ۔واضح ہو کہ دفاع کی جا نب سے دائر شدہ دستاویزوں میں یہ بات وا ضح کی جا چکی ہے کہ جھوٹے گواہ تیار کئے گئے ہیں اور دھماکہ خیز مادہ سازش کے طور پر پلانٹ کیا گیا ۔ اور کئی چیزیں جھوٹے اور من گھڑت پنچ ناموں کے تحت کیس کو کھڑا کرنے کی کو شش کی گئی ہے ۔
اس موقع پرمولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے کہا کہ ملک کی بیشتر تحقیقاتی ایجنسیا ں اصل مجرم کو گرفتار نہ کر تے ہو ئے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بے قصور مسلم نوجوانو ں کو ناکر دہ جرم عائد کر تے ہو ئے بر سو ں سے سلا خوں کے پیچھے رہنے پر مجبور کر رہی ہیں اس معاملے میں بھی گرفتار شدہ پانچوں افراد بے قصوور ہیں ان کو جان بو جھ کر پھنسایا گیا ہے جمعیۃ کے وکلاء اس کیس کی مضبوط طریقے پر پیروی کرہے ہیں انشاء اللہ دیگر مقدمات کی طرح اس کیس میں بھی ملز مین کو اانصاف ملے گا اور انہیں رہائی نصیب ہوگی ۔ 


بہار سرکار سیلاب اور خشک سالی پر تفصیلی رپورٹ تیار کرے گی: منجو ورما

سمستی پور ۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع)بہار حکومت ریاست میں سیلاب اور خشک سالی متاثرہ علاقوں کا سروے کر کے جلد ہی تفصیلی رپورٹ تیار کرے گی۔ سماجی فلاح و بہبود کی وزیر منجو ورما نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار کی ہدایت پر متعلقہ افسران سیلاب اور خشک سالی زدہ علاقوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ انہوں بتایا کہ سمستی پور سمیت ریاست کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں خاص کیمپ لگا کر متاثرین کے درمیان جنگی سطح پر انتظامیہ کی جانب سے امدادی کام چلایا جا رہا ہے ۔ محترمہ منجو ورما نے بتایا کہ سمستی پور کے 99 گاؤں میں تقریبا تین لاکھ کی آبادی سیلاب سے متاثر ہے ۔ متاثرہ علاقوں میں 37 ریلیف مراکز اور تقریبا دو سو کشتیوں کی مدد سے سیلاب متاثرین کے درمیان راحتی اشیاء تقسیم کی جارہی ہے ۔ انہوں بتایا کہ ضلع سمستی پور میں سیلاب سے اب تک 13 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔ سماجی فلاح و بہبود کی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے سمستی پور میں سیلاب متاثرین کے لئے تقریبا پانچ ہزار کوئنٹل اناج مختص کیا ہے ۔اس موقع پر سابق ممبر پارلیمنٹ اشومیدھ دیوی، کانگریس کے ضلع صدر محمد ابو تمیم اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ضلع صدر ونود کمار رائے بھی موجود تھے ۔


بانکا میں سڑک حادثے میں دو لوگوں کی موت، دو زخمی

بانکا ۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع)بہار میں ضلع بانکا کے کٹوریا تھانہ علاقے میں آج سڑک حادثے میں ایک نوجوان سمیت دو لوگوں کی موت ہو گئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے ۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ کرجھوسا گاؤں کے نزدیک دو موٹر سائیکلوں کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں ایک نوجوان اور ایک معمر شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس حادثے میں ایک خاتون اور اس کا بچہ زخمی ہو گئے ۔ مرنے والوں میں ایک کی شناخت رستم انصاری (65) کے طور پر کی گئی ہے جبکہ نوجوان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں بچے کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے جسے بہتر علاج کے لئے بانکا صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔زخمی خاتون کو کٹوریا ریفرل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔


تلنگانہ میں ایک طالب علم نے خود کشی کی

حیدرآباد ۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع) تلنگانہ میں حیدرآباد کے ایس۔ آر۔نگر میں کل ایک طالب علم نے ہاسٹل کے ایک کمرے میں پھندہ لگاکر جان دے دی۔ پولیس نے یہاں بتایا کہ نالگوڈا ضلع کے رہنے والے 24 سالہ نوین کمار گذشتہ فروری سے ھاسٹل میں رہ رہا تھا اور وہ کسی کورس کے لئے کوچنگ کر رہا تھا. وہ انجینئرنگ گریجویٹ تھا. موقع سے ملے خودکشی نامہ میں کہا گیا ہے کہ ذہنی تناؤ میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اسے یہ قدم اٹھانا پڑا۔


بی ایچ یو میں ہنگامہ۔آتش زنی سے تناؤ،یونیورسٹی کے احاطے میں پولیس تعینات

وارانسی۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع) بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو)میں کل رات ایک زخمی طالب علم کے علاج کے تنازعہ پر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں اورطلبا کے درمیان مارپیٹ کے بعد آدھی رات تک ٹراما سینٹر اور دھنونتری ہاسٹل میں توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات پیش آئے ۔طلبا کی مشتعل بھیڑ کے ذریعہ ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے ہاسٹل میں زبردستی گھس کر ان کی 30موٹر سائکل جلانے کے واقعہ کے بعد یونیورسٹی کے احاطے میں تناؤ کا ماحول برقرار ہے ۔اس کے پیش نظر احاطے میں بڑی تعداد میں سکیورٹی دستوں کو تعینات کیاگیا ہے ۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ وجے کرن آنند اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ آکاش کلہری نے آدھی رات کو مشتعل طلبا کو سمجھا کر صورت حال کو قابو کرنے کی کوشش کی،جس سے ہنگامہ کا سلسلہ تھم گیا،لیکن تنازعہ برقرار ہے ۔تناؤ کے پیش نظر یونیورسٹی احاطے میں احتیاط کے طور پر بڑی تعداد میں مقامی پولیس کے ساتھ پی اے سی کے جوانوں کو تعینات کیاگیا ہے ۔ٹراما سینٹر ،وائس چانسلر کے دفتر اور رہائش گاہ،دھنونتری ہاسٹل اور بڑلا ہاسٹل کے آس پاس خاص نگرانی کی جارہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ بی ایچ یو کے بڑلا (اے )ہاسٹل میں رہ رہے گریجویشن کے سال دوم کا طالب علم شبھم تیوتیا ایک حادثے میں زخمی ہوگیا تھا۔اسے کے ساتھی پربھات اپادھیائے اور آیوش سنگھ اسے علاج کے لئے بی ایچ یو کے ٹراما سینٹر لے کر گئے ،جہاں الزام ہے کہ ڈاکٹروں نے شبھم کو داخل کرنے سے منع کردیا۔اسی بات پردونوں طلبا کی ڈاکٹروں کے کہا سنی اور مار پیٹ ہوگئی۔الزام ہے کہ دونوں طلبا کو کچھ ڈاکٹروں نے ایک کمرے میں بند کردیا۔اس کی اطلاع ملتے ہی بڑلا ہاسٹل پہنچتے ہی بڑی تعداد میں وہاں کے طلبا ٹراما سینٹر پہنچ گئے اور ہنگامہ کرنے لگے ۔متعدد ریزیڈنٹ ڈاکٹروں اور بڑلا ہاسٹل کے طلبا کے درمیان کئی بار جھڑپ اور مار پیٹ ہوئی ۔طلبا کی مشتعل بھیڑ نے ٹراما سینٹر میں توڑ پھوڑ کی۔انتظامیہ کے بیچ بچاؤ کرانے کے بعد زخمیوں کو رس سندر لال اسپتال میں داخل کرایاگیا۔اس کے بعد بڑی تعداد میں طلبا ریزینڈنٹ ڈاکٹروں کے دھنونتری ہاسٹل پہنچ گئے اور سکیورٹی گارڈس کی موجودگی میں ہی توڑ پھوڑ کی اور موٹر سائکلوں کو آگ لگا دی۔بی ایچ یو کے ترجمان ڈاکٹر راجیش سنگھ کے مطابق کم از کم 30موٹر سائکلوں کو جلانے کی اطلاع ملی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فسادیوں کی شناخت کی جارہی ہے ۔اسی کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ آج یونیورسٹی کا کام معمول کے مطابق چل رہا ہے ۔


نوٹ کے بدلہ ووٹ معاملہ میں قانون اپنا کام کرے گا :کویتا

حیدرآباد۔03ستمبر(فکروخبر/ذرائع)ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا نے واضح کیا ہے کہ نوٹ کے بدلہ ووٹ معاملہ میں قانون اپنا کام کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں عدالت نے جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی اے سی بی کو ہدایت دی ہے ۔اس معاملہ میں قانون کے مطابق کام کیا جائے گا کیونکہ قانون کی بالادستی ہے اور اگر کوئی قصوروار پایا جاتا ہے تو اسے انصاف کے کٹہرے میں ٹھہرایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کو بے نقاب کیا جائے گا جن کی حرکتیں عوام نے دیکھی ہیں۔نوٹ کے بدلے ووٹ معاملہ میں تلنگانہ تلگودیشم کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی نامزد رکن اسمبلی کو رشوت دیتے ہوئے پکڑے گئے تھے ۔ کویتا نے ریاستی حکومت کی جانب سے گنے کے کسانوں کی فلاح و بہبودکے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تلنگانہ حکومت نے گزشتہ دو سالوں میں نظام شوگر فیکٹری کیلئے 66کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔
مسٹرکویتانے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے جون 2014میں اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی نظام آباد کی اس قدیم نظام شوگر فیکٹری کے احیاء کیلئے حکومت نے 66کروڑ روپئے جاری کئے ہیں اور گنے کے کسانوں کی مدد کی ۔ انہوں نے رقم کی اجرائی کی تفصیلات سے بھی واقف کروایاتاکہ کسانوں اور فیکٹری کو بچایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ کی دوراندیشانہ اور فیاض رویہ کے سبب گنے کے کسان بہتر حالت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شکر کی صنعتیں بحران کی شکار ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو کے وزارت اعلی کے دور میں منافع بخش صنعتوں کو پرائیویٹ کمپنیوں کے حوالہ کیا گیا تھا اس وقت سے تلنگانہ کے عوام اس کی مخالفت کرتے آرہے ہیں اور گزشتہ دو سال سے وہ ان کمپنیوں کو واپس لینے کی کوشش کررہی ہیں۔ حکومت کسانوں کے نقصانات کی پابجائی کررہی ہے ۔ امید ہے کہ کسان ان فیکٹریز کو اپنے ہاتھ میں لے لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امداد باہمی کی طرز پر کسانوں کی مدد سے شکر کی فیکٹریوں کو چلایا جائے گا ۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا