English   /   Kannada   /   Nawayathi

نیتاجی کے مجسمہ سے زیادہ اُن کے سیکولرنظریہ کا فروغ ضروری

share with us

:24جنوری2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)عظیم مجاہد آزادی اور آزاد ہند فوج کے بانی  سبھاش چندر بوس کے ۱۲۵؍ ویں   یوم پیدائش کے موقع پران کی بیٹی  نے کہا ہے کہ نیتاجی کو سچا خراج عقیدت یہ ہے کہ ان کے سیکولر اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کے نظریے کو فروغ دیا جائے۔ دوسری جانب  وزیراعظم  نریندر مودی   نے اس موقع پر نیتاجی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اتوار کوانڈیا گیٹ پر ان کے ہولو گرام مجسمے کی نقاب کشائی کی۔   سیاسی قیادت کو  نیتاجی کی بیٹی نے آئینہ دکھایا   نیتاجی سبھاش چندر بوس کے ۱۲۵؍ ویں یوم   پیدائش پر  جبکہ  ملک کے تمام لیڈروں نے انہیں  خراج عقیدت پیش کیا ہے، ان کی بیٹی انیتا بوس فاف  نے ہندوستان کے حالات کے پس منظر میں  کہا ہے کہ ان کے والد کیلئے سچاخراج عقیدت یہ ہے کہ ان کے سیکولر، مذہبی غیر جانبداری اور   سب کو ساتھ لے کر چلنے کے نظریے کو فروغ دیا جائے۔ انیتا جو یورپی ملک آسٹریا میں رہتی ہیں اور معاشیات کی ماہر ہیں، نے کہا ہے کہ ’’میرے والد نے ایک ایسے ہندوستان کا خواب دیکھا تھا جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے آپس میں   امن وآشتی کےساتھ رہیں۔  نیتاجی کیلئے مجسمے ہی خراج عقیدت   نہیں ہوسکتے، ہمیں ان کی سماجی  قدروں پر بھی عمل کرنا ہوگا۔‘‘اسی طرح  ان کے پڑپوتے چندر کمار بوس نےبھی کہا کہ ’’نیتاجی کو صرف مجسموںاور میوزموں  کےذریعہ خراج عقیدت نہیں پیش کیا جاسکتا۔ نیتاجی جیسی عظیم شخصیت کیلئے خراج عقیدت یہی ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کے ان کے نظریے کوملک میں  نافذ کیا جائے اور  سماج کے تمام طبقات کو متحد کر کے  ایسا ہندوستان بنایا جائے جس کا خواب انہوں  نے دیکھا تھا۔‘‘  آزادی کے بعد کی گئی غلطیوں کی اصلاح کا دعویٰ وزیراعظم  نے اتوار کو انڈیا گیٹ پرامر جیوتی کی جگہ نیتاجی سبھاش چندر بوس کے ہولوگرام مجسمے کی نقاب کشائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت آزادی کے بعد کی گئی غلطیوں کو سدھار رہی ہے۔ انہوں  نے سابقہ حکومتوں پر الزام لگایا کہ ’’آزادی کے بعد  ملک کی تہذیب و ثقافت کے ساتھ ہی کئی عظیم شخصیات کی خدمات کو فراموش کر دینے کی کوشش کی گئی ۔ لاکھوں افراد ملک کی جنگ آزادی میں شریک رہے مگر ان کی تاریخ کو محدود کرنے کی کوشش کی گئی۔ آج کئی دہائیوں بعد ملک پوری جرأت کے ساتھ ان غلطیوں کی اصلاح  کر رہا ہے۔‘‘ اس دوران منعقدہ تقریب میں  وزیراعظم   نے سبھاش چندر بوس سے موسوم ایوارڈ بھی تقسیم کیا۔ ’سبھاش چندر آپدا پربندھن پورسکار‘ ان افراد کو دیا گیا جنہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں  اہم خدمات انجام دی ہیں۔  ’ نیتاجی  کےمجسمے سے نسلوں کو تحریک ملے گی‘   واضح رہے کہ ملک میں  نیتاجی کے یوم پیدائش کو ہر سال ’پراکرم  دیوس‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہاکہ نیتاجی سبھاش چند ر بوس نے انگریزوں کے سامنے جھکنے سے انکار کیا۔ جلد ہی ان کے ہولوگرام مجسمہ کی جگہ گرینائٹ کا مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ نیتاجی کا مجسمہ جمہوری اقدارکو مضبوط کریگا  اور مستقبل کی نسلوں کو تحریک دے گا۔ انہوں نے  اعلان کیا کہ ’’جب تک نیتا جی سبھاش چندر بوس کا عظیم الشان مجسمہ تیار نہیں ہو جاتا،  تب تک ان کا ہولو گرام مجسمہ اسی جگہ موجود رہے گا۔‘‘ یاد رہے کہ یہ مجسمہ انڈیا گیٹ پر امر جوان جیوتی کی جگہ پر لگایا جائے گا۔ ہند پاک جنگ میں  اپنے ملک پر قربان ہو جانے  والے فوجیوں کو خراج عقیدت کے طور پر ۵۰؍ سال سے جل رہی اس جیوتی کو مودی حکومت نے گزشتہ دنوں یہ کہتے ہوئے بجھا دیا کہ اب وار میموریل قائم ہوجانے کے بعد اس کی کوئی ضرورت  نہیں رہ گئی ہے۔ جیوتی بجھانے پر ہونےوالی تنقیدوں کے جواب میں  حکومت نے اس کی جگہ نیتاجی کا مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیاتھا ۔   ہولوگرام مجسمہ کیسا ہے؟    ہندوستان میں تھری ڈی ہولوگرام تکنالوجی عام طور پر استعمال نہیں ہوتی، اس لیے نیتا جی کا یہ مجسمہ ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد مجسمہ ہے۔اس خصوصی تکنالوجی میں پروجیکٹرکا استعمال کیا گیاہے اور اس کی مدد سے ان کے مجسمہ جیسی تصویر بنائی گئی ہے۔ تھری ڈی ہولوگرام کو پروجیکٹ کرنے کیلئے ایک شفاف ہولوگرافک اسکرین بھی لگایا گیا ہے جس پر مجسمہ کو پروجیکٹر کے ذریعہ دکھایا گیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ لوگوں کو یہ شفاف ہولوگرافک اسکرین  نظر نہیں آئے گی۔

 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا