English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسلمانوں میں دینی شعور پیدا کرنے کے لئے زمینی سطح پرمحنت کی سخت ضرورت  : مولانا غیاث احمد رشادی

share with us


کریم نگر میں منبر ومحراب فاؤنڈیشن کے مشاورتی اجلاس سے مولانا غیاث احمد رشادی کا خطاب


    ملک کے بدلتے حالات اور آئے دن پیش آنے واقعات مسلمانوں کو بطور خاص اس بات کا جائزہ لینے پر آمادہ کرتے ہیں کہ وہ ملک و ملت کی فکر کریں۔ عوام میں دینی شعور، مذہبی بیداری اور ملک کے امن و سلامتی کے لئے جدو جہد کرنے والے بنیں۔ برادران وطن سے اچھے تعلقات کو قائم کرنا اور آپسی دوریوں کو ختم کر کے متحدہ کوشش کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ اب دور کنویں کا نہیں رہا کہ پیاسا آئے گا اور اپنی پیاس بجھائے گا بلکہ یہ دورنل کا ہے کہ ہر گھر تک خود پہنچ کر سیراب کریں۔ بے فکری، دین سے دوری، حالات و واقعات سے غفلت بڑھتی جارہی ہے۔ دین کی باتیں علماء کے بیانات سے عموماً وہی طبقہ مستفید ہورہا ہے جو پہلے سے دین دار ہے۔ مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ گلیوں، چوراہوں پر، ہوٹلوں میں اور دیگر مقامات پر مصروف رہتے ہوئے دینی تعلیمات سے نا آشنا ہے، اس طبقہ پر محنت کرنے کی ضرورت ہے اور ہمارے غیر مسلم بھائیوں سے اچھے روابط بھی پیدا کرناضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال انڈیا، بانی و محرک منبر ومحراب فاؤنڈیشن انڈیا نے کریم نگر میں منعقدہ علماء کرام و حفاظ عظام کے مشاورتی اجلاس مسجد کو ثر مومن پورہ گودام گڑھ میں کیا۔ مولانا نے کہا دینی شعور پیدا کرنے کے لئے منبر ومحراب فاؤنڈیشن کی جانب سے چار ریاستوں میں ان شاء اللہ زمینی سطح پر کام کا آغاز ہورہا ہے۔ تلنگانہ، آندھرا، مہاراشٹر اور کرناٹک میں اس کے لئے علماء کرام کی خدمات حاصل کر کے عوام تک پہنچنے اور ان میں دینی فکر و مذہبی بیداری کے لئے جدو جہد کی جائے گی۔ تلنگانہ میں الحمدللہ کام کی شروعات ہو چکی ہے، اس کے ذریعہ خواتین میں دینی تعلیم کے لئے مراکز نسواں کا قیام بھی ہے تا کہ خواتین میں بھی دینی تعلیم عام ہو اور وہ اپنے مذہبی فریضہ کو بحسن و خوبی انجام دے سکے۔ اسکولوں میں طلباء میں اخلاقی تعلیمات کو اجا گر کرنا بھی اہم کام ہے۔ حیدر آباد میں تقریباً 130 اسکولوں میں خدمات کا سلسلہ جاری ہے۔ مولانا محمد کاظم السنی صدر صفا بیت المال شاخ کریم نگر کی نگرانی میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مفتی محمد غیاث محی الدین ناظم مدرسہ عربیہ حفظ القرآن، مفتی محمد صادق حسین قاسمی ڈائرکٹر القلم فاؤنڈیشن کریم نگر و مقامی ذمہ دار منبر ومحراب فاؤنڈیشن مفتی محمدنوید سیف حسامی ایڈووکیٹ جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ کریم نگر،مولانا خواجہ فرقان قاسمی امام و خطیب مسجد انجم، حافظ محم معظم حسین فیضی ناظم مدرسہ افضل العلوم، مولانا محمد حید ر اسعدی،مفتی خواجہ غفران الدین، مفتی عبد العلیم قاسمی، مفتی محمد کلیم احمد قاسمی، مولانا محمد علیم الدین حسامی، حافظ سید رضوان فلاحی ناظم مدرسہ فیض ابرار، حافظ محمد وسیم الدین معتمد جمعیتہ الحفاظ،مفتی محمد شاداب تقی قاسمی، حافظ محمد صادق علی احمد، مولانا سید رضوان اسعدی او ٹنورو تر جمان منبر ومحراب فاؤنڈیشن تلنگانہ، حافظ مرزا خلیل اللہ بیگ جنرل سکریٹری صفابیت المال کریم نگر، حافظ عبدالحکیم خان نائب صدر صفا بیت المال کریم نگر، حافظ محمد اسماعیل سکریٹری صفا بیت المال کریم نگر کے علاوہ دیگر حضرات موجود تھے۔ مولانا غیاث احمد رشادی کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔


 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا