English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسلم ریزرویشن منسوخ کرنے کے امت شاہ کے بیان پر اویسی کا شدید ردعمل

share with us

حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ہفتہ کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر مسلم ریزرویشن پر ان کے بیان پر سخت نکتہ چینی کی اور کہا کہ " یہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست ہے۔ قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حیدرآباد میں بی جے پی کے منشور کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو 4 فیصد "غیر آئینی" مسلم ریزرویشن کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔

حیدرآباد کے علاقے ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ ریزرویشن ہٹانے کا مطلب پسماندہ لوگوں کو روزگار کے مواقع سے محروم کرنا ہے۔ صدر مجلس نے کہا کہ "تمام مسلمانوں کو ریزرویشن نہیں ملتا، صرف پسماندہ طبقے میں درج لوگوں کو ملتا ہے۔ امت شاہ کا کہنا ہے کہ تمام مسلمانوں کو ریزرویشن ہندوؤں کو نفرت سے بھرنے کے لیے ملتا ہے۔ ریزرویشن ہٹانے کا مطلب پسماندہ مسلمانوں کو روزگار کے مواقع سے محروم کرنا ہے"۔

اویسی نے کہا کہ "یہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست ہے۔ یہ میرا تلنگانہ کے تمام درج فہرست قبائل کو پیغام ہے کہ وہ بی جے پی کا بائیکاٹ کریں۔ وہ آپ کی قبائلی حیثیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ میں امت شاہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہندو غیر منقسم خاندان کو ٹیکس میں چھوٹ دی جائے"۔ اویسی نے کہا کہ اس 4 فیصد ریزرویشن کے لیے بہت قربانیاں دی گئی ہیں۔

رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ "مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آئے اور مجلس پر براہ راست حملے شروع کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کو موقع ملا تو مسلمانوں کو جو 4 فیصد ریزرویشن ملتا ہے، وہ چھین لیا جائے گا"۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر بی جے پی کو موقع ملا تو اس کے بعد تلنگانہ میں یکساں سول کوڈ لاگو کیا جائے گا۔ ہم نے اس وقت کے آندھرا پردیش میں اس ریزرویشن کے لیے مہم بھی چلائی تھی۔

واضح رہے کہ تلنگانہ میں 30 نومبر کو اسمبلی انتخابات ہوں گے جبکہ تلنگانہ سمیت دیگر چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 3 دسمبر کو کیا جائے گا۔ سنہ 2018 کے پچھلے اسمبلی انتخابات میں حکمران بھارت راشٹرا سمیتی نے 119 میں سے 88 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ جبکہ کانگریس صرف 19 نشستیں ہی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا