English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایرانی آئل ٹینکر کی نئی منزل ترکی

share with us

تہران:24اگست2019(فکروخبر/ذرائع)ایرانی آئل ٹینکر نے یونانی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہ ملنے کے سبب اپنی منزل بدل لی ہے۔ اس کی نئی منزل اب ترکی ہے۔ امریکا اس ایرانی آئل ٹینکر کے تعاقب میں ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان موجود شدید تناؤ کے درمیان اُس ایرانی آئل ٹینکر نے اپنی منزل اب ایک ترک بندرگاہ کو بنا لیا ہے جسے رواں ہفتے کے آغاز میں جبرالٹر میں قریب چھ ہفتے تک روکے رکھے جانے کے بعد جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ ادریان دریا ون نامی اس آئل ٹینکر کا سابق نام گریس ون تھا۔ برطانوی رائل نیوی نے اس آئل ٹینکر کو چار جولائی کو اس خدشے کی بناء پر روک لیا تھا کہ وہ شام کے لیے تیل لے کر جا رہا تھا۔ تاہم ایران اس سے انکار کرتا رہا ہے۔

جمعرات 15 اکتوبر کو جبرالٹر کی سپریم کورٹ نے اس بحری جہاز کو چھوڑ دینے کا حکم جاری کیا تھا۔ دوسری طرف امریکی محکمہ انصاف نے اسی روز ہی اس آئل ٹینکر اور اس پر لدے تیل کو ضبط کرنے کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

ادریان دریا ون نامی اس آئل ٹینکر کو پیر 19 اگست کی رات امریکی درخواست کے برخلاف جبرالٹر سے روانہ ہونے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ جبرالٹر سے یہ آئل ٹینکر یونانی بندرگاہ کالاماتا کے لیے روانہ ہوا تھا تاہم امریکی محکمہ خارجہ کے دباؤ کے سبب یونان نے اسے وہاں لنگر انداز ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد اس آئل ٹینکر نے اپنی منزل تبدیل کی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کے ادریان دریا ون نے جہاز رانی کے راستوں کے تعین کے نظام 'آٹومیٹک آئڈنٹیفیکشن سسٹم‘ یا اے آئی ایف میں اپنی منزل ترکی کی بندرگاہ میسرین کو مقرر کیا ہے۔ ترکی کے جنوب میں واقع اس بندرگاہ پر تیل کا ایک ٹرمینل قائم ہے۔ یہ بندرگاہ شامی ریفائنری بنیاس سے محض 200 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ برطانوی حکام نے اس آئل ٹینکر کو روکتے ہوئے یہی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ یہ تیل لے کر بنیاس جا رہا تھا۔

اس بحری جہاز پر دو اعشاریہ ایک ملین بیرل خام تیل لدا ہوا ہے، جس کی قیمت قریب ایک سو تیس ملین ڈالر ہے۔ فی الحال اس پیش رفت پر ایران یا ترکی کی جانب سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا