English   /   Kannada   /   Nawayathi

خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنا ہمارا دینی و اخلاقی فریضہ : احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھنے ممتاز علماء کرام کی اپیل

share with us


احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھنے ممتاز علماء کرام کی اپیل۔ منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا


:05؍مئی 2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)کورونا وائرس کی دوسری لہر سے پوری دنیا دہشت میں ہے۔ ہمارا ملک بھارت اس وبائی مرض سے شدید متاثر ہے۔ ہر خاندان کا کوئی نہ کوئی فرد اس سے متاثر نظر آرہا ہے۔ دواخانے بیماروں سے بھرے ہوئے ہیں، کسی بیمار کیلئے بیڈ کا فراہم ہونا کارے دارد ہے، کونسنٹریٹرس، آکسیجن سلینڈرس اور ایمبولنس سرویس کی فراہمی بھی مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ پورے ملک میں اوسطاً تین تا چار لاکھ افراد اس بیماری سے متاثر ہورہے ہیں اور روزانہ اوسطاً دو تا تین ہزار افراد لقمہئ اجل بن رہے ہیں۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ مرض مزید بڑھے گا۔ان حالات میں حکومت اور محکمہئ صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر سے متعلق جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان کو ملحوظ رکھنا عوام کی اہم ذمہ داری ہے۔ ان تشویشناک حالات میں خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنا ہمارا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔ شہر کے ممتاز و سرکردہ علماء کرام نے عوام سے درد مندانہ اپیل کی ہے کہ وہ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔ شہر حیدرآباد بھی چونکہ اس وبائی مرض کاشکار ہے اس لئے منبر و محراب فاؤنڈیشن کے بانی و منیجنگ ٹرسٹی مولانا غیاث احمد رشادی نے ۴/مئی کو مندرجہئ ذیل علماء و مشائخین کرام سے رابطہ کیا اور ان سے مشاورت کے بعد یہ صحافتی بیان جاری کیا۔ حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی صاحب صدر مجلس تحفظ ختم نبوت، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی صاحب صدر جمعیۃ العلماء تلنگانہ و آندھرا، مفتی عبدالمغنی مظاہری صاحب صدر سٹی جمعیۃ العلماء گریٹر حیدرآباد، مولانا احمد عبیدالرحمن اطہر ندوی صاحب ناظم مدرسہ امداد العلوم، مولانا حسام الدین ثانی عاقل عرف جعفر پاشاہ صاحب صدر ملی بیت المال، مولانا ظلال الرحمن صاحب صدر لجنۃ العلماء تلنگانہ و آندھرا، حافظ خلیق احمد صابر صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃ العلماء تلنگانہ و آندھرا، مولانا محمد عبدالقوی صاحب ناظم ادارہ اشرف العلوم، مولانا شفیع نقشبندی صاحب خلیفہ پیر ذوالفقار صاحب، مولانا سید احمد ومیض ندوی صاحب استاذ ادب دارالعلوم حیدرآباد، مولانا فصیح الدین ندوی صاحب جنرل سکریٹری صفا بیت المال انڈیا، مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب ناظم اسلامک دعوۃ اکیڈمی، مولانا مفتی انعام الحق صاحب، مولانا رفیع الدین رشادی صاحب و دیگر۔ جمیع ممتاز علماء کرام نے ان تشویشناک حالات میں ذمہ دارانِ مساجد و خطباء کرام کو مشورہ دیا کہ ان دنوں میں جمعہ کا خطبہ مختصر کریں۔ عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ماسک کا ضرور استعمال کریں، سنیٹائزر سے اپنے ہاتھ دھوتے رہیں، عوامی اجتماعات میں جانے سے گریز کریں، مساجد میں دو فیٹ کے فاصلہ کے ساتھ باجماعت نماز ادا کریں، کرفیو کے اوقات میں بغیر کسی شدید ضرورت کے باہر نہ نکلیں، نوجوان کرفیو کے اوقات میں گپ شپ نہ کریں، عید کے موقع پر معانقہ اور مصافحہ سے گریز کریں۔ ممتاز علماء کرام نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اگر احتیاط نہیں کی گئی تو اس وبائی مرض کے پھیلنے کا اور زیادہ خدشہ ہے۔ اسلام اس بات کی تعلیم دیتا ہے کہ وہ دوسروں کو تکلیف پہنچانے سے گریز کریں۔ اگر ہماری بے احتیاطی سے کوئی دوسرا شخص اس بیماری سے متاثر ہوتا ہے تو ہمارے کاندھے پر ہی اس کا بوجھ ہوگا۔ مذکورہ علماء کرام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خوف، گھبراہٹ اور مایوسی کا شکار نہ ہوں بلکہ صدقہ و خیرات بکثرت کریں اور گناہوں سے استغفار کریں اور وباوؤں کے ان دنوں میں جن دعاؤں کا اہتمام رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا ان دعاؤں کا ضرور اہتمام کریں۔ 
 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا