English   /   Kannada   /   Nawayathi

طالبانی انداز میں ٹی ایم سی سے مقابلہ کرنے کا بی جے پی رہنماکا مشورہ

share with us

نئی دہلی:21 اگست 2021(فکروخبر/ ذرائع) تریپورہ میں مقتدرہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے ایم ایل اے ارون چندر بھومک نے مبینہ طور پریہ کہہ کر تنازعہ  کھڑا کر دیا ہے کہ اگر ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی)کےرہنما اگرتلہ  ہوائی اڈے پر پہنچتے ہیں تو ان کی پارٹی کے کارکنوں کو ‘طالبانی طرز’ میں ان کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

حالانکہ بی جے پی نے کہا کہ یہ اس کا نہیں، بلکہ ایم ایل اے کا بیان ہے۔

ترنمول کانگریس کی نظرتریپورہ میں2023 میں ہونے والے اسمبلی انتخاب پر ہے اورجنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی سمیت پارٹی رہنما ترنمول کے لیےعوامی حمایت تیار کرنے اورتنظیم کو کھڑا کرنے کے لیے باربار اس صوبے کا چکر لگا رہے ہیں۔ ترنمول اب تک مغربی بنگال میں ہی محدود ہے۔

بیلونیاانتخابی حلقہ کے ایم ایل اے ارون چندر بھومک نے کہا، ‘ترنمول کانگریس تریپورہ کی بپلب کمار دیب کی سربراہی والی سرکار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے، جو 25 سال کے کمیونسٹ اقتدار کوختم  کرکے حکومت میں آئی ہے۔یہ سب مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ  ممتا بنرجی کے اشارے پر ہو رہا ہے۔’

ارون چندر بھومک نے گزشتہ18اگست کو جنوبی تریپورہ ضلع کے بیلونیا ٹاؤن ہال میں مرکزی کابینہ میں شامل کی گئی وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی وزیر مملکت  پرتما بھومک کے اعزازی تقریب کے دوران یہ تبصرہ کیا۔

انہوں نے کہا، ‘میں آپ سبھی سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمیں طالبانی طرز میں ان پر حملہ کرنے کی ضرورت ہے۔ جب وہ یہاں ہوائی اڈے پر پہنچتے ہیں تب ہمیں ان پر ایک بار حملہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم خون کی ہر ایک بوند سے بپلب کمار دیب کی سربراہی والی سرکار کی حفاظت کریں گے۔’

ان کےاس تبصرے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور لوگ اس کی نکتہ چینی کر رہے ہیں۔

اس تبصرہ پر ریاستی  ترنمول رہنما سبل بھومک نے بی جے پی ایم ایل اے کی گرفتاری کی مانگ کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا،‘مغربی بنگال کے ترنمول رہنماؤں کو کل رات اگرتلہ میں ایک ہوٹل میں پریشان کیا گیا، جہاں وہ ٹھہرے، ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ ایم ایل اے کے اشتعال انگیز بیان  کے بعدرونما ہوا۔’

انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں ترنمول کانگریس رہنما اور سابق ایم پی ریتابرت بنرجی نے کہا، ‘بی جے پی نے ترنمول رہنماؤں پر حملہ کرنے کے لیے ایک‘تھینگرے واہنی’(غنڈہ بل)بنایا ہے اور کہا کہ ٹی ایم سی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی کار پر اس بل کے ذریعےتریپورہ میں ان کے دورہ کے دوران حملہ کیا گیا تھا۔’

پچھلے کچھ ہفتے کے دوران تریپورہ سے بی جے پی اور ترنمول کارکنوں کے بیچ جھڑپ کی خبریں آئی ہیں۔

اس بیچ ریاستی بی جے پی کےترجمان سبرت چکرورتی نے کہا کہ ارون چندر بھومک کاتبصرہ ان کا اپنا بیان ہے اور پارٹی کا اس بیان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ‘یہ پوری طرح ان کی ذمہ داری ہے۔ یہ بی جے پی کی تہذیب نہیں ہے۔’

اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ارون چندر بھومک نے کہا، ‘میں نے یہ واضح کرنے کے لیے‘طالبانی’لفظ کا استعمال کیا کہ جس طرح ترنمول کانگریس تریپورہ میں بی جے پی سرکار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے، اس کے لیے شدید ردعمل  کی ضرورت ہے۔ ‘طالبانی’لفظ کے استعمال سے شایدسخت پیغام  گیا ہو، لیکن میرا مقصد صرف یہ بتانا تھا کہ کیسےان کا مقابلہ کرنا ہے۔’

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا