English   /   Kannada   /   Nawayathi

پہلوانوں کی حمایت میں اب ایک اورپہلوان نے پدم شری ایوارڈ لوٹانے کا کیا اعلان ، سچن تندولکر سے بھی کی اپیل

share with us

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور باہو بلی لیڈر برج بھوشن سنگھ  کے خلاف میدان میں اترنے والے پہلوانوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز جہاں بجرنگ پونیا نے اپنا پدم شری کا اعزاز واپس کرنے کا اعلان کردیا وہیں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے معذوروں کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ویریندر سنگھ یادو عرف گونگا پہلوان نے بھی اپنا پدم شری ایوارڈ واپس کردینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ وہ خاتون پہلوانوں کی حمایت میں یہ قدم اٹھارہے ہیں تاکہ پورے ملک کو معلوم ہو سکے کہ ان پہلوانوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ انہوں نے احتجاجاً سبکدوشی کا اعلان کرنے والی پہلوان ساکشی ملک کے حوصلے اور جذبے کی ستائش بھی کی اور کہا کہ انہیں ثابت قدم رہنا ہو گا کیوں کہ انہوں نے نا انصافی کے خلاف آواز بلند کی ہے  اور اب انہیں مزید حیران کیا جائے گا اس لئے وہ جتنا ثابت قدم رہیں گی اتنا ہی ان کا مقصد پورا ہونے کے قریب پہنچے گا۔انہوں نے ملک کے دیگر کھلاڑیوں جیسے سچن تنڈولکر ، نیرج چوپڑا اور دیگر سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اپنے اپنے ایوارڈ واپس کرنے پر غور کریں کیوں کہ ایک فیڈریشن کا سابق صدر اپنے سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے خواتین کی عزت سے کھلواڑ کررہا ہے اور حکومت اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔یاد رہے کہ گونگا پہلوان کو پدم شری کا اعزاز حال ہی میں ۲۰۲۱ء  میں دیا گیا ہے جبکہ ۲۰۱۵ء میں انہیں ارجن ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
دوسری طرف راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے الزام عائد کیا کہ پہلوان ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا کے تمغوں کی واپسی خواتین اور ان کے تحفظ کے تئیں بی جے پی کی بے حسی کو بے نقاب کرتی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر  اشوک گہلوت نے اولمپک تمغہ جیتنے والی خاتون پہلوان ساکشی ملک کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد مرکز میں حکمراں  بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا  پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھاکہ پہلے تمغے لا کر ملک کا نام روشن کرنے والی ساکشی ملک کی ریٹائرمنٹ اور اب بجرنگ پونیا کی پدم شری کی واپسی نے پہلوان بیٹیوںکی انصاف کی لڑائی میں بی جے پی کے ارادوں پر بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ خواتین کی حفاظت کے تئیں بی جے پی کی بے حسی کو بے نقاب کر رہا ہے۔  
 اس معاملے میں ایک بڑا ڈیولپمنٹ یہ بھی ہوا ہے کہ کشتی فیڈریشن کے الیکشن کے بعد وہاں تنازع بھی شروع ہو گیا ہے۔ فیڈریشن کےجنرل سیکریٹری پریم چند لوچب نےیہ الزام عائد کیا ہے کہ فیڈریشن کے نومنتخب صدر سنجے سنگھ نے ان سے مشورہ کئے بغیر قومی جونیئر چمپئن شپ کا اعلان کردیا جبکہ اس کا اعلان فی الحال نہیں کرنا تھا ۔ انہوں نے فیڈریشن کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں بھی حصہ نہیں لیا اور کہا کہ یہ فیصلے جنرل سیکریٹری ہی کرتا ہے لیکن نئے صدر سابق صدر کے اثر میں ہیں اس لئے وہ ایسے فیصلے کررہے ہیں۔ انہوں نے وارننگ دی کہ وہ فیڈریشن سے بیرونی اثرات ختم کرکے ہی دم لیں گے۔
دوسری طرف ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے نومنتخب صدر سنجے سنگھ نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ وہ سبکدوش ہونے والے صدربرج بھوشن سنگھ کے قریبی ہیں لیکن وہ ڈمی نہیں ہیں اور کسی کا قریبی ہونا کوئی گناہ نہیں ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا