English   /   Kannada   /   Nawayathi

اتراکھنڈ میں جلد ہی یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کی تیاری

share with us

اتراکھنڈ میں یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ اسی لئے دیوالی بعد اسمبلی کا خصوصی سیشن طلب کرکے یو سی سی سے متعلق بل منظور کروایا جائےگا۔ اسمبلی سے منظوری کے بعد اسے گورنر کے دستخط کیلئے بھیجا جائے گا اور پھر اسے ریاست میں نافذ کردیا جائےگا۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس تعلق سے کہاکہ ہم نے اپنے انتخابی منشور میں یو سی سی کے نفاذ کا وعدہ کیا تھا جسے ہم پورا کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی بعد خصوصی سیشن میں یوسی سی سے متعلق بل پیش کرکے اسے منظور کروالیا جائے گا۔ اس کے بعد اتراکھنڈ یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن جائے گی۔ دھامی نے یہ دعویٰ کیا کہ یو سی سی کسی بھی مذہب کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ سبھی مذاہب کو کئی معاملات میں یکساں حقوق دیتا ہے۔ 
 واضح رہے کہ پشکر سنگھ دھامی نے ہی ریاستی انتخابات سے قبل سبکدوش جج جسٹس رنجنا دیسائی کی قیادت میں یو سی سی ڈرافٹ کمیٹی بنائی تھی جس نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں ۶۰؍ سے زائد میٹنگیں کرنے کے بعد اپنی رپورٹ اور ڈرافٹ تیار کرلیا ہے اور امکان ہے کہ وہ چند روز میں اسے وزیر اعلیٰ کو پیش کردیں گی۔ اسی رپورٹ اور ڈرافٹ کی بنیاد پر ریاستی حکومت اپنے یہاں یونیفارم سول کوڈ نافذ کرے گی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کی رپورٹ پوری طرح تیار ہے اور اس میں یو سی سی کے نفاذ سے متعلق کئی مشورے دئیے گئے ہیں۔ساتھ ہی مختلف طبقات کے متنازع معاملات میں لائحہ عمل طے کرنے کے لئے بھی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ 
 یاد رہے کہ اتراکھنڈ کے علاوہ گجرات میں بھی یو سی سی کے نفاذ کے سلسلے میں آوازیں اٹھ رہی ہیںکیوں کہ وہاں پر بھی اسمبلی انتخابات سے قبل یوسی سی کے نفاذ کے لئے کمیٹی بنائی گئی تھی اور وزیر اعلیٰ نے خود اعلان کیا تھا کہ وہ جلد از جلد یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔ اگر اتراکھنڈ میں یہ نفاذ ہو جاتا ہے تو گجرات پر بھی اس کے نفاذ کا دبائو بنے گا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا