English   /   Kannada   /   Nawayathi

گیان واپی مسجد تنازع میں آج مسلم فریق کے دلائل

share with us

 :11 مئی 2022(فکروخبر/ذرائع)گیان واپی مسجد کے معاملہ تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کےتحت دئیے گئے سروے کے حکم  اور کورٹ کے مقرر کردہ کمشنر کی جانبداری کے خلاف عدالت میں منگل کو ہونے والی سماعت میں دونوں فریقوں کی بحث جاری رہی۔ سول جج سینئر ڈویژن روی کمار دیواکر کی عدالت میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک  جاری رہنے والی بحث میں دونوں فریقوں نے ایڈوکیٹ کمشنر کی تبدیلی اور گیان واپی مسجد کے اندر سروے کے تعلق سے دلائل پیش کئے۔ انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی نے کچھ دیگر شواہد پیش کرنے کے لئے بدھ تک کا وقت طلب کیا جس پر کورٹ نے اگلی سماعت کے لئے ۱۱؍مئی کی تاریخ طے کردی ہے۔  
عدالت کے حکم کے مطابق  بدھ کو بھی فریقین جج کے سامنے اپنی اپنی بات  پیش کریں گے۔ انجمن انتظامیہ مساجد کے وکلاء کا کہنا تھا کہ ایڈوکیٹ کمشنر جانبداری کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور مسجد کی ویڈیو گرافی کے لئے بضد ہیں جبکہ عدالت نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا ہے ادھرہندو فریق کی جانب سے عرضی دی گئی ہے جس میں گیان واپی مسجد کے احاطہ میں  بیریکیڈنگ کے اندر اور تہہ خانے کے اندر سروے کرانے کی مانگ کی گئی ہے۔
دوسری جانب سادھوی پورنمبا اور سادھوی شاردمبا نے اسی عدالت میں درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہمارا مقدمہ بھی گیان واپی کے متعلق چل رہا ہے جسکی شنوائی ۶؍ جولائی ۲۰۲۲ ء کو ہو گی ۔درخواست میں یہ کہا گیا ہے کہ مقدمہ کی شنوائی ایک ساتھ ہو تو بہتر ہے ۔ حالانکہ عدالت نے ان کے مقدمہ کی سماعت کے لئے ۶؍جولائی کی تاریخ کو ہی برقرار رکھا ہے۔ اب سبھی کی نگاہ اس بات پر ہے کہ بدھ ۱۱؍ مئی کو اگر شنوائی مکمل ہوئی تو جج صاحب کیا فیصلہ سناتے ہیں ؟لوگوں کا کہنا ہے کہ جب انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی نے شرنگار گوری کی بیریکیڈنگ کے باہر دیوار پر لگا گئی مورتی پر کوئی دعویٰ نہیں کیا تو پھر اس مقدمہ کا کوئی مطلب ہی سمجھ نہیں آرہا ہے ۔
 قابل ذکر ہے کہ گیان واپی احاطہ اور شرنگار گوری معاملہ کے مقدمہ میں راکھی سنگھ سمیت ریکھا پاٹھک ، سیتا ساہو، لکشمی دیوی اور منجو ویاس  نے اگست ۲۰۲۱ء میں سول جج سینئر ڈویژن روی کمار دیواکر کی عدالت میں عرضی داخل کرکے اپیل کی تھی کہ انھیں گیان واپی کیمپس میں  روزانہ پوجا کی اجازت دی جائے۔ اس پر گزشتہ دنوں سول جج سینئر ڈویژن روی کمار دیواکر نے گیان واپی کیمپس کی ویڈیو گرافی کرواکر عدالت میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ مسلم فریق کے مطابق عدالت نے یہ ہدایت نہیں دی تھی کہ مسجد کے اندر کی ویڈیو گرافی کی جائے جبکہ ایڈوکیٹ کمشنر اجے مشرا مسجد کے اندر ویڈیو گرافی کرنے کے لئے بضد تھے۔ اسی وجہ سے انجمن انتظامیہ مساجد نے ان کو  تبدیل کرنےکیلئے عدالت سے گزارش کی ہے اور عدالت میں اس معاملہ پر بحث جاری ہے۔

بشکریہ :انقلاب 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا