English   /   Kannada   /   Nawayathi

ملک میں مخصوص مذہب کے لوگوں کو مشتعل کیا جا رہا ہے :حامد انصاری کے بیان پر بی جے پی چراغ پا

share with us

:27جنوری2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)شاہنواز حسین نے حامد انصاری پر متنازع بیان دیتے ہوئے کہا کہ حامد انصاری نے بھارتی مسلمانوں کے بارے میں جو بات کہی، وہ کہیں سے بھی درست نہیں ہے۔ بھارتی مسلمانوں کو ایک طرح سے گمراہ کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔ حامد انصاری وقتاً فوقتاً اس قسم کا کام کرتے رہتے ہیں۔ IAMC پروگرام میں حامد انصاری کی کہی گئی باتوں کی بی جے پی سخت مذمت کرتی ہے۔

بی جے پی کے قومی ترجمان اور بہار حکومت میں وزیر صنعت شاہنواز حسین نے سابق نائب صدر حامد انصاری کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حامد انصاری نے امریکہ میں ایک پروگرام کے دوران مسلمانوں سے متعلق جو بات کہی، وہ غلط ہے۔ انڈین امریکن مسلم کونسل مسلسل بھارت مخالف کام کر رہی ہے۔ اس کے پروگرام میں حامد انصاری کی شرکت کہیں سے بھی درست نہیں ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے سابق نائب صدر حامد انصاری اور چار امریکی قانون سازوں نے بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو انڈین امریکن مسلم کونسل کے زیر اہتمام ایک ورچوئل میٹنگ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر ایڈ مارکے نے کہا کہ 'بھارت میں ایسا ماحول پیدا ہو گیا ہے جہاں امتیازی سلوک اور تشدد جڑ پکڑ سکتا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'حالیہ برسوں میں ہم نے آن لائن نفرت انگیز تقاریر میں اضافہ دیکھا ہے، جس میں مساجد کی توڑ پھوڑ، گرجا گھروں کو جلانا اور فرقہ وارانہ تشدد شامل ہیں'۔ اس بحث میں حصہ لیتے ہوئے سابق نائب صدر حامد انصاری نے بھی ہندو قوم پرستی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

وہیں سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے کہا کہ 'ملک میں خاص طور پر ایک مخصوص مذہب کے لوگوں کو مشتعل کیا جا رہا ہے، ثقافتی قوم پرستی کے نام پر عدم برداشت کو ہوا دی جا رہی ہے اور ملک میں عدم تحفظ کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے'۔

انہوں نے الزام لگایا کہ حالیہ برسوں میں ایسے رجحانات اور طریقے سامنے آئے ہیں جن میں شہری قوم پرستی کے نظریے کو متنازعہ بنایا جارہا ہے اور ثقافتی قوم پرستی کے ایک نئے اور خیالی رجحان کو فروغ دیا جارہا ہے۔ وہ شہریوں کو ان کے مذہب کی بنیاد پر الگ کرنے کی کوشش کرتی ہے، عدم برداشت کو ہوا دیتی ہے اور بدامنی اور عدم تحفظ کو فروغ دیتی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا