English   /   Kannada   /   Nawayathi

شدیدمخالفت اور اعتراض کے بعد ٹیکسٹائل پر جی ایس ٹی کی شرح ۱۲ فیصد کرنے کا ارادہ فی الحال ملتوی

share with us

:یکم جنوری2022 (فکروخبرنیوز/ذرائع) پورے ملک کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی جانب سے شدید مخالفت اور متعدد ریاستوں کی جانب سے سخت اعتراض کے بعد اشیاء اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کونسل نے ٹیکسٹائل پر جی ایس ٹی کی شرح ۵؍فیصد سے بڑھا کر ۱۲؍فیصد کرنےکا اپنا ارادہ ملتوی کردیا ہے۔ اب یکم جنوری ۲۰۲۲ءسے یہ اضافہ نافذ نہیں ہوگا بلکہ اس سلسلے میں ریاستوں کے وزرائے خزانہ  کے تشکیل شدہ گروپ کی سفارشات پر آئندہ اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا مگر ممکنہ طور پر آئندہ اجلاس میں بھی کوئی فیصلہ  نہیں ہوگا کیوں کہ ریاستوں نے اس پر سخت اعتراض کیا ہے۔ اس سے قبل مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی صدارت میں یہ فیصلہ  یہاں ہو نے والی کونسل کی ۴۶؍ویں میٹنگ میں کیا گیا۔ کپڑے کو جی ایس ٹی کے ۱۲؍ فیصد زمرے میں رکھنے کے اشارے  پر حال ہی میں کئی ریاستوں اور صنعتی تنظیموں کے احتجاج کی وجہ سے کونسل کی یہ میٹنگ بلائی گئی تھی۔میٹنگ کے بعد وزیر مالیات  نرملا سیتا رمن نے صحافیوں کو بتایا کہ کپڑوں پر جی ایس ٹی کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور کونسل کی ستمبر میں لکھنؤ میں ہونے والی  میٹنگ میں کیا گیا  فیصلہ یکم جنوری یعنی آج سے  نافذ نہیں کیا جا رہا ہے۔ 
  واضح رہے کہ جی ایس ٹی میں اضافہ کی مخالفت دہلی ، مغربی بنگال،تمل ناڈو ، مہاراشٹر اور راجستھان کی جانب سے کھل کر کی گئی تھی جبکہ جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ سے محض چند روز قبل گجرات حکومت کی جانب سے بھی وزارت خزانہ کو خط لکھ کر مخالفت کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ اس قدم کی وجہ سے گجرات کی پوری ٹیکسٹائل انڈسٹری سخت ناراض ہے۔ وزیر خزانہ نے اپنی پریس کانفرنس میں گجرات کا ذکر تو کیا لیکن دیگر ریاستوں کی مخالفت کی بات نہیں کی جبکہ دہلی کی جانب سے منیش سسودیا بالکل واضح کرچکے تھے کہ اس قدم کی ہر سطح پر مخالفت کی جائے گی اور اسے کم از کم دہلی میں نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مغربی بنگال کےسابق وزیر خزانہ مدن مترا بھی کہہ چکے تھے کہ بنگال جیسی غریب ریاست کے لئے یہ قدم انتہائی نقصاندہ ثابت ہو گا۔ اس لئے وزیر خزانہ کو اس پر دوبارہ غور کرنا چاہئے۔  
  ان تمام مخالفتوں کے دررمیان وزیر مالیات  سیتا رمن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جی ایس ٹی کی شرح میں اضافہ ۲۰۱۹ء سے زیر غور ہے اور ٹیکسٹائل سمیت ۱۰؍ مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح کو معقول بنانے کے لئے ریاستوں کے  وزرائے خزانہ کے تشکیل کردہ گروپ کی سفارشات پر یہ فیصلہ کیا جانے والا تھا لیکن اب اسے مزید ملتوی کردیاگیا ہے۔  ان میں سے کچھ پراڈکٹس پر یہ اضافہ فوری طور پر نافذ کیا گیا تھا اور کپڑوں کی قیمتوں میں اضافے جیسے کچھ فیصلوں کو یکم جنوری ۲۰۲۲ءسے نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس نوٹیفکیشن کے جاری ہونے کے بعد کچھ ریاستوں اور کئی صنعتی تنظیموں نے اس کے خلاف احتجاج شروع کر دیا تھا  جس کے پیش نظر کونسل کی ہنگامی میٹنگ بلائی گئی اور اس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اب وزرائے خزانہ کا گروپ دوبارہ کپڑے سمیت۱۰؍ مصنوعات پر جی ایس ٹی کو معقول بنانے پر غور کرے گا اور فروری تک اپنی رپورٹ پیش کرے گا، جسے سبھی ریاستوں کے وزرائے خزانہ کو بھیجا جائے گا۔ اس کے بعد کونسل کا اجلاس فروری کے آخر یا مارچ میں ہوگا جس میں اس تعلق سے فیصلہ کیا جائے گا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا