English   /   Kannada   /   Nawayathi

آسان اور مسنون نکاح مہم نے پورے ملک کو متوجہ کیا ہے!

share with us


سہ روزہ کانفرنس کی تیسری اور چوتھی نشست سے مولانا صغیر احمد رشادی،مولانا عبد اللہ مغیثی اور دیگر نامور علماء کا خطاب!



نئی دہلی:23مارچ2021(فکروخبرنیوز/پریس ریلیز):نکاح ایک عبادت ہے جسے عبادت کے طرز پر ہی انجام دیناچاہئے، مسلمانوں نے نت نئی رسموں اور فضول خرچیوں کا ایسا بوجھ ڈالا کہ نکاح ایک غریب شخص کے لیے مشکل عمل بن کر رہ گیا،مسلمان سنت وشریعت کے مطابق نکاح کی تقریب کو انجام دیں اور جس نکاح کی تقریب میں سنت وشریعت کا پاس ولحاظ نہ کیاجائے اور رسم ورواج کو اختیار کیا جائے اس میں ہر گز شرکت نہ کریں،یہ وقت کی شدید ضرورت ہے کہ آسان اور مسنون نکاح کی اس مہم کو زیادہ سے زیادہ آگے بڑھایاجائے اور اپنے علاقوں میں اس سلسلے میں پہل کی جائے۔ان قیمتی خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے منعقد کی گئی سہ روزہ آن لائن کانفرنس کی تیسری نشست کی صدارت فرماتے ہوئے مولانا حکیم محمد عبد اللہ مغیثی(رکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ) نے کیا،قبل ازیں مولانا ڈاکٹر یا سر ندیم الواجدی،مولانا مفتی احسان قاسمی(استاذ صدر مفتی دارالعلوم وقف دیوبند)،گجرات کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے کنوینر مفتی محمود بارڈولی (رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ)،مولانا سلمان بجنوری نقشبندی (استاذ دارالعلوم دیوبند) نے آسان اور مسنون نکاح کی برکت اور بیجا رسوم ورواج کے نقصان کے موضوع پر قیمتی خطاب فرمایا اور بڑی اہم تدبیریں بھی پیش کیں،سہ روزہ آن لائن کانفرنس کی یہ تیسری نشست صبح دس بجے شروع ہوئی،دوپہر ڈیڑھ بجے مولانا حکیم محمد عبد اللہ مغیثی کے دعائیہ کلمات پر اختتام کو پہونچی۔

اسی دن رات میں ساڑھے آٹھ بجے سہ روزہ کانفرنس کی چوتھی نشست منعقد ہوئی،جس کی صدارت حضرت مولانا صغیر احمد رشادی (امیر شریعت کرناٹک) نے فرمائی۔انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ بابرکت نکاح وہ ہے جس میں کم سے کم خرچ کیا گیا ہو،افسوس کہ آج بیجا رسوم ورواج کی وجہ سے نکاح کو ایک مشکل عمل بنادیا گیا ہے،جس کی وجہ سے ہزاروں بیٹیاں بن بیاہی گھروں میں بیٹھی ہوئی ہیں۔مولانا محترم نے آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے نکاح کو آسان بنانے کے سلسلے میں کی جارہی کوششوں کی تحسین کی اور اس سلسلے کو آگے بڑھانے پر زور دیا،نیز یہ بھی ارشاد فرمایا کہ آسان اور مسنون نکاح مہم نے پورے ملک کو متوجہ کیا ہے اور یہ آواز بحمداللہ بڑھتی پھیلتی جارہی ہے۔اس نشست کی سر پرستی مولانا اطہر علی اشرفی (رکن مجلس عاملہ بورڈ) نے فرمائی،انہوں نے نکاح میں شامل ہوچکی رسوم ورواج کو ختم کرنے کے لیے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے پر زور دیا،مولانا خالد رشید فرنگی محلی (رکن بورڈ) نے نکاح کے اسلامی نظام پر روشنی ڈالی،معروف شیعہ خطیب مولانا اصغر حیدری نے کہا کہ نکاح کے موقع پر انجام دی جانے والی رسموں پر روک لگائی جائے،مولانا ابو طالب رحمانی (رکن بورڈ) نے جہیز اور رسوم والی شادیوں کے بائیکاٹ کی اپیل کی،مولانا محمد الیاس بھٹکلی (رکن بورڈ) نے شادی سے پہلے نوجوانوں کی ذہن سازی او ر تربیت پر زور دیا،مولانا رفیع الدین اشرفی(پربھنی) نے ازدواجی زندگی کے اسلامی نظام پر روشنی ڈالی۔

یہ نشست رات گیارہ بجے مولانا صغیر احمد رشادی صاحب کی دعا پر مکمل ہوئی،اس نشست میں ڈاکٹر عبد القدیر صاحب(شاہین کالج بید ر کرناٹک) مولانا عبد الحمید قاسمی (کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی ضلع ستارا) اور مولانا جنید الرحمن آزاد قاسمی (رکن بورڈ) مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے،دونوں ہی نشستوں کے آغاز میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور اخیر میں تمام مہمانوں کے لیے کلمات تشکر بھی پیش کیے،مولانا مہدی حسن عینی (دیوبند) نے دونوں نشستوں کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔


منجانب: اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا