English   /   Kannada   /   Nawayathi

مولانا مسعود احمد حسامی اتفاق رائے سےجمعیۃعلماء مہاراشٹر کے عارضی صدر مقرر

share with us

ممبئی 25؍جون جمعیۃعلماء مہاراشٹرکی مجلس عاملہ کا اجلاس25؍ جون بروز اتوار صبح10؍ بجے دفتر جمعیۃعلماء مہاراشٹر،امام باڑہ کمپائونڈ ممبئی میں زیر صدارت مولانامسعود احمد حسامی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹرمنعقد ہوا۔
اجلاس کا آغاز قاری محمد ادریس انصاری پونے کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ایجنڈا کے مطابق سابقہ اجلاس کی کارروائی اور توثیقی دستخط ہوئی۔
مولانا مستقیم احسن اعظمی صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے سانحۂ ارتحال پر الحاج گلزار احمد اعظمی سکریٹری قانونی امداد کمیٹی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مرحوم 1968میں جمعیۃعلما؍ سے وابستہ ہوئے اور تادم آخر کبھی کسی عہدے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا ۔2008 میں جمعیۃعلماء کے دو لخت ہونے کے بعد ریاستی جمعیۃعلماء کی اکثریت نے مولانا مستقیم احسن اعظمی کو اس بات پر مجبور کیا کہ وہ اس نازک موقع پر جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی کمان کو سنبھالیں ،جبکہ ان کے عزیز و قریبی لوگ جمعیۃعلماء کے دوسرے گروپ کے ہمنوا تھے اور قاری محمد عثمان منصور پوری کی صدارت کی تائید کررہے تھے ۔ اس وقت مولانا نے جماعت کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اراکین کی بات کو قبول کیا۔
آپ کے دور صدارت میں جماعت کو جو مقبولیت حاصل ہوئی وہ مولانا کے خلوص کا نتیجہ ہے ،آپ کی خواہش تھی کہ زیادہ سے زیادہ لوگ جماعت سے جریں ،اس کے لئے وہ برابر کوشاں رہتے تھے اور ان کی کوششوں سےبڑی تعداد میں لوگ جمعیۃ سے وابستہ ہوئے۔وہ ہمیشہ اپنے ساتھیوں کو آگے بڑھاتے تھے، یہی وجہ ہے کہ پچھلے ٹر م میں جب آپ کی صحت ساتھ نہیں دے رہی تھی تو آپ نے مولانا مسعود احمد حسامی نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کو کارگزار صدر بنائے جانے کے لئے مجلس عاملہ سے سفارش کی تھی ، مولانا کی حسب منشاء آج کی مجلس عاملہ میں الحاج گلزار احمد اعظمی نے جمعیۃعلماء مہاراشٹرکےعارضی صدر کے لئے مولانا مسعود احمد حسامی  نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹرکے نام کو پیش کیا، جس کی حاضرین نے ہاتھ اٹھا کر تائید کی ،اس طرح مولانا مسعود احمد حسامی اتفاق رائے سے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے عارضی صدر مقرر ہوئے ۔
  صدر مجلس مولانا مسعود احمد حسامی صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ حضرات نے مجھ ناتواں کو بہت بڑی اور اہم ذمہ داری سونپی ہے ،اس ذمہ داری کو میں آپ حضرات کے تعاون کے بغیر پوری نہیں کرسکتا ۔ اور مجھے یقین ہے کہ آپ حضرات کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ میں اپنے مخدو و محترم مولانا مرحوم کے نقش قدم پر جماعت کو لے کر چلوں ،مولانا نے جماعت اور جماعت میں رونما ہونے والے ہر سرد و گرم معاملات کو جس خوش اسلوبی سے حل کیا ہے میری کوشش ہوگی کہ میں اس کا کچھ حصہ جماعت کو دے سکوں یہ میرے لئے خوش قسمتی کی بات ہوگی۔
مجلس عاملہ میں طے پایا کہ اکتوبر میں جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی مجلس منتظمہ کا اجلاس بلا کر باقاعدہ صدر کا انتخاب کرلیا جائے ۔
مجلس عاملہ نے یہ بھی طے کیا کہ عید الاضحیٰ کے فوراً بعد مولانا مستقیم احسن اعظمی ؒ صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک تعزیتی جلسہ منعقد کیا جائے ۔
آخر میں اراکین جمعیۃعلماء نے میڈیا (اخبارات اور چینلوں )کا شکریہ ادا کیا ،جنہوں نے مولانا کے انتقال پر تعزیتی پیغامات اور آپ کی سماجی ،رفاہی اور جماعتی خدمات کو اپنے مؤقر روزناموں اور چینلوں میں نمایاں مقام دے کر اپنے قارئین تک پہونچایا ۔
اس اجلاس میں الحاج گلزار احمد اعظمی (ممبئی)مولانا مسعود احمد حسامی (ناگپور)الحاج ڈاکٹر عبد المنان شیخ (میرج)مولانا اشتیاق احمد قاسمی (کرلا ،ممبئی) حافظ محمد ذاکر صدیقی (بیڑ) مولانا حلیم اللہ قاسمی (بھیونڈی )مفتی محمد یوسف قاسمی (کھار ،ممبئی)مفتی محمد اسماعیل قاسمی (مالیگائوں ) مولانا عبد القیوم قاسمی (مالیگائوں )قاری محمد یونس (مالونی،ممبئی ) مفتی حفیظ اللہ قاسمی (بھیونڈی)حافظ شیخ خلیل اللہ (بلڈانہ)
حافظ محمد عارف انصاری (تھانے) حاجی مشتاق احمد صوفی (دھولیہ) قاری محمد ادریس انصاری (پونے) مفتی محمد محسن قاسمی (اورنگ آباد) مولانا عبد الصمد قاسمی (نالاسوپارہ)وغیرہ نے شرکت کی ۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا