English   /   Kannada   /   Nawayathi

اسمبلی انتخابات کے نتائج ِ تین ریاستوں میں بی جے پی شاندار جیت ، تلنگانہ میں کانگریس کی فتح

share with us

لوک سبھا انتخابات سے ٹھیک پہلے، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتوار کو اپنی مقبولیت کا زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے تین ہندی بولنے والی ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بڑی جیت درج کی۔ تلنگانہ سمیت چار ریاستوں کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی میں بی جے پی کی اہم حریف کانگریس کو راجستھان اور چھتیس گڑھ میں دھچکا لگا اور وہ ان دونوں ریاستوں میں اپنی حکومت کھو بیٹھی لیکن پارٹی نے جنوب کی ایک اہم ریاست تلنگانہ میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی جب اس نے ریاست کے قیام کے بعد سے مسلسل 10 سال تک حکمران بھارت راشٹرا سمیتی (بی آرایس) کو اکھاڑ پھینکا۔
بی جے پی، جس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی مقبولیت کے رتھ پر سوار ہوکر چاروں ریاستوں میں الیکشن لڑا، اس نے راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کانگریس سے اقتدار چھین لیا اور اس بار اپنے پرانے گڑھ مدھیہ پردیش میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورپارٹی اقتدار مخالف لہر کے اندازوں کو جھٹلاتے ہوئے دوتہائی سے بھی زیادہ سیٹیں جیتنے میں کامیابی حاصل کی

گہلوت نے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ریاستی اسمبلی انتخابات 2023 کے نتائج آنے کے بعد اتوار کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ گہلوت گورنر ہاؤس پہنچے اور گورنر کلراج مشرا کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ گورنر مشرا نے استعفیٰ فوری طور پر قبول کر لیا اور گہلوت سے ریاست میں نئی ​​حکومت کی تشکیل تک کام جاری رکھنے کی تاکید کی۔ واضح رہے کہ راجستھان اسمبلی الیکشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو سو سے زائد سیٹوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔

 

وزیر اعظم نریندر مودی دہلی میں بی جے پی کے ہیڈکوارٹر پہنچے

راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی دہلی میں بی جے پی کے ہیڈکوارٹر پہنچ گئے ہیں۔ جہاں وہ بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرکے شکریہ ادا کریں گے۔

ہم مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان کے مینڈیٹ کو قبول کرتے ہیں: راہل گاندھی

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ہم عاجزی کے ساتھ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان کے مینڈیٹ کو قبول کرتے ہیں۔ لیکن نظریات کی جنگ جاری رہے گی اور میں تلنگانہ کے لوگوں کا بہت شکر گزار ہوں اور ہم بہتر تلنگانہ بنانے کا وعدہ ضرور پورا کریں گے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کا مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کی عوام کا شکریہ

وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کیا کہ مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ کے انتخابی نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ بھارت کے لوگوں کا بھروسہ صرف گڈ گورننس اور ترقی کی سیاست پر ہے، ان کا بھروسہ بی جے پی میں ہے۔ میں ان تمام ریاستوں کے اہل خانہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، خاص طور پر ان ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور ہمارے نوجوان ووٹروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے بی جے پی پر اپنی محبت، بھروسے اور آشیرواد کی بارش کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک الگ ٹویٹ میں تلنگانہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اور لکھا کہ گزشتہ چند سالوں میں ریاست میں ہماری حمایت بڑھ رہی ہے اور یہ رجحان آنے والے وقتوں میں جاری رہے گا۔ تلنگانہ کے ساتھ ہمارا رشتہ اٹوٹ ہے اور ہم لوگوں کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ میں بی جے پی کے ہر ایک کی محنتی کارکنوں کوششوں کی بھی تعریف کرتا ہوں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا