English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسلم نوجوان: مسیحا تھا، مسیحا ہے

share with us

مفتی فیاض احمد محمود برمارے حسینی

ریاست اتراکھنڈ کی ایک سرنگ میں پھنسے 41 مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ امدادی کارکن 17 روز سے اس ریسکیو آپریشن کے دوران سلکیارا کی زیر تعمیر سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کی ہر ممکن کوشش کررہے تھے۔لیکن ہر ممکنہ کوشش کے باوجود کامیابی نہیں مل رہی تھی، اخر کار rat miners  نامی ٹیم کی جدو جہد اور محنت کے نتیجہ میں ان مزدوروں کو نکالنا آسان ہوگیا، یہ وکیل حسن نامی مسلم شخص کی قیادت میں سرگرم مزدوروں کی ہی ایک ٹیم ہے جو اس طرح کے کاموں میں بڑی مہارت رکھتی ہے، اس مشکل مہم کو بہت کم وقت میں سر کرنے کے بعد سے اس ٹیم کو اور اس کے کارندوں کو کافی شہرت حاصل ہوگئی ہے ،جن کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے ہم وطن اور ہم پیشہ لوگوں کو نئی زندگی دینے کا جو موقع ملا ہے اس پر ہمیں کافی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ سرکاری طور پر بھی انھیں سراہا گیا ہے، ان کی کامیاب کوشش کے نتیجہ میں ریسکیو کئے جانے والے مزدوروں سے وزیراعظم مودی جی نے بات چیت بھی کی ہے اور ان کے صبر وہمت کی داد دینے سے نہیں رکے ہیں۔ ظاہر ہے انسانی جان سے زیادہ کوئی چیز قیمتی نہیں ہے ،پھر ایک نہیں اکتالیس جانوں کا بچ جانا صرف ان کے لئے ہی نہیں بلکہ ملک کے لئے بھی راحت کی سانس لینے کا موقع ہے ،اور خوشی منانے کا بھی! یہی وجہ ہے کہ ان مزدوروں کے بحافظت باہر آنے پر پورے ملک میں خوشی کا ماحول ہے اور سرکار بھی اس کامیابی کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہی ہے۔

یہ بھی اچھی خبر ہے کہ ریسکیو کرنے والی rat miners ٹیم میں شامل کچھ نوجوان مسلمان ہیں، تاریخ اس بات پر شاہد ہے کہ مسلمانوں نے اس وطن کے لئے بے دریغ قربانیاں دی ہیں لیکن جب انسانیت مخالف عناصر اس تاریخ کو داغدار کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وقتاً فوقتاً ایسے حالات پیدا ہوتے ہیں جن سے بار بار یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ آج بھی وطن اور ملک کے لئے مسلمان قربانی کے میدان میں سب سے آگے رہتا ہے اور مذہب کے نام پر نفرت کے آگ لگانے والوں کو  یہ پیغام دیتا ہے کہ ہمارے مذہب میں انسانیت کا احترام ہے۔ لوگوں کی جان بچانا بھی ہمارا مذہبی فریضہ ہے، اسی مذہبی فریضہ کی انجام دہی میں ریسکیو ٹیم میں منا قریشی، راشد، نسیم اور وکیل حسن جیسے مسلم نام بھی نظر آرہے ہیں ،ان کے اعلی کردار پر پوری قوم شاداں وفرحاں ہے۔

ہمارے ہم وطن بھائیوں میں سے بہت سے لوگ یقیناً اس حقیقت کا اعتراف کرتے ہیں لیکن ان میں بھی کچھ ایسے ضرور پائے جاتے ہیں جو اپنے ناپاک منصوبوں کی تکمیل کے لئے مذہب کے نام پر خون کی ہولی کھیلتے ہیں، نام دیکھ کر ہی ناروا سلوک کرتے ہیں، نام کی شناخت کے ساتھ ہی ماب لنچکنگ کے واقعات رونما ہوتے ہیں، اس حادثہ کی جگہ پر  موجود افسران اور سرکاری عملہ میں بھی کچھ اسی ذہنیت کے ہوں گے ایسے لوگوں کو ان نوجوانوں کی بہادری ،دلیری اور انسانیت سے پیار ومحبت کو دیکھ کر ہوش کے ناخن لینا چاہیے اور نفرت اور تعصب کو دور پھینک کر انسانیت کے نام پر محبت اور خیر سگالی کے جذبات اپنے اندر پیدا کرنا چاہیے کہ اصل  ملک کی ترقی کا یہی رازہے ۔

یہی ہے عبادت یہی دین و ایماں

کہ کام آئے دنیا میں انساں کے انساں

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا