English   /   Kannada   /   Nawayathi

یوپی اسمبلی انتخابات میں ۴۰ فیصد خواتین امیدوار اتارے گی کانگریس

share with us

:19 اکتوبر2021(فکروخبر/ذرائع)کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش انتخابات کے لئے اپنا پہلا پتہ پھینک دیا ہے۔ انہوں نے لکھنؤ میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اتر پردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس خواتین کو 40 فیصد ٹکٹ دے گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اتر پردیش کی ذمہ دار ہیں اس لئے وہ یہاں کے لئے اعلان کر رہی ہیں اور اگر ان کی مرضی چلتی تو وہ اس کو پچاس فیصد کر دیتیں۔ کانگریس کی ترجمان سپریہ شناتے نے پرینکا گاندھی کے اعلان سے پہلے بتایا کہ یہ ملک کی سیاست کے لئے ایک تاریخی دن ہے، انہوں نے کہا کہ اتر پردیش ایک بہت بڑے فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے یہ فیصلہ اس لئے کیا ہے تاکہ ریاست کی خواتین کو با اختیار بنایا جا سکے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ الہ آباد کی ان طالبات کے لئے لیا ہے جن کی شکایت یہ ہے کہ ان کی یونیورسٹی میں لڑکوں اور لڑکیوں میں تفریق ہے، انہوں نے کہا یہ فیصلہ اس گنگا کنارے کی رہنے والی لڑکی کا ہے جو خود کو با اختیار بنانا چاہتی ہے، یہ فیصلہ اس لڑکی کے لئے ہے جس نے پریاگ راج میں ان کا ہاتھ پکڑ کر کہا تھا کہ وہ بڑی ہو کر سیاسی رہنما بننا چاہتی ہے، یہ فیصلہ اناؤ کی اس متاثرہ اور اس کی بھابھی کے لئے ہے، لکھیم پور کی بیٹیوں کے لئے ہے، صحافی رام کشیپ کی بیٹی کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ہر اس خاتون کے لئے ہے جو بدلاؤ چاہتی ہیں اور موجودہ ماحول کو صرف خواتین ہی بدل سکتی ہیں۔

انہوں نے اتر پردیش کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہاں ہر اس شخص کی آواز کچلی جا رہی ہے جو آواز اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ان خواتین پولیس اہلکاروں کی پریشانیوں کا بھی ذکر کیا جنہوں نے ان کو چار بجے رات پکڑ کر سیتا پور میں حراست میں رکھا تھا۔ انہوں نے کہا جو خواتین انتخابات لڑنا چاہتی ہیں وہ درخواست دیں اور ان سے ملیں، کیونکہ خواتین کے مزاج میں نرمی اور فکر ہوتی ہے اس لئے وہ سماج کو بدل سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ اگر ان کا بس چلتا تو وہ خواتین کو اور زیادہ ٹکٹ دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی نقل کانگریس پارٹی قومی پیمانہ پر بھی کرے گی، چونکہ ان کی ذمہ داری اتر پردیش کی ہے اس لئے انہوں نے یہ فیصلہ اپنی بہنوں کے لئے کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی انہوں نے یہ طے نہیں کیا کہ وہ انتخابات لڑیں گی یا نہیں اور نہ ہی طے ہوا ہے کہ کون وزیر اعلی کا چہرہ ہوگا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا