English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھینسہ ٹاؤن تشدد معاملہ میں دو بیٹوں کی گرفتاری سے دلبرداشتہ ماں-باپ کی موت

share with us

بھینسہ :  30/ جنوری 2020(فکروخبر/ذرائع) تلنگانہ کے بھینسہ ٹاؤن میں گزشتہ 12 جنوری کی دیر شب ہوئے مبینہ فرقہ وارانہ تشدد کے معاملے میں دو بھائیوں کو پولس نے 13 جنوری کو گرفتار کیا تھا۔ ان دونوں بھائیوں کو پولس نے 27 جنوری کو عدالت کے سامنے پیش کیا اور انھیں زنجیروں میں جکڑا دیکھ کر ایسا صدمہ دونوں بھائیوں کے والدین پر پڑا کہ 29 جنوری کو دو گھنٹے کے اندر ماں اور باپ دونوں کا ہی انتقال ہو گیا۔ علاقے میں اس غمناک واقعہ کی خبر تیزی کے ساتھ پھیلی اور لوگ کافی افسردہ نظر آ رہے ہیں۔

ایک اردو نیوز پورٹل ’اردو لیکس‘ پر شائع خبر کے مطابق بھینسہ ٹاؤن کے رہنے والے محمد عبدالکاشف بنارسی اور ان کے بھائی محمد عبدالآصف بنارسی نے نرمل میں منعقد دو روزہ ضلعی تبلیغی اجتماع کے لیے آبائی وطن پہنچے تھے جو کہ گھر سے دور زیر ملازمت ہیں۔ 12 جنوری کی شب جب اس اجتماع کا اختتام ہوا تو ساتھ ہی تشدد بھی پیدا ہو گیا۔ کچھ شرپسند عناصر نے ماحول خراب کرنے کے لیے گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا اور کچھ گھروں میں توڑ پھوڑ بھی ہوئی۔ اس واقعہ کے بعد ہی 27 جنوری کو دونوں بھائیوں کو گرفتار کر کے نرمل جیل بھیج دیا گیا۔ یہ گرفتاری 13 جنوری کو عمل میں آئی تھی اور 27 جنوری کو انھیں پولس بھینسہ کورٹ میں حاضری کے لیے لے گئی۔ یہاں دونوں بھائیوں کو زنجیروں و ہتھکڑیوں میں جکڑا دیکھ کر ان کی والدہ احمدی بیگم کی طبیعت خراب ہو گئی اور وہ وہیں بیہوش ہو گئیں۔

بیہوشی کی حالت میں 65 سالہ احمدی بیگم کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، لیکن دو دن بعد یعنی 29 جنوری کو وہ دونوں بیٹوں کے غم میں داغِ مفارقت دے گئیں۔ اس خاندان پر دکھ کا پہاڑ اس وقت مزید ٹوٹ پڑا جب احمدی بیگم کے انتقال کے محض دو گھنٹے کے اندر ہی 73 سالہ بوڑھے باپ عبدالاحد بنارسی بھی اچانک انتقال کر گئے۔ اس غمناک واقعہ سے ارکان خاندان ہی نہیں، پورے بھینسہ ٹاؤن میں غم و مایوسی کی لہر پیدا ہو گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بڑے بھائی عبدالکاشف کی عمر 24 سال ہے اور وہ نظام آباد واقع پرتبھا پاٹل اسپتال میں بی ایس سی نرسنگ کے طور پر ملازمت کر رہا ہے، جب کہ چھوٹے بھائی عبدالآصف کی عمر 21 سال ہے اور وہ حیدر آباد میں پلمبر کا کام کرتا ہے۔ بوڑھے والدین کی موت کی خبر ان دونوں بھائیوں کے لیے بھی کسی قیامت سے کم نہیں ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا