English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل ومضافات میں ایک لاکھ پندرہ ہزار کلو فطرہ پندرہ سو خاندانوں میں تقسیم کیا گیا

share with us

قابلِ تعریف ہیں وہ افراد جو عید کی رات فطرہ تقسیم کے لیے وقف کردیتے ہیں اور بہت ہی منظم انداز میں فطرہ تقسیم کا کام بحسنِ خوبی انجام دیتے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار آج علی پبلک اسکول میں فطرہ کمیٹی کی جائزاتی اور عید ملن تقریب میں علماء ، دانشوران اور مختلف جماعتوں کے ذمہ داروں نے کیا۔ فطرہ کمیٹی کے کنوینر اور مولاناابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ فطرہ کمیٹی کا کام الحمدللہ پہلے کے مقابلہ میں بہت ہی منظم انداز میں ہورہا ہے۔ پہلے لوگ فطرہ وصول کرنے کے لیے بھیڑ لگاتے تھے اب کوشش یہ کی جارہی ہے کہ فطرہ مستحقین کو ان کے گھروں تک پہنچادیا جاتا ہے اور اس میں الحمدللہ ہم کامیاب ہورہے ہیں ، آنے والے دنوں میں مزید بہتری لانے کی کوشش بھی کی جائے گی۔ انہوں نے اس رات کام کرنے والے اور تعاون کرنے والے نوجوانوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ واقعی قابلِ مبارکباد ہیں ہمارے نوجوان جو اپنا وقت صرف اللہ کی رضا کے لیے فطرہ تقسیم کرنے میں صرف کرتے ہیں ، انہوں نے اس موقع پر اس بات کا بھی اظہار کیا کہ فطرہ تقسیم کرنے میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو اپنے جوانی کے دور سے کام کرتے آرہے ہیں اور اب اپنی اولاد اور پوتوں کے ساتھ بھی کام کرتے آرہے ہیں۔ مولانا نے امسال کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ اس سال بھی بیرونی جماعتوں کی جانب سے فطرہ کے چاول موصول ہوئے اور بھٹکل اور آس پاس میں کل ایک لاکھ پندرہ ہزار کلو چاول پندرہ سو خاندانوں میں تقسیم کیا گیا ۔ مولانا نے کہا کہ خوش آئند بات یہ رہی ہے بھٹکل میں رہائش پذیر تقریباً ایک سو خاندانوں کو ان کی مالی استطاعت اچھی رہنے کی وجہ سے فہرست سے نکال دیا گیا اور مضافاتی علاقوں کے کئی نئے مستحق خاندانوں کا اس میں اضافہ کیا گیا ۔ مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے بھی فطرہ کمیٹی کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فطرہ تقسیم کا عمل ایک خدمتِ خلق کا عمل ہے ، کام کرنے والے افراد کو اجر کے ساتھ ساتھ بہت ساری بیواؤں ، یتیموں اور غریب ونادار لوگوں کی دعائیں بھی ملتی ہیں۔ اس موقع پر استاد دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو مولانا فیصل احمد آرمار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاید ہی اتنے منظم انداز میں فطرہ تقسیم کا کام بھٹکل کے علاوہ کہیں انجام دیا جاتا ہو ، اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ فطرہ مستحق افراد تک پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل مسئلہ یہ ہے کہ فطرہ نکالنے والے کی ذمہ داری ہے کہ جس طرح وہ فطرہ نکالتا ہے اسی طرح اس کو مستحقین تک پہنچانے کا کام بھی اسی کا ہے ، اتنا بڑا کام فطرہ کمیٹی نے ہمارے لیے آسان کردیا او رہمارا فطرہ مستحق لوگوں تک پہنچا کر وہ ہمارے لیے آسانیاں پیدا کررہے ہیں۔ اس موقع پر مولانا عبدالعلیم قاسمی ،مولانا یاسر برماور ندوی ، مولانا ابرارموٹیا ندوی ، جناب صلاح الدین صاحب اور دیگر لوگوں نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے فطرہ کمیٹی کی کوششوں کی سراہنا کی اور مستقبل میں مزید اس میں بہتری لانے کا مشورہ بھی دیا۔ ملحوظ رہے کہ جلسہ کا آغاز مولانا فرقان مالکی ندوی کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا ، نظامت کے فرائض جناب پرویز صاحب نے انجام دئیے ۔ اس موقع پر اسٹیج پر مختلف جماعتوں کے ذمہ داران موجود تھے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا