English   /   Kannada   /   Nawayathi

جمعیۃعلماء کے تحت سیرت النبی ﷺ کا کامیاب جلسہ کا انعقاد، ہزاروں دختران اسلام کی شرکت

share with us
jamiat ulama jalna

جالنہ :18اکتوبر2022(فکروخبر/پریس ریلیز)انسانی معاشرہ مرد و عورت کے وجود سے تشکیل پاتا ہے،کسی بھی معاشرے کی ترقی اور فلاح صرف مرد حضرات پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ عورت بھی بحیثیت ایک فرد نہایت اہم کردار سر انجام دیتی ہے،یوں تو آج دنیا کی کوئی قوم،کوئی مذہب بھی عورتوں کے مقام و حیثیت اور ان کے سماجی کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے اجلاس سیرت النبی ﷺ برائے خواتین سے خطاب کے دوران کیا۔
جمعیۃعلماء ارشد مدنی ضلع جالنہ کی جانب سے سیرت پاک کی مہم کے کامیاب اختتام پر شہر جالنہ کے مشہور ادارہ اردو ہائی اسکول جالنہ میں خواتین کے لئے ایک اجلاس کا منعقد ہوا،جس کے مہمان خصوصی مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر تھے، اس کی صدارت اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد افتخار الدین نے کی،پہلے انہوں نے ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں کا تذکرہ کیا اور یہاں کے نتائج کا ذکر کیا،
اس کے بعدمولانا حلیم اللہ قاسمی نے اپنے جامع خطاب میں دختران کے ہجوم کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی معاشرہ مرد و عورت کے وجود سے تشکیل پاتا ہے،کسی بھی معاشرے کی ترقی اور فلاح صرف مرد حضرات پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ عورت بھی بحیثیت ایک فرد نہایت اہم کردار سر انجام دیتی ہے،یوں تو آج دنیا کی کوئی قوم،کوئی مذہب بھی عورتوں کے مقام و حیثیت اور ان کے سماجی کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کر سکتا۔تاہم اسلام نے جس طرح سے عورت کے مقام و مرتبہ کو انسانی معاشرے میں بلند کیا ہے  اور عورت کے ہمہ جہت کردار کو مذہبی و اخلاقی اور معاشرتی و سماجی ہر اعتبار سے اہمیت سے ہمکنار کیا ہے،اس کی کوئی دوسری نظیر دکھائی نہیں دیتی اور یہ مظلوم اور معاشرتی و سماجی عزت و احترام سے محروم زندگی گزارنے پر مجبور تھی بلکہ عورت کے وجود کو تمام برائیوں کا مرقع اور قابل نفرت سمجھا جاتا تھا۔
اس کے برخلاف حضور ﷺ نے بہترین بیوی کو دنیا کی سب سے قیمتی متاع قرار دیا ہے اور اسلام کو سب سے پہلے قبول کرنے والی حضور ﷺ کی راز دار،ہمسفر حضرت خدیجہ ؓ کی ذات ہی تھی جنہوں نے نہ صرف سب سے پہلے کلمہ اسلام قبول کیا بلکہ سب سے پہلے حضور ﷺ کے پیچھے نماز پڑھنے والی بھی ایک عورت تھی  اور اسلام کی راہ میں اپنا مال خرچ کرنے والی بھی ایک عورت یعنی حضرت خدیجہ ؓ تھیں۔لہٰذا میری بہنوں آپ پر آج بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ایک نسل آپ کی گود میں پروان چڑھتی ہے،آج اگر آپ بیٹی ہیں کل ماں ہوں گی  اور اگر ایک عظیم ماں ہو تو اولاد بھی عظیم ہوتی ہے۔
حضرت عبد القادر جیلانی ؒ کی تربیت کے پیچھے ان کی والدہ کا ہاتھ تھا، حضرت بابا فرید الدین گنج شکر ؒ نے ایک بار فرمایا کہ مجھے یاد نہیں پڑتا کہ میری کبھی تہجد کی نماز قضا ہوئی ہو،آپ ؒ کی والدہ ماجدہ نے فرمایا:بیٹا فرید تمہاری تہجد کی نماز کیسے قضا ہوسکتی ہے،تمہاری ماں تمہیں کبھی بغیر وضو دودھ نہیں پلایا۔جب مائیں ایسے کردار کی حامل ہوں تو بیٹے فرید الدین گنج شکر ؒ جیسے پیدا ہوتے ہیں لیکن ایسی مائیں جن کے پاؤں موسیقی کی دھن پر رقص کرتے ہوں۔ جن کو مستیوں سے فرصت نہ ملے،جن کی بے پردگی اور بے حیائی پر آسمان بھی شرمائے۔ ان کی کوکھ سے کبھی بھی محمد بن قاسم اور طارق بن زیاد جیسے عظیم مجاہد اسلام پیدا نہیں ہوتے۔
موسم کے موافق ہونے کے باوجود ہزاروں طالبات و شہر کی خواتین نے جلسہ میں شرکت کی، اس سے پہلے ڈاکٹر عبد المقتدر عتیق لکچر اور مولانا عیسیٰ خان کاشفی نے بھی اپنے بہترین تاثرات رکھے، جب مہمان خصوصی کی حیثیت سے ممبئی سے حافظ محمد عارف انصاری جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع تھانے نے اپنی حاضری درج کی، مفتی محمد انیس الرحمٰں ندوی نے اپنے منفرد انداز میں نظامت کی، مولانا سید نصر اللہ حسینی سہیل ندوی صدر جمعیۃعلماء ضلع جالنہ کی دعا پر یہ تاریخی اجلاس ختم ہوا۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا