English   /   Kannada   /   Nawayathi

کورونا بحران : گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2293 نئے کیس ، ہلاک شدگان کی تعداد 1200 سے تجاوز

share with us

نئی دہلی:02مئی 2020(فکروخبر/ذرائع ) ملک بھر میں کورونا وائرس ’كووڈ -19‘ وبا سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے 2293 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 71 مریضوں کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 1218 ہو گئی ہے۔

ملک کی الگ الگ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 37336 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر افراد کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 1062 افراد کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 9951 تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاؤ ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہو چکا ہے۔

کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثرریاست مہاراشٹر ہے جہاں حالات مسلسل تشویشناک ہوتے جا رہے ہیں اور گزشتہ ایک دن میں 1008 نئے کیسز کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 11506 تک پہنچ گئی ہے اور اس دوران 26 مزید لوگوں کی موت کے بعد اس وبا سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 485 ہو گئی ہے۔ وہیں ریاست میں 1879 متاثر مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔

گجرات گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 326 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملہ میں دوسرے مقام پر برقرار ہے۔ گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4721 ہو گئی ہے اور 22 مزید افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 236 تک پہنچ گئی ہے۔

قومی دارالحکومت دہلی میں بھی حالات تشویشناک بنے ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 223 نئے کیسز درج کیے جانے کی وجہ سے اب تک کل 3738 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ دہلی میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 61 ہو گئی ہے جبکہ اب تک کل 1167 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا