English   /   Kannada   /   Nawayathi

وزیراعظم کے خلاف متنازع ریماکس کرنے والے بلاول بھٹو کے خلاف بی جے پی کا ملک گیر احتجاج

share with us

نئی دہلی:17؍ دسمبر 2022(فکروخبر/ذرائع) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہفتہ کو پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف متنازعہ بیان کے خلاف ملک بھر میں دھرنا مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا۔ پارٹی نے جمعہ کو یہاں ایک ریلیز میں یہ اطلاع دی۔ یہ احتجاجی مظاہرے ملک کی تمام ریاستوں کی راجدھانیوں میں ہوں گے۔ بی جے پی کارکنان پاکستان اور پاکستانی وزیر خارجہ کا پتلا جلا کر ان کے شرمناک بیان کی شدید مذمت کریں گے۔

بتادیں کہ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی طرف سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ’گجرات کا قصائی‘ کہنے پر ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنان کا دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر شدید احتجاج کیا۔

 ’انڈیا ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق  بی جے پی کے کارکنان نے دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے قریب جمع ہوکر گزشتہ روز’پاکستان ہائے ہائے‘ اور ’بلاول بھٹو، معافی مانگو‘ کے نعرے لگائے۔

ریلیز میں کہا گیا کہ اقتدار میں رہنے کی خود غرضی کے درمیان پاکستان کی بگڑتی ہوئی معاشی حالت، پاکستان کی انتشار کی صورتحال، پاکستان کی فوج میں دوریاں، دنیا کے ممالک کے ساتھ پاکستان کے بگڑتے تعلقات اور بڑھتے ہوئے دہشت گردی کی پرورش کرکے اسے بڑا کرنے کی پالیسی سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے وزیر خارجہ نے ایسا بزدلانہ اور گھٹیا بیان دیا ہے۔ مایوس اور دیوالیہ ہو کر آپ پاکستان کے بچکانہ وزیر خارجہ سے اور کیا توقع کر سکتے ہیں۔

ریلیز میں بی جے پی نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان عالمی سطح پر اپنا مقام حاصل کر رہا ہے تو دوسری طرف ہر محاذ پر پاکستان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ ایک طرف ہندوستان کی خارجہ پالیسی کو ہر طرف سراہا جا رہا ہے تو دوسری طرف چھوٹے سے چھوٹا ملک بھی پاکستان کو آنکھیں دکھا رہا ہے۔ سب نے دیکھا ہے کہ روس یوکرین جنگ میں پاکستان کے طلباء ترنگے کی مدد سے بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

بی جے پی نے کہا 'پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ہمارے وزیر اعظم مودی کے خلاف جس طرح کے نازیبا الفاظ استعمال کیے ہیں، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایسا بیان دے کر مسٹر بھٹو نے نہ صرف عوامی زندگی کے ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ بین الاقوامی تعلقات کے ہر اصول کو بھی پامال کیا ہے۔

ریلیز میں کہا گیا ’’کیا مسٹر بھٹو کی اتنی حیثیت ہے کہ وہ ہمارے وزیر اعظم کے خلاف ایسے ریمارکس دیں؟ مسٹر بھٹو کے اس گری ہوئی حرکت نے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی کی داستان میں ایک نئے باب کا اضافہ کردیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے ہندوستانی وزیر خارجہ جے شنکر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں جے شنکر کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن مر چکا ہے لیکن گجرات کا قصائی زندہ ہے اور وہ بھارت کا وزیراعظم ہے‘۔ نریندر مودی کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد تھی،اور جب وہ وزیراعظم بنے تو پھر انہیں اس ملک کا ویزہ دیا گیا ، اس نے مزید کہا کہ یہ آر ایس ایس کے وزیر خارجہ اور وزیر اعظم ہیں جو ہٹلر کے نظریے سے متاثر ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا