English   /   Kannada   /   Nawayathi

بیدر: شاہین ادارہ جات کے شعبہ حفظ القرآن کے حفاظ کرام کی دستار بندی(مزیداہم ترین خبریں )

share with us

ہیرو شیما سے عراق، افغانستان اور فلسطین تک تباہی و بربادی کی جارہی ہے۔ اگر اسی ٹکنالوجی کا صحیح استعمال کیا جائے تو دنیاکی 27فیصد آبادی کو جو پینے کے صاف پانی سے محروم ہے، انھیں صاف پانی مہیا کرکے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیاجاسکتا ہے۔ بنجر اراضیات کو زرخیرز بناکر پیداوار میں اضافہ کرتے ہوئے بھوک و فاقہ کشی میں مبتلا اقوام کی بھوک کو مٹایا جاسکتا ہے۔مولانا اسرار الحق قاسمی کل رات کرناٹک کے ضلع ہیڈ کوارٹر بیدر میں شاہین ادارہ جات کے شعبہ حفظ القرآن کے حفاظ کرام کی دستار بندی اور حفظ القرآن پلس کے کامیاب حفاظ طلبہ اور عالمہ کورسس کی فارغین کی تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے۔مولانا سید مشتاق احمد قادری عمری مدنی (قطر) مہمان خصوصی تھے۔ مولانا غلام یزدانی اشاعتی نے صدارت کی۔ شہ نشین پر سکریٹری شاہین ادارہ جات جناب عبدالقدیر ، عبدالمنان سیٹھ صدر کے علاوہ کولکتہ ، حیدآباد اور ملک کے مختلف مقامات کے مہمانان موجود تھے۔مولانا اسرار الحق قاسمی نے 42حفاظ کرام، 9 عالمات کے علاوہ حفظ القرآن پلس میں زیر تعلیم طلباء کو تہنیت پیش کرنے کے بعد ’ ’موجودہ حالات میں دینی و عصری تعلیم کے امتزاج کے تقاضے‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علم ،انسان کی بنیادی ضرورت ہے، اس کے بغیر انسان ترقی نہیں کرسکتا، فرشتوں کے مقابلہ میں انسان محض اس لئے اشرف ہے کہ اسے علم کی دولت سے سرفراز کیا گیا ہے۔ ضمیر، فکر، اور اظہار خیال کی آزادی ، دنیاکی رہنمائی کیلئے علم ضروری ہے۔ قرآن مجید میں 730آیات کائنات کے علوم سے متعلق ہیں، مولانا اسرارالحق قاسمی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو مجبور نہیں بلکہ مختار بنایا ہے، اسے اختیار ہے کہ وہ یا تو ظلم کرے، یا انصاف، خیر کا راستہ اختیار کرے یا شر کو اپنائے۔ انسان جو راستہ اختیار کرتا ہے، اس میں اس کی تعلیم اور تربیت کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے۔ سنتِ نبویؐمیں پہلے تربیت اور اس کے بعد تعلیم ہے۔ تربیتی کردار مائیں ادا کرتی ہیں، اسی لئے اللہ تعالیٰ نے باپ کے مقابلہ میں ماں کے تین درجات بلند کئے ہیں۔مولانا اسرار الحق قاسمی نے شاہین ادارہ جات کی دینی ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے عہد رفتہ کی بازیابی کی سمت اہم پیش رفت قرار دیا۔انھوں نے بیدر علم و عرفان اور روحانیت کا مرکز قرار دیا جہاں سوا چھ سو برس پہلے حضرت محمود گاواں ؒ نے یونیورسٹی کی بنیاد ڈالی تھی اسی شہر سے شاہین ادارہ جات غیر معمولی خدمات انجام دے رہا ہے۔ انھو ں نے کہا روئے ارض پر مسلمانوں کو ایک زندہ امت، بنانے ، اس ملک کے ماحول ، معاشرہ میں بحیثیت ایک مسلمان شہری اپنی ذمہ داری نبھانے کیلئے شاہین ادارہ جات پورے ملک کیلئے مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان رب العالمین کے بندے اور رحمت اللعالمین ؐ کے امتی ہیں اس طرح وہ ایک عالمی اور آفاقی امت ہیں، دنیا میں رہنمائی، قیادت اور اقتدار کی صلاحیت جب تک ان میں رہے گی وہ ایک زندہ قوم رہیں گے۔ اس کیلئے علم ضروری ہے۔کشن گنج بہار کے رکن پارلیمنٹ نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ شاہین ادارہ جات کی اولین حافظ ایک طالبہ ہے، انھوں نے بتایا کہ سب سے پہلے قرآن مجید حفظ کرنے والی ام ا لمؤمنین بی بی عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا تھیں، جن کے دو ہزار شاگرد تھے۔ مولانا اسرار الحق قاسمی نے کہاکہ جب قوم کی بیٹیاں دینی تعلیم حاصل کرتی ہیں، قرآن کو سینوں میں محفوظ کرتی ہیں تو وہ معاشرہ کی قابل فخر مائیں بنتی ہیں، اور ایک صالح معاشرہ کی تشکیل عمل میں آتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یوروپ میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے، مشرف بہ اسلام ہونے والوں میں 60فیصدخواتین ہیں۔ میڈیا کے ذریعہ اسلام سے متعلق گمراہ کن پروپگینڈا کیا جارہا ہے، تاکہ اسلام کی بڑھتی ہوئی طاقت کو روکا جاسکے، تاہم ایسا ممکن نہیں، کیونکہ اسلام ، دین حق ہے، اور حق کا پرچم بہرحال سربلند ہوکر رہے گا۔سکریٹری شاہین ادارہ جات جناب عبدالقدیر نے اللہ رب العزت کا شکر ادا کیا کہ ان کے ادارہ کو دین و ملت کی خدمت ےئے اللہ تعالیٰ نے منتخب کیا۔ انھوں نے بتایا کہ شعبہ حفظ میں تاحال 728طلباء و طالبات نے داخلہ لیا، جس میں 362فارغ ہوچکے ہیں، حفظ کی تکمیل کے بعد 15طلباء میڈیسن، 12طلبا انجینئرنگ کورسس کررہے ہیں، پیشہ تدریس سے 50دیگر پروفیشنل کورسس میں (100)طلباء داخلہ لے چکے ہیں۔ 25طالبات حفظ قرآن کے بعد عالمہ بن چکی ہیں۔جناب عبدالقدیر نے حفظ القرآن پلس سے متعلق بتایاکہ 12تا 15سال کی عمر کے حفاظ کرام کیلئے 4سالہ انٹی گریٹیڈ کورس کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت حفاظ کرام کو میڈیسن، انجینئرنگ ، مینجمنٹ کورسس میں داخلہ دلایاجاتا ہے۔ اس کاکامیاب تجربہ کیا جاچکا ہے۔جناب عبدالقدیرجنھیں حال ہی میں ان کی تعلیمی میدان میں خدمات کے اعتراف کے طور پر حکومت کرناٹک کے اعزاز سے نواز ا جاچکا ہے، بتایا کہ شاہین کالج کے سال رواں 83طلباء نے میڈیسن، 272نے انجینئرنگ ، 22نے بی ڈی ایس، 4نے وٹرنری سائنس کورسس گورنمنٹ کالجس میں فری سیٹ حاصل کئے ہیں، جو پورے ملک میں ایک منفرد اعزاز و ریکارڈ ہے۔اس تقریب میں شاہین ادارہ جات کے طلباء و طالبات اولیاء طلبہ کے علاوہ معززین شہرکی کثیر تعداد موجود تھی۔***


 

جمعیت علماء ہند ضلع بیدر کے تحت علماء حفاظ و ائمہ کیلئے ایک روزہ پروگرام کی تفصیلات 

بیدر۔24؍اگست۔(فکروخبرنیوز)۔مولانا محمد تصدق ندوی جوائنٹ سکریٹری جمعیت علماء ہند ضلع بیدر کے بموجب جمعیت علماء ہند ضلع بیدر کے تحت علماء حفاظ و ائمہ کیلئے ایک روزہ پروگرام کی تفصیلات اس طرح ہیں ۔26؍ اگست 2014ء بروز منگل مغل گارڈن بید ر میں بوقت 11؍ تا 1؍ بجے دوپہر پہلی نشست منعقد ہوگی جس میں مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی صدر جمعیت علماء ہند ریاست کرناٹک ، مولانا محمد زین العابدین مظاہری سرپرست جمعیت علماء ہند ریاست کرناٹک ، کی زیر نگرانی ضلعی صدر کا انتخاب عمل میں آئے گا واضح رہے کہ اس سے قبل مولانا مفتی محفوظ احمد قاسمی ضلع کے صدر تھے ، آپ کے رحلت فرمانے کے بعد تاحال نئے صدر کا انتخاب عمل میں نہیں آیا صدر کے انتخاب کے بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی دوسری نشست 1-30تا 3؍ بجے ہوگی جس میں علماء حفاظ و ائمہ کیلئے مہمان حضرات کا خصوصی خطاب ہوگا جس کا عنوان ہوگا ’’موجودہ حالات میں علماء کی ذمہ داریاں ‘‘ اس کے بعد تناول طعام کے لئے وقفہ رہے گا عصر کی نماز 5-15بجے ادا کی جائے گی بعد نماز عصر بمقام چوبارہ روڈ نزد خان کامپلکس جمعیت کے ضلعی دفتر کا افتتاح بدست مہمانانِ خصوصی عمل میں آئے گا بعد نماز مغرب جلسہ عام بعنوان ’’آزادی ہند میں علماء کا کردار‘‘ منعقد ہوگا ،واضح رہے کے ظہر سے قبل اور ظہر کے بعد کی نشستیں صرف علماء حفاظ ائمہ و ذمہ دارانِ جمعیت کیلئے مختص ہیں لہٰذا ضلع بھر کے علماء حفاظ ائمہ و ذمہ دارانِ جمعیت سے گذارش کی جاتی ہے کہ اس پروگرام میں بلا تاخیراپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور مہمان علماء کرام کے خطابات سے استفادہ فرمائیں۔ 


 

جامع مسجد بیدر میں انجمن خدام الحجاج بیدر کی جانب سے تیسرا حج تربیتی کیمپ 

بیدر۔24؍اگست۔( فکروخبرنیوز)۔ جامع مسجد بیدر میں آج انجمن خدام الحجاج بیدر کی جانب سے منعقدہ تیسرا حج تربیتی کیمپ کے کثیر اجتماع سے معروف عالمِ دین پیر طریقت حضرت علامہ شاہ جمال الرحمن خطاب کرتے ہوئے حج کی ضرورت کے متعلق معلومات سے آگاہ کیا ۔ اور روانگی سے واپسی تک کے مسائل 8؍ذی الحجہ تا12ذی الحجہ کے تمام ارکانِ حج کی تربیت دی۔ا س موقع پر مولانا سید مشتاق احمد قادری عمری و مدنی نے اپنے خطاب میں خانہ کعبہ کے طواف کی فضیلت بیان کئے‘ ا سکے علاوہ مکہ مکرمہ کے مقدس مقامات ‘مدینہ منورہ کی عظمتوں کو بیان سے تمام عازمین حج کے قلوب کو منور کیا گیا ۔ اور بتایا کہ ایک حاجی کا لباس دو چادروں پر مشتمل ہے لیکن اس لباس کے پیچھے بے شمار مصلحتیں پوشیدہ ہیں جن میں سب سے نمایاں ہے کہ اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہونے کیلئے عجز و انکساری کا مُظاہرہ کرنا ہے اور دوسرا یہ کہ انسان کو ان کی موت کی یاد دلانا وغیرہ۔ اس کے علاوہ انھو ں نے بتایا کہ طوافِ کعبہ کے فرائض ہیں نیز صفا و مروہ کے درمیان سعی اور حجامت کرنا ‘عمرہ کے واجبات ہیں ‘مناسک حج کی ادائیگی کے تمام مسائل سے واقفیت حاصل کرنا ضروری ہے۔ حج کے دوران فسخ و فجور اور لڑائی جھگڑے سے اپنے آپ کو باز رکھنا چاہئے ۔جناب سید منصور احمد قادری انجینئر فیلڈ حج ٹرینر حج کمیٹی آف انڈیا نے بھی عازمینِ حج کے مسائل پر سیر حاصل معلومات پر خطاب کیا ۔ اس موقع پر اور ایک فیلڈ ٹرینر حج کمیٹی آف انڈیا مولانا عتیق الرحمن رشادی نے بھی خطاب کیا ۔جناب سید عبدالماجد شمیم ایڈوکیٹ صدر انجمن خادم الحجاج نے صدارت کی ‘ جناب سید صغیر احمد نائب صدر نے نگرانی‘ محمد رؤف الدین کچہری والا رکن کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی‘بحیثیت مہمانِ خصوصی شہ نشین پر موجود تھے۔جناب الحاج محمد شفیع الدین نعت خواں اور سید صغیر احمد نے اس موقع پر نعتیہ کلام پُر ترنم آواز میں پیش کیا ۔ محمد عبدالمقتدر تاج ‘ محمد غوث قریشی ‘ اختر محی الدین مؤظف انجینئر‘ شاہ نذیر الحسن قادری‘ شفیق احمد کلیم ‘ شاہ رفیع الزماں قادری المعروف بہ اسلم پاشاہ قادری‘ غلام متین سیٹھ ‘ محمد شریف کے علاوہ محمد آصف اور منہاج مصروفِ انتظامات دیکھے گئے ۔ جناب سید منصور احمد قادری انجینئر انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر نے نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دئیے اور انہی کے اِظہارِ تشکر پر تربیتی کیمپ اختتام پذیر ہوا ۔ 


 

ہمناآبااور قرب و جوار میں چوری کی وارداتوں کا تسلسل 

بیدر۔24؍اگست۔( فکروخبرنیوز)۔مسلم ہیومن رائٹس اسوسی ایشن شاخ ہمناآباد سیکریٹری جناب سید یٰسین علی کی پریس نوٹ کے بموجب ہمناآبااور قریب و جوار میں چوری کی وارداتیں مسلسل پچھلے دو ماہ سے رُکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں ،پولیس کسی بھی واردات کا پردہ فاش کرنے میں ناکا م رہی ہے ،اور اس کی نااہلی کا فائدہ غنڈہ عناصر اُٹھا تے ہوئے ایک ہی رات میں تقریباًآٹھ (8)مقامات پر سلسلہ وار سرقہ کی وارداتیں انجام دی ہیں ،جس میں سارقین نے نقد سمیت قیمتی اشیا ء کا سرقہ کر کے فرار ہوئے ہیں یہ واقع ہمناآباد کے موڑکیرہ موضع میں پیش آیا ، تفصیلات کے بموجب موضع کے پرلہاد ویرّنّا نامی شخص کے مکان میں 60گرام سونااور 15؍ ہزار روپیے نقد، اور دیانند شیورام رامنوکے مکان میں سے 15گرام سونا اور 5ہزارروپئے نقد ، اسطرح سے تقریباً3لاکھ رپئے سے زائد کی رقم اور سونا لوٹ کر سارقین فرار ہونے میں کامیاب ہو ئے ہیں، مزید ایک اور واقعہ میں سارقین نے کرانہ شاپ کو نشانہ بناتے ہو ئے ، قیمتی اشیاء گٹکھا، سگریٹ ، موبائل ریچارج کوپن ، نقد رقم و دیگر اشیا ء سرقہ کر لئے ہیں ، با وثوق ذرائع نے یہ بات بتائی ہے کہ سر قہ کے مکانا ت و دکانات کا فائر بریگیڈ عملہ ، ڈاگ اسکواڈ اور پولیس عملہ نے پہنچ کر تفتیش کی ، سرقہ کی خبر کی وجہسے علاقہ کے لوگوں میں شدید غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں نے پولیس کی نااہلی اور اپنے غم و غصہ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہمناآباد تعلقہ میں کوئی غنڈہ عناصر سے محفوظ نہیں ہے اور چور ہیں کہ پولیس کی ناک کے نیچے چوری کی وارداتوں کوبے خوف ہو کر بخوبی انجام دے رہے ہیں،جو آج کی چوری پولیس کی نا اہلی کا واضح ثبوت ہیں،جس کے بعد مقامی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار ڈی.ایس؛پی مسٹرامرناتھ ریڈی ، سی ،پی، آئی، دتاتریہ کرناڈ نے جائے واردات کا پنچنامہ کرتے ہو ئے، ہمناآباد پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کر لیا ہے۔***


 

تین اسمبلی حلقہ جات کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کو دو نشستوں پرکامیابی

بیدر۔25؍اگست۔(فکروخبرنیوز)۔کرناٹک میں تین اسمبلی حلقہ جات کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کو دو نشستوں پر اور بی جے پی کو ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔کرناٹک حکمران کانگریس کو بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے‘ جہاں پارٹی نے اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں اہم بیلاری رورل اسمبلی حلقہ ‘بی جے پی سے چھین لیا ہے ۔بی جے پی 21؍اگست کو ہوئے ضمنی انتخابات میں ایک سیٹ پر جیت حاصل کرپائی۔بی جے پی کو کڑا جھٹکا دیتے ہوئے کانگریس کے این وائی گویالرشا نے بی جے پی کے اوبالیش کو بیلاری رورل اسمبلی حلقہ پر33,104ووٹوں کے فرق سے ہرایا ۔جس کی نمائندگی پہلے مسٹر شری راملو کررہے تھے۔ لوک سبھا کے رکن منتخب ہونے کے بعد انھوں نے یہ سیٹ چھوڑ دی تھی ۔کسی وقت میں کان کنی کے علاقہ کے بڑے اور سابق وزیر جناردھن ریڈی کے وفادار مانے جانے والے شری راملو نے سال 2013ء کے اسمبلی انتخابات میں بی ایس آر اُمیدوار کی حیثیت سے بیلاری رورل اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی ‘لیکن لوک سبھا انتخابات سے قبل وہ بی جے پی میں دوبارہ شامل ہوگئے تھے ۔شکاری پور اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے وائی رگھویندر کے ساتھ یہ سیٹ بچانے میں کامیاب رہی۔ یہاں پارٹی کے قومی نائب صدر اور سابق وزیر اعلی مسٹر بی ایس یدی یورپا کے فرزند رگھویندر نے6,430ووٹوں کے فرق سے کانگریس کے ایس ایچ شاتاویریپا کو سخت مقابلہ میں شکست دی۔ مسٹر یدی یورپا سال2013ء کے اسمبلی انتخابات میں24ہزار ووٹوں سے یہاں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ا س وقت انھو ں نے کرناٹک جنتاپارٹی (KJP)کے اُمیدوار کے طورپر انتخاب لڑا تھا۔ ان کی پارٹی کے جے پی کا لوک سبھا انتخابات سے کچھ ہی مہینوں پہلے ہی بی جے پی میں انضمام ہوگیا تھا ۔گزشتہ عام انتخابات میں شیموگہ سے لوک سبھا رکن بننے سے قبل مسٹر بی ایس یدی یورپا 7مرتبہ شکاری پور کی نمائندگی کرچکے ہیں ۔کانگریس نے اپنے روایتی گڑھ چکوڈی۔سدلگا پر اپنا قبضہ برقار رکھا‘ جہاں اس کے اُمیدوار گنیش پرکاش ہکیری نے بی جے پی کے مھتش کواتاگی مٹھ کو31,820ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ انتخابات کے نتائج سے وزیر اعلی مسٹر سدارامیا کو کافی مضبوطی ملی ہے‘جن کے کام کاج کی سٹائل کو لے کر پارٹی کے اندر عدم اطمینان پنپ رہا تھا اور اب مستقبل قریب میں ان کے خلاف احتجاج کے یہ سر(سست)دھیما پڑنے کا امکان ہے۔ کانگریس کا اس انتخاب میں بہت کچھ داؤ پر لگایا تھا۔لوک سبھا انتخابات کے بعد یہ پہلا انتخابی طاقتی ٹسٹ تھا ۔کرناٹک میں لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے28میں سے 17نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ کانگریس نے2013ء کے اسمبلی انتخابات میں شاندار کاکردگی کا مُظاہرہ کیا تھااورجنوبی ہند میں بی جے پی کی پہلی حکومت کو باہر کا راستہ دکھایا دیا تھا۔ ‘لیکن وہ لوک سبھا انتخابات میں صرف 9نشستیں جیت سکی۔ اور 2 سنشتیں جنتادل (ایس) کے اکاؤنٹ میں گئی۔جنتادل(ایس) قیادت کے کام کاج کے طورطریقوں کو لے کر ارکان اسمبلی کے درمیان عدم اطمینان کا سامنا کررہے سابق وزیر اعظم مسٹر ایچ ڈی دیوے گوڑا کی پارٹی نے ان ضمنی انتخابات میں تینو ں اسمبلی حلقہ جات میں سے کسی پر بھی اپنا اُمیدوار کھڑا نہیں کیا تھا ۔***


 

بیدر: حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے دئیے جانے والے ٹیکوں کیلئے 28؍اگست تاریخ طئے

بیدر۔25؍اگست۔(فکروخبرنیوزجناب الحاج سید منصور احمد قادری انجینئر معتمد انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر و فیلڈ ٹرینر حج کمیٹی آف انڈیا نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ضلع بیدر کے عازمینِ حج2014ء کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے دئیے جانے والے ٹیکوں کیلئے 28؍اگست تاریخ طئے کی گئی ہے ۔مذکورہ ٹیکہ اندازی پروگرام بروز جمعرات صبح10بجے دفتر انجمن خادم الحجاج متصل جامع مسجد بیدرمیں منعقد ہوگا۔ جس میں رکن اسمبلی بیدر مسٹر گرپادپاناگمار پلی‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ‘ڈسٹرکٹ سرجن کے علاوہ ڈپٹی کمشنر بیدر‘ چیف ایکزیکٹیو آفیسر بیدر ضلع پنچایت ‘سپرنٹیڈنٹ آف پولیس بیدر ‘فاریسٹ کنزرویٹر آفیسراور چیر پرسن مجلسِ بلدیہ بیدر کی شرکت بھی متوقع ہے ۔جناب سید منصور احمد قادری انجینئر نے بتایا کہ یہ ٹیکہ اندازی اور اس کے بعد حاصل ہونے والا( HAT Card) سرٹیفکیٹ انتہائی ضروری اور لازمی ہے جس کے بغیر کوئی حاجی حج کے سفر پر جا بھی نہیں سکتا۔اس لئے انھوں نے ضلع بیدر کے تمام عازمین سے خواہش کی ہے کہ وہ وقتِ مقررہ پر حاضر رہیں ۔حج کمیٹی کا اہم ٹیکہ اندازی کیمپ اسٹیٹ حج کمیٹی کے رکن محمد رؤف الدین کچہری والا کی راست نگرانی میں منعقد ہوگا۔ ہمیشہ کی طرح انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر کے تمام عہدیداران و اراکین سرکاری دواخانہ کے میڈیکل عملہ (ڈاکٹر و نرسس) کے ساتھ مکمل تعاون دیں گے ۔اور عازمین کی بھرپور مذمت و رہنمائی کیلئے موجود رہیں گے۔


عظیم الشان جلسہ عام بعنوان ’’ آزادی ہند میں علماء کا کردار‘‘

بیدر۔25؍اگست۔(فکروخبرنیوز)۔مولانا محمد تصدق ندوی جوائنٹ سکریٹری کے بموجب جمعیت علماء ہند ضلع بیدر کے زیر اہتمام 26؍ اگست بروز منگل بعد نماز مغرب تا 10؍ بجے شب مغل گارڈن بید ر میں عظیم الشان جلسہ عام بعنوان ’’ آزادی ہند میں علماء کا کردار‘‘ منعقد کیا جارہا ہے جس کی سرپرستی مولانا زین العابدین مظاہری سرپرست جمعیت علماء ہند ریاست کرناٹک فرمائیں گے اور صدارت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی صدر جمعیت علماء ہند ریاست کرناٹک فرمائیں گے ان کے علاوہ پڑوسی ریاست کے صدور حافظ پیر شبیر یم یل سی تلنگانہ و آندھرا پردیش اور حافظ ندیم صدیقی مہاراشٹرا، کا بھی خطاب ہوگا، جبکہ مولانامحمد شریف مظہری صدر جمعیت علماء ہند ضلع گلبرگہ مولانا محمد شاکر حُسین قاسمی صدر جمعیت علماء ہند ضلع بیجاپور ، ڈاکٹر پی سی جعفر ڈی سی بیدر، مسٹر سدھیر کمار ریڈی ایس پی بیدرمہمانانِ اعزازی ہونگے عامتہ المسلمین سے عنوان کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت فرما کر علماء کرام کے خطابات سے استفادہ کی درخواست کی جاتی ہے ۔انشاء اللہ جلسہ بلا تاخیر وقت مقررہ پر شروع ہوگا ۔***


معروف کھلاڑی کی یاد میں ٹورنامنٹ کا انعقاد عنقریب 

بیدر۔25؍اگست۔(فکروخبرنیوز)۔بیدر شردھ ساکر اکیڈمی کے تحت بیدر کے معروف فٹ بال کھلاڑی مرحوم محمد نذیر احمد خان کی یاد میں سر نذیر احمد خان میموریل لیگ ٹورنامنٹ نہرواسٹیڈیم بیدر میں 29اگست تا14ستمبر 2014 ؁ء منعقد کیاجارہاہے۔ یہ ٹورنمنٹ مکمل لیگ بنیاد پر کھلایاجائے گا۔ جس میں مقامی چار اور بیرون ریاست کی چار ٹیمیں مدعو ہوں گی ۔ فائنل میاچ 14ستمبر کو شام 4بجے ہوگا۔ مقابلہ جات افتتاح کے بعد ہر ہفتہ اور اتوار ہی کورہیں گے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو شیلڈ کے علاوہ مبلغ 25ہزار روپئینقد انعام دیاجائے گا۔ اس کے علاوہ بہترین ٹیم ، بہترین ڈیفنڈر، بہترین فارورڈر، بہتر گول کیپر جیسے انعامات بھی دئے جائیں گے ۔ اس بات کی اطلاع مسٹررنجیت کماراور محمد نجم الدین انجم صدرو نائب صدر شردھ ساکر اکیڈمی بیدر نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی ہے۔تفصیلات کے لئے 9880844287اور9448582967پر رابطہ کیاجاسکتاہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا