English   /   Kannada   /   Nawayathi

بے ہوش شخص کو مردہ خانے پہنچا دیا،لاش پوسٹ مارٹم کے دوران اٹھ بیٹھی(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

لوک مانیہ تلک ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کا عمل شروع ہونے والا ہی تھا کہ جب اس شخص نے اپنی آنکھیں کھولیں تو ڈاکٹر اور ہسپتال کے دیگر ملازم تعجب میں پڑگئے۔سائن کے ہسپتال نے اس معاملے میں اپنی ذمہ داری قبول کی ہے۔ہسپتال کے ڈین ڈاکٹر سلیمان مرچنٹ نے بی بی سی کو بتایا: پولیس نے کہا کہ ہم ایک ڈیڈ باڈی لائے ہیں جس کا پوسٹ مارٹم فوری طور پر ہونا ہے کیونکہ ہمیں وی آئی پی کی سیکورٹی کے لیے جلدی جانا ہے۔ڈاکٹر سلیمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا: ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر کو جلد بازی میں ہی چیک اپ کرنا پڑا جس کی وجہ سے یہ غفلت ہو گئی۔جس شخص کو مردہ سمجھ کر ہسپتال لایا گیا تھا، تقریبا 42 سال کے اس شخص کا نام پرشانت بتایا جا رہا ہے۔دوسری جانب پولیس کے مطابق انھیں ایک شخص کے بے ہوش ہونے کی اطلاع ملی تھی جس پر پولیس اس شخص کو لے کر لوک مانیہ تلک جنرل ہسپتال گئی تھی۔اس شخص کے مردہ سمجھے جانے کے معاملے میں کچھ دیگر پہلو بھی سامنے آئے ہیں۔ جیسے یہ کہ معمول کے مطابق باڈی کو شعبہ حادثات میں نہیں رکھا گیا اور چیک اپ کے فورا بعد براہ راست اسے مردہ خانے بھیج دیا گیا۔اس سلسلے میں ہسپتال کی ڈائری انٹری کے حوالے سے بھی متضاد بیان سامنے آ رہے ہیں۔ اپنی شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بعض لوگوں نے بتایا کہ پہلے مردہ خانے کی ڈائری میں اس کے اندراج کی خبر آئی تھی لیکن اب اس کے بارے میں درست اور حتمی معلومات نہیں مل رہی ہیں۔فی الحال مریض کو آئی سی یو میں سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹر سلیمان نے بتایا کہ مریض کی حالت میں اب کافی بہتری آئی ہے۔

اردو داں طبقہ جس کی تعدادبہار میں 30%سے زائد ہے

الیکشن کمیشن نے اردو زبان کااستعما ل شعوربیداری کے لئے نہیں کیا ہے تو اس کے محاسبہ کرنا چاہیے

بیدر۔13 اکتوبر(فکروخبر/ذرائع) اردو داں طبقہ جس کی تعدادبہار میں 30%سے زائد ہے ، وہاں پرووٹرس میں شعور بیدارکرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ اور اگر الیکشن کمیشن نے اردو زبان کااستعما ل شعوربیداری کے لئے نہیں کیا ہے تو اس کے محاسبہ کرنا چاہیے۔ بہار جہاں اردودوسری زبان ہے۔ اور سرکاری زبان کے ساتھ اس طرح کاسلوک قابل گرفت بات ہے۔ مولانا محمدابرارخان انجینئر نے یہ بات ترقی وترویجِ اردو کی 40ویں نشست میں کہی۔ وہ کل شب ایم آرپلاز اتعلیم صدیق شاہ بیدر میں’’بہار میں الیکشن کمیشن کا اردوکو نظراندا زکرنے کا رویہ‘‘عنوان پر بحث سے خطاب کررہے تھے۔ موصوف نے مزید کہاکہ ووٹرس میں شعور بیدارکرنے کے لئے تشہیر کی تمام اشیاء پر اردو ہونا چاہئیے۔ اور اگر ایسا نہیں ہورہاہے تو یہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طر ف الیکشن کمیشن کو توجہ دلائیں۔ جناب محمدایوب علی ماسٹرنیڈس نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ بہار کے محبانِ اردو ایسے ہیں جو اردو زبان سے بڑی محبت کرتے ہیں ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی زبان پر توجہ دیتے ہوئے جس قسم کی بھی ناانصافی ہورہی ہے۔ اس پراپنا اعتراض داخل کریں ۔جناب حیدرعلی شاکر نے کہاکہ یہ ایک افسوسناک خبر ہے۔ گذشتہ 2-3دن سے الیکشن کمیشن کے خلاف اناہزارے بھی بیانات دے رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن اب غیر جانبدار نہیں رہا۔ وہ مرکزی حکومت کے اشارے پر کام کررہاہے۔ محمداظہر احمد خان نے مشورہ دیاکہ ہمیں بھی چاہئیے کہ ہم اس طرف الیکشن کمیشن کوتوجہ دلائیں۔ اردو ایک بین الاقوامی زبان ہے۔ لہٰذا ہم بھی یہاں سے مکتو ب لکھ سکتے ہیں۔ پھر طے ہو اکہ انتخاباب میں اردو نظرانداز کئے جانے کو لے کر بیدر سے ایک مکتوب الیکشن کمیشن آف انڈیا کو لکھاجائے۔محمدیوسف رحیم بیدری نے دوسری تجویز پیش کی کہ کرناٹک اردو اکادمی بنگلور نے 19نئی کتابیں شائع کی ہیں۔ ان کتابوں پر ہمارے ہاں گفتگو ہونی چاہیے۔ جس کو قبول کرلیاگیا۔ اور پھر منظور وقار کے افسانچوں کے مجموعہ ’’کانٹوں کاجھنڈ‘‘ پر بحث کرتے ہوئے جناب حیدرعلی شاکر نائب صدر یاران ادب بید رنے کہاکہ ملک میں شادی بیاہ ہی تجارت میں شامل نہیں ہیں بلکہ تعلیم کو بھی تجارت میں شامل کیاجارہاہے۔ جناب منظوروقار کے افسانچوں کامجموعہ ’’کانٹوں کاجھنڈ‘‘ کے افسانچوں میں اس لعنت کے خلاف بھی آواز اٹھائی گئی ہے۔ کرناٹک اردو اکادمی کی جانب سے شائع افسانچوں کے اس مجموعہ میں سازش ، انسانیت اور بہترین تجارت واقعی متاثرکن افسانچے ہیں ۔میں منظوروقار کو مبارک باد پیش کرتاہوں کہ انھوں نے سماجی اور اصلاحی فکر کے ساتھ ان افسانچوں کو لکھا ہے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ محمدیوسف رحیم بیدری نے نظامت کافریضہ انجام دیااور اظہراحمدخان صدریارانِ ادب بیدر کے شکریہ اداکیا۔ 


آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ کی جا نب سے گو ونڈی میں سہ روزہ تربیتی قضاء کیمپ کی تاریخ ۱؍۲؍۳؍ دسمبر ۲۰۱۵ء مقرر

ممبئی۔13 اکتوبر(فکروخبر/ذرائع) آ ل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے تنظیم اہل سنت والجماعت کے زیر انتظام گو ونڈی میں ۱؍۲؍۳؍دسمبر ۲۰۱۵ء کو تین روزہ تربیتی کیمپ منعقد کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ،جس میں صوبہ مہا راشٹر ،کرناٹک ،مدھیہ پردیش بشمول پورے ملک کے قضاۃ حضرات شرکت کرینگے اور آخر ی دن مسلمانوں کو دارالقضاء کی اہمیت اور افادیت سے مطلع کرنے کے لئے اجلاس عام منعقد کیا جائے گا ،اس بات کی اطلاع آج یہاں تنظیم اہل سنت والجماعت گونڈی کے اراکین کی میٹنگ میں مولانا بدر االدجی قاسمی صدر ،مولانا محمدذاکر قاسمی سکریٹری نے دی ۔واضح ہو مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جا نب سے پورے ملک میں مسلم خاندانوں کے گھریلو تنازعات اور اختلافات کو باہم افہام و تفہیم کے ذریعہ حل کرانے کی کوشش عرصہ سے جاری ہے اور اس مقصد کی تکمیل کے لئے تر بیت یافتہ قضاۃ کے ذریعہ پرسنل لاء کی نگرانی میں دارالقضاء قائم ہیں تنظیم اہل سنت والجماعت کے زیر اہتمام گوونڈی میں بھی دار القضاء کا نظام چل رہا ہے ۔مذکورہ بالا تاریخ میں منعقد ہو نے والے تربیتی کیمپ میں شرکت کرنے والے علماء کرام کو اپنے اپنے علاقوں میں دار القضاء چلانے کی ٹریننگ دی جائیگی ۔علماء اور عوام سے گزارش ہے کہ اس تاریخ کو نوٹ فر مالیں ۔ 


سگریٹ نوشی سرطان کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔۔ڈاکر ارشد علی

نئی دہلی۔13 اکتوبر(فکروخبر/ذرائع) سرطان پھیلنے کی ایک بڑی وجہ سگریٹ نوشی ہے اور ہندوستان سمیت دنیا بھر میں سرطان سے مرنے والے افراد کا20 فیصد اسی وجہ سے اس کا شکار ہوتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سال 2012ء میں دنیا بھر سے سرطان جیسے موذی مرض کے 14ملین افراد اس بیماری کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے۔انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ آئندہ دو دہائیوں تک دنیا بھر میں سرطان کے نئے مریضوں کی تعداد میں سات فیصد اضافہ ہو جائے گا جبکہ ان مریضوں میں سے 60فیصد کاتعلق افریقہ ،ایشیا اور وسطی و جنوبی امریکہ سے ہوگا۔


آندھرا پردیش پولیس نے 50 افراد کی ہلاکت میں مطلوب ماؤ نواز رہنما کو گرفتار کرلیا 

حیدر آباد ۔13 اکتوبر (فکروخبر/ذرائع) ریاست آندھرا پردیش کی پولیس نے تین ریاستوں میں تقریبا50 افراد کی ہلاکت میں مطلوب ماؤ نواز رہنما کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وائی شیوا ریڈی عرف الیاس کرن کے سر کی قیمت پولیس نے 20 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی اور ماؤ نواز یہ رہنما پولیس کو73 جرائم سمیت 50 افراد کے قتل میں مطلوب تھا ۔پولیس حکام کے مطابق ملزم وائی شیوا ریڈی عرف الیاس کرن 1991 سے زیرزمین چلاگیا تھا ملزم چھا پہ مار کارروائیوں کا ماہر بتایا گیا ہے ۔ایک پولیس افسر کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزم سے پستول برآمد ہوا ہے۔


سری لنکن بحریہ نے 24 تامل ناڈو ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا

نئی دہلی ۔13 اکتوبر (فکروخبر/ذرائع) سری لنکا کی بحریہ نے 24 تامل ناڈو ماہی گیروں کو سری لنکن پانیوں میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے گرفتار کرلیا ۔ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ دنوں بھی 19 ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیاتھا ۔بھارتی ماہی گیروں کی سری لنکن نیوی کے ہاتھو ں گرفتاری کے بعد تامل ناڈو ریاستی وزیراعلی جے للیتھا نے وزیراعظم نریندرا مودی کو ایک خط لکھاہے جس میں بھارتی ماہی گیروں کی گرفتاری کا معاملہ سری لنکا سے اعلی سطح پر اٹھا نے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


کلکرنی کا منہ کالاکرنے پربی جے پی کی مذمت ،شیو سینا ناراض ،اتحاد سے علیٰحدگی کا اعلان 

نئی دہلی ۔13اکتوبر(فکروخبر/ذرائع)کلکرنی کا منہ کالاکرنے پربی جے پی کی مذمت ،شیو سینا ناراض ،اتحاد سے علیٰحدگی کا اعلان کردیا ۔ایک ٹی و ی چینلکی رپورٹ کے مطابق شیو سینا نے بی جے پی رہنما کلکرنی کا منہ کالا کرنے پر بی جے پی کی مذمت کے بعد اتحاد سے علیٰحدگی کے بعد یکم نومبر سے شروع ہونے والے ریاستی انتخابات میں حریف کے طورپر 122نشتوں سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ۔دونوں جماعتوں کے درمیان دراڑیں اس وقت پڑگئیں جب شیو سینا کی دھمکیوں کے باوجود گزشتہ روز مہاراشٹر حکومت نے خورشید قصوری کی تصنیف کی تقریب رونمائی کے موقع پر سخت سکیورٹی کا انتظام کیا تھا ۔شیو سینا کے دہشتگردوں نے کتاب کے منتظم سدھیندرا کلکرنی پر حملہ کرکے آئل پینٹ سے اس کا منہ کالا کردیا تھا اور اسے غدار قرار دیا تھا ۔مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندرا نے واقعہ مذمت کی اور اسے ریاست کیلئے بدنامی قرار دیا تھا ۔


میں پاکستان کا نہیں جنوبی ایشیاء میں امن کا ایجنٹ ہوں ،سدھیندرا کلکرنی کا شیو سینا کو جواب 

نئی دہلی۔13اکتوبر(فکروخبر/ذرائع)سابق پاکستانی وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کی تصنیف کی تقریب رونمائی کے ممبئی منتظم اور بی جے پی کے سابق رکن لوک سبھا سدھیندرا کلکرنی پر گزشتہ روز شیو سینا کے انتہا پسندوں کے منہ کالا کرنے اور اسے پاکستانی ایجنٹ قرار دینے کے جواب میں انہوں نے کہاہے کہ میں یقینی طورپر ایک ایجنٹ ہوں لیکن پاکستان کا نہیں بلکہ جنوبی ایشیاء میں بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کا ایجنٹ ہوں ۔منگل کے روز یہاں پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مجھ پر شیو سینا نے پاکستانی ایجنٹ ہونے کا الزام عائد کیا لیکن میں یہ وضاحت کرتا چلوں کہ میں یقینی طورپر ایجنٹ ہوں لیکن پاکستان کا نہیں بلکہ جنوبی ایشیاء میں بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کا ایجنٹ ہوں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندرا مودی کی پہلے روز سے یہ کوشش رہی ہے کہ بھارت کے جنوبی ایشیائی پڑوسیوں کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ ملے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ شیو سینا اس کے اظہار رائے کی آزادی کے حق کا احترام کرے گی۔انہوں نے کہاکہ اگر میں شیو سینا اور ان کے جریدے سامنا کی اظہار رائے کا احترام کرتا ہوں تو مجھے امید ہے کہ وہ بھی دوسروں کی آزادی کا احترام کریں گے ۔واضح رہے کہ شیو سینا کے انتہا پسندوں نے پیر کے روز ان پر حملہ کرکے منہ کالا کردیا تھا اور انہیں پاکستانی ایجنٹ قرار دیا تھا ۔


آر ایس ایس کے مخالفت میں عوام تحریک چھیڑے:احسان الحق ملک

لکھنؤ۔13اکتوبر(فکروخبر/ذرائع)1925سے اقتدارکے لئے بے قصور عوام(مسلم قوم،عیسائی ودلت)کے قتل عام کرانے والے آر ایس ایس کے مخالفت میں ملک کی عوام کو سڑکوں پراترنے کی سخت ضرورت ہے۔اگر فوری طور پر ایسا قدم نہیں اٹھایا گیا توپورے ملک میں یہ قتل عام شروع کریں گے۔یہ جانکاری آ ج یہاں جاری ایک بیان میں پچھڑا سماج مہا سبھا کے قومی صدر احسان الحق ملک نے دیا۔ملک نے یہ بھی کہا کہ آر ایس ایس نے 1925سے ملک میں نفرت پھیلاناقتل عام کرانا علاقہ کے علاقہ جلواناآپسی بھائی چارگی میں رخنہ ڈالنا خوف ہراس و جھوٹ بولنا ان کی عام عادت ہے۔آر ایس ایس کوبہت بڑا حکومتی عملہ کی حمایت بھی حاصل ہے۔ساتھ ہی عدالتیں بھی غیرجانب دارای کا مظاہرہ نہیں کرتی ہیں جیسا کہ تاریخ شاہد ہے۔ملک نے یہ بھی کہا کہ آر ایس ایس کے وجہ سے ان گنت بچے یتیم ہوئے ہیں سیکڑوں خواتین بیوہ ہوئی ہیں ہزاروں عورتوں کی عصمت دری کی گئی ہیں ان میں سے بہت سی خواتین اپنی عزت بچانے کے لئے کبھی بھی عدالت نہیں گئیں۔بہت ساری جگہوں پر بم بلاسٹ کراکر بے قصوروں کو جیل ہی نہیں بھجوایا ہے بلکہ ملک کے کھربوں روپئے کے جائداد کو نقصان پہونچایا ہے اور ہندو مسلم کے درمیان ایک بڑی خلاء پیدا کی ہے اور ان سب حرکتوں کا مقصد صرف اقتدار کا حاصل کرنا ہے۔آر ایس ایس اپنے کومحب وطن کہتاہے جو سراسرغلط ہے آر ایس ایس کبھی بھی محب وطن نہیں ہو سکتی ہے جیسا کہ ان کے ماضی کے کارناموں کو دیکھ کر کہا جا سکتا ہے۔ملک کے پچھڑے ان کے ساتھ اس لئے چلے جاتے ہیں کہ انہوں نے چھل کرکے اپنے آپ کو اتنا مضبوط کر لیا ہے کہ وہ خوف کی وجہ سے ان کے خلاف کچھ بول نہیں سکتے ہیں۔اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی عوام ان کے مخالفت میں سڑکوں پر اترے ورنہ ملک تباہ وبرباد ہو ہو جائے گا۔آج پوری دنیا کے امن پسند لوگ آر ایس ایس کے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں۔اور ملک کی عوام کو بھی اب ان کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے۔ملک نے سبھی امن پسند سیکولرمحب وطنوں سے اپیل کی ہے کہ آر ایس ایس کے خلاف کھڑے ہوں ورنہ ملک کو برباد ہونے سے بچایا نہیں جا سکے گا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا