English   /   Kannada   /   Nawayathi

کورونا سے متعلق جھوٹی خبروں کی روک تھام کیلئے مودی سرکار کو ویب پورٹل بنانے کا حکم

share with us

 سپریم کورٹ نے ملک میں مزدوروں کی نقل مکانی کے تعلق سے داخل کی گئی مفاد عامہ کی پٹیشن پر شنوائی کرتےہوئے منگل کو مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ اس مرض سے متعلق پھیلنے والی جھوٹی خبروں(فیک نیوز) پر فوری طور پر قابو پانے کے اقدامات کرے۔ کورٹ نے  اس سلسلے میں  مرکزی حکومت کو ۲۴؍ گھنٹوں کے اندر اندر ایک پورٹل بنانے کا حکم دیا  جس میں بروقت صحیح معلومات فراہم کی جاتی رہے تاکہ فیک نیوز کی وجہ سے پھیلنے والے افراتفری کا اس کے ذریعہ  مقابلہ کیا جاسکے۔ 
 اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ گھبراہٹ اور افراتفری کورونا سے زیادہ زندگیاں تباہ کریگی، سپریم کورٹ  نے مرکز کو ہدایت دی کہ وہ تربیت یافتہ کاؤنسلر اور تمام مذاہب کے پیشواؤں کی خدمات حاصل کرکے  ان مزدوروں   کے خدشات کو دور کرتے ہوئے انہیں  پرسکون کرنے کی کوشش کرے جو شیلٹرہوم میں ٹھہرائے گئے ہیں۔   کورٹ نے ان مزدوروں میں اعتماد کی بحالی کیلئے نماز ، بھجن کیرتن اور دیگر مذہبی طریقہ کار اختیار کرنے کی بھی صلاح دی۔ کورٹ نے مرکز کو مہاجر مزدوروں کی نقل مکانی کو پوری طرح روک دینے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے  ان کی  رہائش اور کھانے پینے نیز  دیگر ضروریات  کوپورا کرنے کا بھی حکم دیا۔  چیف جسٹس ایس اے بوبڈے او ر ایل ناگیشورراؤ کی بنچ نے کہا کہ ’’افراتفری اورگھبراہٹ  وائرس کے مقابلے میں کہیں زیادہ زندگیاں تباہ کریگی۔‘‘ اس کے ساتھ ہی عدالت نے  مہاجر مزدوروں کی نقل مکانی روکتے ہوئے انہیں جہاں  شیلٹر ہوم میں ٹھہرانے کا حکم دیا وہیں یہ بھی کہا کہ شیلٹر ہوم چلانے کی ذمہ داری سماجی رضاکاروں کو دی جائے، پولیس اہلکاروں کو نہیں۔ 
 اس  بیچ مرکز نے  مہاجر مزدوروں پر جراثیم کش ادویہ کے چھڑکاؤ  کے  مشورہ کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ  یہ مشورہ  سائنسی  اور طور پر درست ہے نہ قابل عمل  ہے۔  واضح رہے کہ  بریلی میں  ایسے ہی ایک معاملے کی پورے  ہندوستان میں مذمت ہورہی ہے۔ عدالت نے بہرحال  مرکز کی اس اپیل کو ٹھکرادیا کہ ہائی کورٹس کو مہاجر مزدوروں کے معاملات پر شنوائی سے روک دیا جائے کیوں کہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ زیادہ قریب سے حالات پر نظر رکھ سکتے ہیں۔ بہرحال اس نے مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ اپنے وکلاء کے توسط سے ہائی  کورٹس کو مہاجر مزدوروں کے تعلق سے جاری کئے گئے احکامات سے واقف کرادے۔اس  کے ساتھ ہی ویدیو کانفرنسنگ کے ذریعہ لگاتار دوسرے دن  معاملے کی شنوائی کرنے کے بعد عدالت نے اب سماعت ۷؍ اپریل تک کیلئےملتوی کردی ہے۔ البتہ حکومت کو اس بات کی سختی سے ہدایت دی ہے کہ شیلٹرہوم میں ٹھہرائے گئے مہاجر مزدوروں اور غریب عوام کے ساتھ تشدد یا ڈرانے دھمکانے کا طریقہ قطعی  اختیار نہ کیا جائے۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا