English   /   Kannada   /   Nawayathi

سُر میں سُر نہ ملانے والے افسران سے انتقام لے رہی حکومت، عشرت جہاں انکاؤنٹر کی تفتیش کرنے والے افسر اس کی زندہ مثال

share with us

24؍ ستمبر 2022(فکروخبر/ذرائع) وزیر اعظم افسران کو بلا خوف اور غیر جانبداری سے کام کرنے کا مشورہ دیتے رہے ہیں لیکن کس طرح؟ جب نریندر مودی اور امت شاہ گجرات میں تھے تو جس افسر نے ان کے سُر سے سُر نہیں ملایا اسے سزا بھگتنی پڑی! کئی افسران تو اب بھی سزا بھگت رہے ہیں۔ گجرات کیڈر کے آئی پی ایس ستیش چندر مشرا اس کی تازہ ترین مثال ہیں، جنہیں ریٹائرمنٹ سے ایک ماہ قبل برطرف کر دیا گیا۔

وزیر اعظم نے جس طرح پروفیشنلزم یعنی پیشہ ورانہ مہارت اور غیر جانبداری پر زور دیا، گجرات کیڈر کے آئی پی ایس افسران کا ایک طبقہ اس پر حیران ہے۔ کیونکہ گجرات میں نریندر مودی کی حکومتیں ان سے انتقام لیتی رہیں اور ان عہدیداروں کو لگتا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ ستیش چندر ورما حکومت کے بدلہ لینے کے رجحان کا حالیہ 'شکار' بن چکے ہیں۔ عدلیہ اب تک ورما کو حکومت کے غیر متناسب اور بلا اشتعال غصہ سے بچانے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

ستیش چندر ورما گجرات کیڈر کے آئی پی ایس افسر ہیں، جوکہ 10 سالوں سے شمال مشرق اور کوئمبٹور میں تعینات رہے۔ انہیں 12 سال تک کوئی ترقی نہیں دی گئی اور ریٹائرمنٹ سے ایک ماہ قبل 30 اگست کو ملازمت سے ہٹا دیا گیا۔

ممبئی کی ایک خاتون عشرت جہاں کو 2004 میں 3 دیگر افراد کے ساتھ پولیس مقابلے میں قتل کر دیا گیا تھا۔ ان لوگوں پر پاکستانی دہشت گرد ہونے کا الزام لگایا گیا اور کہا گیا کہ یہ لوگ گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو قتل کرنے کے ارادے سے گجرات پہنچے تھے لیکن انکاؤنٹر کے فرضی ہونے کے الزامات عائد ہوئے اور گجرات ہائی کورٹ نے ورما کو ان الزامات کی جانچ کے لیے قائم کردہ خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے رکن کے طور پر شامل کیا۔ ستیش چندر ورما کے لیے تب سے مشکلات کا دور شروع ہو گیا۔

دراصل اس معاملے نے سنگین رخ اس وقت اختیار کیا جب احمد آباد میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ایس پی تمانگ نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں انکاؤنٹر کو فرضی قرار دے دیا۔ اس کے بعد سپریم کورٹ کے حکم پر ایس آئی ٹی نے معاملے کی جانچ کی اور بعد میں سی بی آئی نے۔ دونوں ٹیموں نے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کے نتائج کی تصدیق کی اور متعدد پولیس اہلکاروں کی گرفتاری اور مقدمہ چلانے کی سفارش کی۔ سی بی آئی نے چارج شیٹ داخل کی لیکن مقدمے کی سماعت کبھی شروع نہیں ہو سکی کیونکہ ریاستی حکومت نے مقدمہ کی سماعت کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

سال 2014 میں نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ہونہار افسر ورما کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کا تبادلہ بجلی سپلائی کارپوریشن (این ای ای پی) میں چیف ویجیلنس آفیسر کے طور پر شمال مشرق میں کر دیا گیا۔ بدعنوانی پر ایک سنگین رپورٹ میں انہوں نے مرکزی وزیر کرن رجیجو اور ان کے رشتہ داروں کا نام لیا۔ اس کے فوراً بعد ان کا تبادلہ سی آر پی ایف کے آئی جی کے طور پر تریپورہ اور بعد میں کوئمبٹور کر دیا گیا۔ دریں اثنا، ان کے خاندان کو گاندھی نگر میں سرکاری مکان خالی کرنے پر مجبور کیا گیا، حالانکہ وہ شمال مشرق میں اپنی پوسٹنگ کی وجہ سے اس سہولت کے حقدار تھے۔

ان کے خلاف 'میڈیا سے بات کرنے' اور دیگر الزامات پر محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔ ورما نے محکمانہ کارروائی کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں اپیل کی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ عشرت جہاں کیس میں ان کی گواہی کی وجہ سے انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مرکزی حکومت نے 30 اگست کو عدالت کو بتایا کہ ورما کے خلاف محکمانہ کارروائی ختم ہو چکی ہے اور اس میں کی گئی سفارش کی بنیاد پر انہیں ملازمت سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ورما نے ہائی کورٹ کے اس حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے، جس میں حکومت کو 19 ستمبر کے بعد اس برطرفی کے ساتھ آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا