English   /   Kannada   /   Nawayathi

یوپی میں انتخابات وقت پر ہونگے : الیکشن کمیشن نے کہا جلد ہی تاریخوں کا ہوگا اعلان

share with us
sushil chandra

:یکم جنوری2022 (فکروخبرنیوز/ذرائع)اترپردیش میں  اسمبلی الیکشن اپنے مقررہ وقت پرہی ہوں گے۔الیکشن کمیشن  نے یہ واضح کردیا ہے ۔ کمیشن کی ٹیم نے   یوپی کا سہ روزہ دورہ مکمل  کرنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی قیادت میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں  چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے کہا کہ ریاست کی  بیشتر سیاسی پارٹیاں مقررہ وقت پر اسمبلی انتخابات کرانے کے حق میں ہیں۔اس لئے اب  الیکشن کو ملتوی کرنے کا کوئی سوال نہیں پیدا ہو تا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ووٹر فہرست نظر ثانی مہم مکمل ہونے کے بعد کسی بھی روز الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا جائے گا۔
 چیف الیکشن کمشنرسشیل چندرا نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بیشتر سیاسی پارٹیاں مقررہ وقت پر ہی الیکشن چاہتی ہیں ، جس کی ہم بھی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرفہرست نظر ثانی مہم مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن ۵؍جنوری ہے اور یہ کام پورا ہوتے ہی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اور انکی ٹیم نے یوجنا بھون میں مشترکہ طور پر پریس کانفرنس کرکے اپنے دورے  پر تمام محکموں کے افسران کےساتھ ہونے والی  میٹنگوں کے بارے میں تفصیلات بتائیں ۔  انہوں نے بتایا کہ اس دوران سبھی سیاسی پارٹیوں کے ذمہ داروںکے علاوہ اتر پردیش کے چیف سیکریٹری، پولیس سربراہ کے علاوہ سبھی اضلاع کے ضلع مجسٹریٹس ، پولیس کپتانوں  سے گفتگو کی گئی اور الیکشن کی تمام تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اس کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔  

 چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے کہاکہ اتر پردیش کی موجودہ  اسمبلی کی مدت ۱۴ ؍مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔کمیشن کی کوشش ہے کہ اسمبلی الیکشن مقررہ وقت پر کرائے جائیں ۔ انھوںنے بتایا کہ دورے  پر کمیشن کی ٹیم سےسبھی سیاسی پارٹیوںکےعہدیداروں نے بات کی ہے، جس میں کچھ افسران کی شکایت کی گئی ہے اور انکو الیکشن ڈیوٹی پر نہ لگانے کامطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔ان پارٹیوں نے مقررہ وقت پر الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ساتھ ہی،کووڈ پروٹوکول کے تحت الیکشن کرانے کی بھی ان کی مانگ ہے۔ چیف الیکشن کمشنرنے بتایاکہ اتر پردیش میں سات مراحل میں الیکشن کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔کورونا کے پیش نظرووٹنگ کے لئے ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا ہے ، صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک ووٹ ڈالے جا سکیں گے ،جبکہ اس سے قبل اسکا وقت پانچ بجے تک ہی تھا۔ خواتین اور بزرگ ووٹر س کو خصوصی سہولت فراہم کرانے کی کوشش کی جائے گی ۔ انھوںنے یہ بھی بتایا کہ اتر پردیش میںتقریبا ۱۵؍کروڑ ووٹرس ہیں، اس بار تقریباً۵۳ ؍لاکھ نئے ووٹرس کے نام شامل کئے گئے ہیں، اس میں تقریباً ۲۹ ؍لاکھ خواتین ووٹرس شامل ہیں ۔  انھوںنے بتایا کہ گزشتہ اسمبلی الیکشن میں اتر پردیش میں مجموعی طور پر ۶۱ ؍فیصد اور لوک سبھا الیکشن میں ۵۹ ؍فیصد ووٹر س نے اپنے حق رائے دہی کااستعمال کیا تھا، کمیشن کی کوشش رہے گی کہ اس مرتبہ  ووٹنگ فیصد میں اضافہ کرنےکے لئے مہم چلاکر لوگوںکو ووٹ ڈالنے کے لئے بیدار کیا جا ئے ۔ انھوںنے کہاکہ افسران کےساتھ ہوئی میٹنگ کےبعد کمیشن نے طے کیا ہے کہ اترپردیش کی ۸۰۰ ؍پولنگ اسٹیشن ایسے بنائے جائیں گے جہاں پرخواتین کانسٹبلوں کو تعینات کیا جائےگا ۔ کوروناکے پیش نظر اس بار ہر بوتھ پر ساڑھے بارہ سو ووٹر کے ناموں کو شامل کیا جائےگا جس کے سبب تقریباً ۱۱ ؍ہزار بوتھ میں اضافہ ہوگا۔ ووٹر شناختی کارڈکے علاوہ گیارہ دستاویز وں کی مدد سے ووٹر لسٹ میں نام ہونے پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکتے ہیں ۔انھوںنے یہ بھی بتایا کہ تین سال سے ایک ہی مقام پر تعینات افسران کو ہٹایا جائے گا ۔ چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ گزشتہ اسمبلی الیکشن میں ووٹوںکی گنتی ۱۱؍مارچ ۲۰۱۷ ءکو ہوئی تھی ، جبکہ ۱۹ ؍مارچ کو یوگی آدتیہ ناتھ نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کا حلف لیا تھا۔ اس طرح اب  ۱۸ ؍مارچ تک نئے وزیر اعلیٰ کو حلف لینا ہوگا۔ ورنہ اسکے بعد گورنر راج نافذ کیا جا سکتا ہے ۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا