English   /   Kannada   /   Nawayathi

وزیراعظم مودی نے اپوزیشن پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا

share with us

وزیر اعظم مودی نے منگل کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہزادوں کو اپنے پریوار سے آگے کچھ دکھائی نہیں دیتا۔ الہ آباد اور پھولپور سیٹ کیلئے ۲۵؍مئی کو ہونے والی ووٹنگ سے قبل پریڈ گراؤنڈ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر مودی نے ہندو مسلم کیا، رائے دہندگان کے سامنے رام مندر اور سناتن دھرم کی دہائی دی اور عتیق احمد کا نام لئے بغیر مافیا کے خلاف صفائی مہم کا حوالہ دیا اور حراست میں ہونے والی اموات کا ’سہرا‘ اپنے سر باندھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے شہزادے ہندوستان کو گالی دینے کیلئے بیرون ملک جاتے ہیں۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماجوادی اور کانگریس کے شہزادوں کو اپنے پریوار کے آگے کچھ بھی نہیں دکھائی دیتا۔ 
 مسلمانوں کا نام لئے بغیرانہوں نے کہاکہ کانگریس اورسماجوادی پارٹی میں میں ایک طبقے کی خوشامد کیلئے مقابلہ آرائی چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ رام مندر کا بائیکاٹ کرتے ہیں، سناتن کو ڈینگو اور ملیریا کہتے ہیں، کیا یہ لوگ اگلے سال ہونے والے کمبھ کو اچھی طرح سے منعقد کروانے دیں گے؟ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی اور کانگریس کا کردار ہی ترقی مخالف ہے۔

وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’الہ آباد میں کھلے عام بموں کا استعمال کیا جاتا تھا، غنڈے اور مافیا شیخیاں بگھارتےتھے۔ کیا یہاں کے دکاندار اور تاجر اُن دنوں کو بھول سکتے ہیں ؟‘‘ پولیس حراست میں عتیق احمد کے قتل کا سہرا اپنی حکومت کے سر باندھنے کی کوشش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے بی جے پی کی حکومت آئی ہے، یہاں مافیا کے خلاف ایک طرح کی صفائی مہم چل رہی ہے۔ سماجوادی پارٹی کی حکومت کے دوران مافیا غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرتے تھے، اب بی جے پی حکومت ان کے غیر قانونی محلات کو گرا کر وہاں غریبوں کیلئے گھر بنا رہی ہے۔ 
 مودی نے کہا کہ’’ الہ آباد تعلیم کا اتنا بڑا مرکز ہے۔ کیا یہاں کے نوجوان بھول سکتے ہیں کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت آپ کے سپنوں کا کس طرح سودا کرتی تھی؟آپ محنت کرتے تھے اور آپ میں قابلیت بھی تھی، لیکن نوکری کسی اور کو ملتی تھی۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ نوکریاں ذات پات دیکھ کر دی جاتی تھی یا پھر انہیں ملتی تھی جو رشوت دیتے تھے۔ انہوں نے یو پی پی ایس سی کو فیملی سروس کمیشن میں تبدیل کردیا تھا۔ ‘‘ انہوں نے کہا انڈیااتحاد کی کشتی ڈوب رہی ہے، اسلئے ان کا واحدسہارا جھوٹ رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل جھوٹ، ہر جگہ جھوٹ اور بار بار جھوٹ بولا جارہا ہے لیکن اس سے کچھ فائدہ ہونے والا نہیں ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا