English   /   Kannada   /   Nawayathi

کشمیر میں ہڑتال کا 45 واں دن، سری نگر سمیت متعدد علاقوں میں کرفیو جاری، بی ایس ایف کی تعیناتی شروع(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

کرفیو اور پابندیوں کے باوجود وادی کے بیشتر علاقوں میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات مسلسل موصول ہورہی ہیں۔دریں اثنا کشمیر کی سڑکوں پر بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) فوجیوں کی تعیناتی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔سری نگر کے سیول لائنز میں تعینات بی ایس ایف فوجیوں کے ایک گروپ نے بتایا 146ہمیں امرناتھ یاترا ڈیوٹی انجام دینے کے بعد یہاں تعینات کیا گیا۔یو این آئی کے ایک نامہ نگار جس نے کرفیو زدہ سیول لائنز کے مختلف علاقوں بشمول ریگل چوک، ریذیڈنسی روڑ، مولانا آزاد روڑ اور پولو ویو کا دورہ کیا، نے اِن علاقوں کی سنسان پڑی سڑکوں پر بی ایس ایف فوجیوں کو تعینات دیکھا۔ وادی کے دوسرے کچھ علاقوں سے بھی بی ایس ایف کی تعیناتی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فورس کے اہلکاروں کو امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔تاہم انہوں نے بتایا کہ کتنی کمپنیاں تعینات کی جائیں گیکی تفصیلات اکٹھا کی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وادی میں فوج کو کئی ایک مقامات بالخصوص شمالی اور جنوبی کشمیر میں قومی شاہراہوں پر تعینات کردیا گیا ہے۔وادی میں کرفیو اور ہڑتال کے باعث پیر کو مسلسل 45 ویں روز بھی معمولات زندگی مفلوج رہے۔ وادی کے اطراف واکناف میں دکانیں اور تجارتی مراکز گذشتہ44دنوں سے مسلسل بند ہیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی بھی معطل ہے۔وادی کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے جہاں گذشتہ ماہ کی یکم تاریخ سے بدستور بند پڑے ہیں، وہیں سرکاری دفاتر میں معمول کا کام کاج 9 جولائی سے بدستور ٹھپ پڑا ہے۔اگرچہ ریاستی حکومت نے اپنے ملازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر ہوجائیں بصورت دیگر انہیں اگست کی تنخواہ نہیں دی جائے گی۔ تاہم ملازمین نے اس سرکاری ہدایت پر ناراضگی اور افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرفیو، ہڑتال اور پابندیوں کے چلتے اُن کے لئے اپنے دفاتر میں حاضر ہونا ممکن نہیں ہوپا رہا ہے۔علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے وادی میں جاری ہڑتال میں 25 جولائی تک توسیع کا اعلان کر رکھا ہے۔ کسی بھی احتجاجی مظاہرے یا احتجاجی مارچ کی قیادت کرنے سے روکنے کے لئے بیشتر علیحدگی پسند لیڈران کو یا تو اپنے گھروں میں نظر بند رکھا گیا ہے، یا پولیس تھانوں میں مقید رکھا گیا ہے۔ڈاون ٹاون کے ملارٹہ میں اتوار کی شام سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ایک جواں سال نوجوان عرفان احمد کی ہلاکت کے بعد سری نگر کے ڈاون ٹاون اور شہرخاص میں گذشتہ 44 دنوں سے نافذ کرفیو میں مزید سختی لائی گئی ہے۔ فتح کدل کا رہنے والا عرفان گذشتہ شام اُس وقت موقع پر ہی ہلاک ہوگیاجب سیکورٹی فورسز نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے پھینکے۔ ڈاکٹروں کے مطابق آنسو گیس کا شیل عرفان کے سینے پر جالگا تھا اور اسے مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔


جو لوگ ہندوستان کو اپنا ملک سمجھتے ہیں، انہیں گائے کو ماںمانناپڑے گا

جھاڑ کھنڈ کے وزیراعلیٰ رگھوورداس کا متنازعہ بیان 

کولکاتہ،22 اگست (فکروخبر/ذرائع)جھارکھنڈ کے وزیر اعلی رگھوور داس نے آج کہا کہ جو لوگ ہندوستان کو اپنا ملک سمجھتے ہیں، انہیں گائے کو ماں سمجھنا چاہیے۔تاہم داس نے زور دے کر کہا کہ گائے کو بچانے کی آڑ میں تشدد نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گائے کو بچانے کے نام پر حال میں ہوئے پرتشدد واقعات میں جانور اسمگلر شامل ہو سکتے ہیں۔داس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ مکمل سنگھ پریوار گائے بچانے کے لیے مسئلے کو لے کر متفق ہے،جو لوگ ہندوستان کو اپنا ملک سمجھتے ہیں، ان گائے کو اپنی ماں کی طرح سمجھنا چاہیے۔گئوکشی اورگائے شماری کے معاملے پر سنگھ پریوار کے ساتھ اختلافات کے بارے میں پوچھے جانے پرداس نے کہا کہ سنگھ پریوار اس معاملے پر متحد ہے،گائے ہماری ماں ہے،جو لوگ ہندوستان میں رہتے ہیں اور ہندوستانی ہیں، جو لوگ ہندوستان کو اپنا ملک کہتے ہے، ان کے لئے گائے ان کی ماں کی طرح ہے۔داس نے گئورکشا کے نام پر حال میں ہوئے واقعات سے پیدا ہوئے تنازعہ کے درمیان یہ رائے دی ہے۔داس نے کہا کہ اس معاملے پر ہمارے وزیر اعظم نے جو بھی کہا ہے، وہ صحیح ہے،آپ کوکسی بھی مذہب، ذات کے ہوں، لیکن گائے ہماری ماں ہے اور ہمیں گایوں کی حفاظت کرنی چاہیے، لیکن گئورکشا کے نام پراگر کوئی تشدد کرتا ہے، تو یہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور سے محسوس کرتا ہوں کہ جو لوگ جانوراسمگلنگ میں ملوث ہیں، وہی اس قسم کے جرائم کرتے ہیں، اس بات کی تحقیقات کی جانی چاہیے۔


ملیشیا کے گلوکار توہینِ اسلامکے الزام میں گرفتار

ملیشیا :22 اگست (فکروخبر/ذرائع) پولیس نے ملیشیا کے ایک مقبول لیکن متنازع گلوکار کو اس الزام میں گرفتار کر لیا ہے کہ ان کی حالیہ میوزک ویڈیو میں اسلام کی توہین کی گئی ہے۔نامیوی، جن کا اصل نام وی مینگ چی ہے، کو اتوار کے روز حراست میں لیا گیا۔ان کے ایک گانے  او مائی گاڈ کی ویڈیو میں انھیں ملیشیا میں مقدس مقامات کے آگے کھڑے ہو کر گاتے دکھایا گیا ہے۔ یہ ویڈیو جولائی میں نشر کی گئی تھی۔نامیوی، جن کی موسیقی گالیوں سے لبریز ہوتی ہے، کہتے ہیں کہ او مائی گاڈ کا مقصد مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔نامیوی نے پانچ برس قبل مقبولیت حاصل کی تھی۔ وہ چینی زبان میں گاتے ہیں اور چین اور تائیوان میں بھی مقبول ہیں۔وہ اکثر تنازعات کی زد میں رہتے ہیں۔ ایک ویڈیو میں وہ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر ملیشیا کے بجلی کے محکمے پر سوال اٹھاتے دکھائی دیتے ہیں۔ ایک اور ویڈیو میں انھوں نے ملیشیا کے قومی ترانے کی پیروڈی کی تھی، جس پر وہ جیل جاتے جاتے بچے۔


تلبیہ کی گونج میں تلنگانہ کے عازمین حج کا پہلا قافلہ روانہ، نائب وزیراعلی محمد محمود علی نے کہا وداع

حیدرآباد : 22 اگست (فکروخبر/ذرائع) احرام میں ملبوس تلنگانہ 340 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ آج صبح تلبیہ کی گونج میں آج حج کیمپ سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ اور وہاں سے ایر انڈیا کی چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعہ براہ جدہ سوئے حرم روانہ ہوا۔ حج کیمپ میں آرٹی سی کی بالکل نئی میٹرو بسوں کے ذریعہ عازمین کی روانگی کا منظر دیدنی تھا۔ جہاں عازمین کے لبوں پر تلبیہ کا ورد جاری تھا وہیں بسوں کے قریب والنٹےئرز اور دیگر افراد بھی با آواز بلند تلبیہ پڑھ رہے تھے جس کے سبب ایک روح پرور منظر پیدا ہوگیا ۔
عازمین کے رشتہ داروں نے آنکھوں میں آنسو اور لبوں پر دعاؤں کے ساتھ اپنے عزیزوں کو وداع کیا ۔ حج ہوز نامپلی حیدرآبادمیں نائب وزیراعلی جناب سید محمود علی نے جھنڈی لہرا کر عازمین کو وداع کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ایر پورٹ کے حج ٹرمنل پر طیارہ کو جھنڈی دکھائی۔حج کیمپ میں عازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان سے ملک و قوم اور ملت کی ترقی اور خوش حالی اور امن و امان اور اچھی بارش کی دعأ کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے عازمین حج کو ان کی زندگی کے اس مقدس ترین سفر پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ خصوصاً وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کو حجاج کرام کو سہولتوں کی فراہمی اور ان کی بھلائی سے گہری دلچسپی ہے۔ ان کو اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کی تعلیمی سماجی ثقافتی اور معاشی ترقی کی بھی بڑی فکر رہا کرتی ہے۔ جناب محمد محمود علی نے عازمین کی خدمت میں مصروف افسروں اسٹاف اور والنٹےئرز سے اظہار تشکر کرتے ہوے کہا کہ ان کی یہ خدمت بھی باعث ثواب ہے۔صدرنشین حج کمیٹی آف انڈیا جناب چودھری محبوب علی قیصر نے حیدرآباد امبارکیشن پوائینٹ کے انتظامات کی پرزور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں انہوں نے جو انتظامات دیکھے ہیں وہ بڑے شاندار ہیں جس سے وہ کافی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی عازمین حج کی ہر ممکن خدمت کررہی ہے اورحج مشن سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے ان کو سعودی عربیہ میں بھی خدمات فراہم کرتی ہے۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ نے عازمین کو حج و عمرہ اور زیارت روضہ نبوی ﷺ کے فضائیل سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ عازمین اللہ کے مہمان ہیں145 جن کو اللہ نے اپنے گھر طلب کیا ہے۔انہوں نے عازمین کو مفید مشوروں سے نوازتے ہوئے کہا کہ وہ بیکار باتوں میں اپنا وقت ضائع نہ کریں۔ عبادات درود و سلام اور تلاوت کلام پاک کا اہتمام کیا کریں۔ جناب فاروق حسین ایم ایل سی نے کہا کہ عازمین حج اللہ کے مہمان ہوتے ہیں جن کی خدمت کے لئے حکومت تلنگانہ بڑھ چڑھ کر اقدامات کرتی ہے۔ جناب محمد سلیم ایم ایل سی نے کہا کہ وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کو ہر میدان میں آگے دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے وہ کئی اقدامات کررہے ہیں۔
مسٹر ایم ایس پربھاکر ایم ایل سی نے کہا کہ اللہ کے مہمان خوش نصیب ہوتے ہیں اور ایسے خوش نصیب لوگوں کو وداع کرنے کے لئے یہاں آنے کا جو موقعہ انہیں ملا ہے اسے وہ اپنی خوش نصیبی سمجھتے ہیں۔ مجلسی رکن اسمبلی جناب جعفر حسین معراج نے عازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین مسلمانوں کی ترقی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کامیاب نمائندگیاں کررہی ہے۔ عازمین حج کے لئے ویکسی نیشن کیمپ اور دارالسلام بینک کے ذریعہ خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔
جناب عامر شکیل ایم ایل اے نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعلی کی دلچسپی اور ان کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ رکن مرکزی حج کمیٹی محترمہ طیبہ آفندی نے کہا کہ عازمین کی خدمت باعث سعادت ہے۔ اسپیشل افسرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے تمام کا استقبال کرتے ہوئے بتایاکہ اس سال عازمین کے لئے کچھ نئی تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ ایک تو یہ کہ گرین زمرہ میں پکوان کی اجازت برخاست کردی گئی ہے دوسرے یہ کہ حاجیو ں کو سم کارڈ سعودی عرب میں ان کی آمد کے بعد جاری کیا جائے گا۔ڈپٹی میئر جناب بابا فصیح الدین نے مخاطب کرتے ہوئے وزیراعلی کی ترقیاتی پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل  ایم ڈی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب بی شفیع اللہ اور دوسرے موجود تھے۔ حافظ و قاری صابر پاشاہ کی تلاوت کلام پاک اور محمد انصار کے ہدیہ نعت سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جناب عبدالرؤف خان انجنےئر نے کارروائی چلائی۔


بی جے پی ریزرویشن کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے: مایاوتی

آگرہ : 22 اگست (فکروخبر/ذرائع) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی مایاوتی نے مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ریزرویشن کے نظام کو آہستہ آہستہ ختم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔بی ایس پی صدر نے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی پالیسی کے تحت بی جے پی مرکزی حکومت کی طرف سے چلائی گئی تمام اسکیمیں پرائیویٹ سیکٹروں کو سونپ رہی ہے جس سے آہستہ آہستہ ریزرویشن کو ختم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبوں میں ریزرویشن کا نظام نافذ نہیں ہے۔محترمہ مایاوتی کوٹھی مینا بازار میں ایک جلسے سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں بی جے پی نے تقریباً چھ برسوں تک حکومت کی لیکن اس دوران کوئی کام نہیں کیا۔ بی جے پی راشٹریہ سوئم سیوک (آر ایس ایس) کے ایجنڈے پر کام کرتی ہے۔ مرکزی حکومت بھی اسی نقشے پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام کو اچھے دن آنے کے خواب دکھائے تھے لیکن وہ آج تک نہیں آئے۔ مسٹر مودی نے عوام کے کمزور طبقہ کے لوگوں کے لیے سستا راشن، اپنا گھر اور اجرت میں اضافہ کئے جانے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک اسے پورا نہیں کیا گیا۔


بی ایس پی امیدوار کو حراست میں لینے کے بعد رامپور میں کشیدگی

رامپور، 22 اگست (فکروخبر/ذرائع) اترپردیش میں ضلع رامپور کے شہر کوتوالی علاقے میں ایک قبرستان پر بلڈوزر چلائے جانے کی مخالفت کر رہے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے امیدوار کو آج پولیس نے حراست میں لے لیا جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔بااختیار ذرائع نے بتایا کہ محلہ مدرسہ كهنہ کے قبرستان میں کل جے سی بی مشین سے چل رہی کھدائی کے دوران کچھ قبریں اكھڑ گئی تھیں۔بی ایس پی نے سٹی اسمبلی امیدوار ڈاکٹر تنویر خان کی قیادت میں اس کی مخالفت کرتے ہوئے ضلع ہیڈکوارٹر پر زبردست مظاہرہ کیا.


ڈینگو کے خلاف لڑنے والا فرحان حبیب خود اس کا شکار ہو کر بالآخر زندگی کی جنگ ہار گیا

نئی دہلی۔22 اگست (فکروخبر/ذرائع) ڈینگو، ملیریا، چکن گنیا اور دوسری بیماری کے تئیں بیدار کرنے میں اپنے والد ڈاکٹر حبیب الرحمان کی مدد کرنے والا 12سالہ فرحان حبیب خود ڈینگو کا شکار ہوکراتوار کی صبح اس دنیا سے رخصت ہوگیا۔ پسماندگان میں والد، والدہ اور بہن ہیں۔ فرحان کو 11 اگست کو بخار آیا تھا جس کے بعد پرائیویٹ ڈاکٹروں سے علاج کرانے کے بعد16 اگست کو دہلی کے رام منوہر لوہیا اسپتال(آر ایم ایل) میں اسے داخل کرایا گیا تھا۔ اسی وقت سے وہ پیڈیاٹرک آئی سی میں زیرعلاج تھا۔علاج کے دوران اس کے کئی اعضا نے کام کرنا بند کردیا تھا اور پلیٹ لیٹ میں لگاتار کمی آرہی تھی۔ اتوار کی رات کو انہیں 107بخار آگیا تھاجو کسی طرح کم نہیں ہورہا تھا۔ آخر میں گردے نے بھی کام کرنا بند کردیا تھا۔فرحان کے والد ڈاکٹر حبیب الرحمان نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔اس سے دو سال قبل فرحان کو ڈینگو بخار ہوا تھا لیکن دوبارہ ڈینگو بخار نے اس کی جان ہی لے لی۔ فرحان جو ہمدرد پبلک اسکول سنگم بہار میں ساتویں کلاس میں زیرتعلیم تھا، 13 اگست کو12سال کا ہوا تھا۔ لیکن وہ اس چھوٹی سی عمر میں دوسرے بچوں کے لئے مثال قائم کر گیا۔ وہ ہر قومی دن یعنی یوم جمہوریہ، یوم آزادی اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش دو اکتوبر کے موقع پر جامعہ نگر کے ابوالفضل انکلیو، بٹلہ ہاؤس اور ذاکر نگر میں صحت بیداری ریلی میں حصہ لیتا تھا۔ اپنے والد ڈاکٹرحبیب الرحمان کے ہیلتھ کیمپ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا۔ وہ مریضوں اور عام لوگوں کو ڈینگو، چکن گنیا، ملیریا اور دوسری موسمی بیماری کے تئیں لوگوں کوبیدار کرنے کے لئے پمفلیٹ، پرچے اوراس سے متعلق دیگر چیزیں تقسیم کرتا تھا۔ وہ چھ سات کی عمرسے ہیلتھ کیمپ میں حصہ لیتا تھا۔ اس بار ڈینگو میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ہیلتھ ریلی میں شریک نہیں ہوسکا تھا جس کا انہیں بے حد افسوس تھا۔فرحان کے والد جو پیشے سے ڈاکٹر ہیں، صفدر جنگ اسپتال اور ایمس میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں،وہ صحت کے کا موں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ 2007سے جامعہ نگر کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں ہیلتھ کیمپ لگا کر بے سہارا مریضو ں کا مفت علاج کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس وقت دہلی میں ڈینگوایک وبا کی شکل لے چکا ہے اور ڈاکٹروں کی مانیں تو ہردن تقریباَ پانچ ہزار ڈینگو کے نئے مریض اسپتال میں آرہے ہیں۔ اسپتالوں کو دیکھ کرڈینگو کی سنگینی کااندازہ لگایا جاسکتا ہے۔


کھیل ایوارڈز کا اعلان: پہلی بار ان 4 کھلاڑیوں کو ملے گا راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ

نئی دہلی۔ 22 اگست (فکروخبر/ذرائع)ریو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والي بیڈ منٹن اسٹار پی وی سندھو، کانسی کا تمغہ جیتنے والی خاتون پہلوان ساکشی ملک، جمناسٹک کے پول والٹ میں چوتھے نمبر پر رہیں دیپا کرماکر اور شوٹر جیتو رائے کو ملک کے اعلی ترین کھیل ایوارڈ راجیو گاندھی کھیل رتن سے نوازا جائے گا۔ ملک کے اس باوقار کھیل ایوارڈ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا جب چار کھلاڑیوں کو ایک ساتھ کھیل رتن کا انعام ملے گا۔ کھیل رتن اور ارجن ایوارڈ کمیٹی نے دو کھلاڑیوں جمناسٹ دیپا کرماکر اور پسٹل شوٹر جیتو رائے کے نام کی وزارت کھیل کو سفارش کی تھی جبکہ وزارت کھیل نے پیر کو جاری بیان میں بتایا کہ چار کھلاڑیوں سندھو، ساکشی ، دیپا اور جیتو کو کھیل رتن سے نوازا جائے گا۔کھیل رتن اور ارجن ایوارڈ 29 اگست کو یوم کھیل کے موقع پر صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھرجی فراہم کریں گے ۔ دیپا کے کوچ بشیشور نندی اور ہندستانی ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی کے کوچ راج کمار شرما کو درون اچاریہ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ریو اولمپک میں 3000 میٹر میں اسٹیپل چیس میں گرمی میں قومی ریکارڈ بنانے اور پھر فائنل میں دسواں مقام حاصل کرنے والی خاتون کھلاڑی للتا بابر، کرکٹر اجنکیا رہانے، ہاکی کھلاڑی وي آر رگھوناتھ اور رانی اور پہلوان وریندر سنگھ کو ارجن ایوارڈ دیا جائے گا۔ریو اولمپکس میں زخمی ہوکر کوارٹر فائنل میں باہر ہونے والي خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کو بھی ارجن انعام ملے گا۔ یہ پہلا موقع ہے جب چار کھلاڑیوں کو ایک ساتھ کھیل رتن ایوارڈ ملے گا۔ دراصل حکومت نے ایک خاص ضابطہ بنایا ہے جس کے تحت اولمپک سال میں ایک سے زیادہ کھلاڑیوں کو کھیل رتن سے نوازا جا سکتا ہے۔اولمپکس کی وجہ سے ہی وزارت کھیل نے اس بار کھیل رتن کا فیصلہ اولمپکس کارکردگی پر چھوڑ دیا تھا۔ اس سے پہلے سال 2009 میں تین کھلاڑیوں کو ایک ساتھ کھیل رتن اعزاز دیا گیا تھا۔ان میں بیجنگ اولمپکس کے کانسے کا تمغہ فاتح پہلوان سشیل کمار اور باکسر وجیندر سنگھ شامل تھے جبکہ ویمنز ورلڈ چمپئن باکسر ایم سی میري كوم کو اس وقت کے وزیر کھیل ایم ایس گل کی مداخلت کے بعد کھیل رتن ایوارڈز کے لیے شامل کیا گیا تھا۔ کھیل رتن میں ساڑھے سات لاکھ روپے، ارجن، درون اچاریہ اور دھیان چند ایوارڈ میں پانچ لاکھ روپے، قومی کھیل حوصلہ افزائی ایوارڈ میں ٹرافی اور مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی کیلئے دس لاکھ روپے کا انعام دیا جاتا ہے۔پنجابی یونیورسٹی، پٹیالہ کو اس بار مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی 2015۔16 پیش کی جائے گی۔ قومی کھیل حوصلہ افزائی ایوارڈ میں ملک میں سب سے بڑا اسکول فٹ بال ٹورنامنٹ سبرتو کپ کی سبرتو مکھرجی اسپورٹس ایجوکیشن سوسائٹی کو شامل کیا گیا ہے۔درون اچاریہ ایوارڈ میں چار باقاعدہ اور دو لائف ٹائم ایوارڈ دیے جائیں گے۔کشتی کوچ مهابير سنگھ کو لائف ٹائم انعام ملے گا۔


اب ریڈیوجاکی تما م گاؤں کو معمول کے ٹیکہ لگوانے کیلئے کرے گا بیدار:بھول نہ جانا ٹیکے ضرور لگانا

اڑیسہ، بھونیشور،22؍اگست، (فکروخبر/پریس ریلیز): وزیراعظم نریندرمودی کے سوچھ بھارت، صحت مند بھارت مہم کو کامیاب کرنے کیلئے یہاں یونیسیف نے مشن اندر دھنش کے تیسرے مرحلے’مکمل ٹیکہ کاری‘ کو فوکس کرنے کیلئے دو روزہ ورکشاپ میں ریڈو صحافیوں کو تربیت دی۔ ٹریننگ میں سرکاری، علاقائی اور نجی ریڈیو زمرے کے 60 صحافیوں نے حصہ لیا۔ یونیسیف نے بھارت سرکار کی گائڈ لائن کے تحت ہدایات کی صحافیوں کو جانکاری دی۔ تربیت کے دوران 27ریاستوں کے ان 216اضلاع کی صورت حال کے بارے میں جانکاری دی گئی جہاں اب بھی مکمل ٹیکہ کاری کے ہدف کو پورا نہیں کیاجا سکا ہے۔ علاقائی ریڈیوجاکیز کی مدد سے اس ٹارگیٹ کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ بتادیں بھارت میں یہ ٹیکا کاری کا سب سے بڑا ابھیان ہے۔ باوجود ملک میں ہر سال قریب 1.2ملین بچے اپنی زندگی کے 5سال بھی پورے نہیں کرپاتے ہیں۔ ان میں سے مکمل ٹیکہ کاری کے ذریعہ ہر سال 2.5سے تین لاکھ بچوں کی جان ہر سال بچائی جاسکتی ہے۔مرکزی وزارت برائے صحت وخاندانی بہبود کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم کے اگروال نے ٹیلی فون سے ریڈیو صحافیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اب ضرورت ہے کہ نئے طریقوں کو استعمال کیا جائے۔ مشن اندر دھنش کے تیسرے مرحلے میں ٹارگیٹ کو حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ ریڈیوجاکی سرکار کے اس منصوبے کو کامیاب کرنے میں اپنا پورا تعاون کریں گے۔ اس موقع پر یونیسیف اڑیسہ کی چیف فیلڈ آفیسر یومی بے نے کہا کہ دیش کے ابھی بھی قریب40فیصد بچے مکمل ٹیکہ کاری سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے ریڈیو صحافیوں کی مشکل پہنچ والے علاقوں تک پیغامات پہنچانے کیلئے کوششوں کو سراہا۔ورکشاپ میں بہار، اڑیسہ، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، اترپردیش سے آئے ریڈیو جاکیز نے ریڈیو کیلئے 200پیغامات اور 20ریڈیو کلپ تیار کیں۔ ورکشاپ میں یہ اعلان بھی کیا گیا کہ ملک بھر نے ریڈیوصحافی ریڈیو 4چائلڈ ایوارڈ کیلئے 15ستمبر 2016 تک اپنی معمول کی ٹیکہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے ولی اپنی اینٹریز داخل کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر ہم ہوں گے کامیاب گانا کچھ مختلف انداز میں پیش کیاگیا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا