English   /   Kannada   /   Nawayathi

غزہ جنگ :اسلامی ممالک سے مایوس دہلی کے شاہی امام کو اب صرف وزیراعظم مودی سے امیدیں

share with us

نئی دہلی: دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے جمعہ کے روز کہا کہ اسلامی ممالک نے اسرائیل فلسطین تنازعہ میں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔ احمد بخاری نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر سفارتی دباؤ ڈالیں اور جنگ ختم کرائیں۔ جنگ پہلے ہی 21,300 سے زیادہ فلسطینیوں کو ہلاک کر چکی ہے، جس سے ایک اور انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے اور غزہ کی ایک چوتھائی آبادی بھوک سے مر رہی ہے۔

ایک بیان میں بخاری نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اس سطح پر پہنچ چکا ہے جہاں دو ریاستی اصول کے تحت اقوام متحدہ، عرب لیگ اور خلیج تعاون کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اس مسئلہ کو فوری اور مستقل طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

احمد بخاری کا مزید کہنا تھا، ’’مسلم دنیا نے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا اور وہ اقدامات نہیں کر رہی جو اسے کرنے چاہئیں تھے اور یہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ آخر میں، میں امید کرتا ہوں کہ میرے ملک کے وزیر اعظم جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی دباؤ ڈالیں گے اور اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات کی بنیاد پر مسائل کو حل کریں گے۔‘

ہندوستان نے اس ماہ کے شروع میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک مسودہ قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا جس میں اسرائیل-حماس تنازعہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے ساتھ ساتھ تمام یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیل پر سب سے بڑا حملہ کیا تھا، جس میں 1200 اسرائیلیوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے علاوہ 240 افراد کو یرغمال بھی بنایا گیا، جن میں خواتین، بچے اور بوڑھے شامل تھے۔ ان میں سے کئی یرغمالیوں کو رہا کر دیا گیا ہے، جب کہ کئی کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ اس جنگ میں غزہ میں اب تک 20 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا