English   /   Kannada   /   Nawayathi

اتر پردیش: بی جے پی رکن اسمبلی نے یوگی حکومت پر لگایا ’کمیشن خوری‘ کا الزام

share with us

لکھنو: یکم مئی 2020(فکروخبر/ذرائع) ہردوئی ضلع کے گوپا مئو اسمبلی سے منتخب بی جے پی لیڈر شیام پرکاش نے اپنی ہی حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے اور کورونا فنڈ میں دیے گئے 25 لاکھ روپے واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کورونا وائرس بحران سے نمٹنے کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے لوگوں سے ریلیف فنڈ میں عطیہ کرنے کی اپیل کی جس کے بعد لوگوں نے دل کھول کر عطیہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی نے بھی اپنے فنڈ سے کچھ پیسے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کیے تھے۔ لیکن کئی اراکین اسمبلی ایسے ہیں جو حکومت کے کام سے خوش نہیں ہیں اور اب عطیہ کیے گئے ایم ایل اے فنڈ کی رقم واپس مانگ رہے ہیں۔
دراصل اتر پردیش کے بی جے پی رکن اسمبلی نے اپنی ہی حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے اور عطیہ کی گئی رقم واپس مانگ رہے ہیں۔ اتر پردیش کے ہردوئی ضلع واقع گوپا مئو اسمبلی سے منتخب بی جے پی لیڈر شیام پرکاش نے اپنے ایم ایل اے فنڈ سے 25 لاکھ روپے کورونا فنڈ میں دیے تھے۔ اب انھوں نے ہردوئی ضلع انتظامیہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ان کے دیے پیسوں کا صحیح استعمال نہیں ہو رہا ہے اس لیے ان کا پیسہ واپس کیا جائے۔
بی جے پی رکن اسمبلی شیام پرکاش نے محکمہ صحت میں بدعنوانی کی بات کا اظہار کیا ہے اور کمیشن خوری جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔ رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ ان کے بار بار پوچھنے پر بھی انتظامیہ کے ذریعہ پیسوں کا کوئی حساب نہیں دیا جا رہا ہے۔ ایسے میں ان کے ذریعہ دی گئی رقم فوری طور پر ان کے ایم ایل اے فنڈ میں واپس بھیجی جائے تاکہ وہ اس کا استعمال مفاد عامہ میں کر سکیں۔
قابل ذکر ہے کہ شیام پرکاش نے کورونا وائرس کی لڑائی میں تعاون کے نام پر 26 مارچ کو ایم ایل اے فنڈ سے 25 لاکھ روپے چیف ڈیولپمنٹ افسر کو دی تھی اور ایک خط لکھ کر کہا تھا کہ اس رقم سے سی ایچ سی، پی ایچ سی میں میڈیکل کِٹ اور مقامی لوگوں کے لیے سینیٹائزر خریدے جائیں۔ رکن اسمبلی کا الزام ہے کہ ابھی تک سینیٹائزر کی خریداری نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی طبی اہلکاروں کو میڈیکل کِٹ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے جون پور کے بی جے پی ایم ایل سی سمیت 4 اراکین اسمبلی اور بی ایس پی کی ایک رکن اسمبلی نے بھی ایم ایل اے فنڈ سے کورونا فنڈ میں دی گئی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جن اراکین اسمبلی نے ایم ایل اے فنڈ سے عطیہ کی گئی رقم واپسی کا مطالبہ کیا ہے ان میں بی جے پی ایم ایل سی ودیاساگر سونکر (ایک کروڑ)، بی جے پی رکن اسمبلی رمیش چندر مشرا (23 لاکھ) دنیش چودھری (10 لاکھ)، ہریندر پرساد سنگھ (10 لاکھ) اور بی ایس پی رکن اسمبلی سشما پٹیل (5 لاکھ) شامل ہیں۔

قومی آوازبیورو

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا