English   /   Kannada   /   Nawayathi

پٹرول ڈیزل 5 دنوں میں 3روپئے مہنگا،کہاں تک پہونچیں گی قیمتیں

share with us

نئی دہلی:26مارچ2022(فکروخبرنیوز/ذرائع)پانچ ریاستوں میں انتخابات ختم ہونے کے بعد ایندھن قیمتوں میں اضافہ کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے وہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس ہفتے چوتھی مرتبہ دام بڑھائے گئے ہیں۔ قومی راجدھانی دہلی میں آج پھر پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں بالترتیب 80-80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ پانچ دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں 3.20 فی لیٹر کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔

انڈین آئل کارپوریشن کی تازہ ترین اطلاع کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں آج یعنی ہفتہ کے روز پٹرول کے دام 98.61 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کے دام 89.87 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئے ہیں۔ ملک کی اقتصادی راجدھانی ممبئی میں پٹرول کی قیمت 112.51 روپے فی لیٹر سے 113.35 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ جبکہ یہاں پٹرول کی قیمت 96.70 روپے سے بڑھ کر 97.55 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ دہلی کے علاوہ ملک کے دیگر تمام اہم شہروں میں پٹرول 100 روپے فی لیٹر سے زیادہ کے داموں میں فروخت ہو رہا ہے۔

ملک بھر میں 22 مارچ کو پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 23 مارچ کو بھی اضافہ کیا گیا۔ وہیں 25 اور 26 مارچ کو بھی پٹرول اور ڈیزل کے دام بڑھائے گئے۔ خیال رہے کہ یوکرین پر روسی حملہ کے بعد سے ہی خام تیل کے بازار میں اتار چڑھاؤ نظر آ رہا ہے۔ مارچ کے دوسرے ہفتہ میں خام تیل 139 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا تھا۔ تاہم خام تیل کے دام ایک مرتبہ پھر 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے چلے گئے ہیں۔ وہیں اب برینٹ خام تیل کے داموں میں معمولی اضافہ درج کیا گیا ہے۔

کانگریس سمیت حزب اختلاف کی تمام جماعتیں ایندھن قیمتوں میں اضافہ کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔ کانگریس کی جانب سے دہلی سے لے کر جموں تک احتجاج کیا گیا اور پارلیمنٹ میں بھی صدائے احتجاج بلند کر کے قیمتوں میں اضافہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پارلیمانی اجلاس کے دوران بھی کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے ارکان پارلیمنٹ تحریک التوا کا نوٹس پیش کر کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بحث کرانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا