English   /   Kannada   /   Nawayathi

مالیگاوں دھماکہ معاملہ : گواہ نے دھماکہ میں استعمال پرگیہ ٹھاکر کے بائیک کی شناخت کی

share with us

ممبئی :09جولائی2019(فکروخبر/ذرائع)مالیگاؤں بم بلاسٹ واقعہ میں دھماکہ کے لئے استعمال کی گئی ایل ایم ایل فریڈم موٹر سائیکل کو پیر کے روز پہلی مرتبہ شناخت کے لئے لایا گیا۔ یہ موٹر سائیکل پرگیہ ٹھاکر کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ عام انتخابات 2019 میں بھوپال سے منتخب رکن پارلیمان پرگیہ ٹھاکر تاحال ضمانت پر ہیں۔ موٹر سائیکل دھماکہ والی جگہ پر سے خراب حالت میں ملی تھی۔ واضح رہے کہ 29 ستمبر 2008 کو ہوئے اس دھماکہ میں 6 لوگوں کی موت ہو گئی تھی، جبکہ 100 سے زیادہ لوگ زخمی ہوگئے تھے۔

موقع پر پنچ نامہ کرنے والے گواہ نے دو موٹر سائیکلوں کی شناخت کی ہے۔ ان میں سے ’ایک ایل ایم ایل فریڈم‘ ہے جبکہ دوسری ’ہونڈا یونیکورن‘ ہے۔ گواہ کو پیر کے روز ان موٹر سائیکلوں کے علاوہ پانچ سائیکلیں بھی دکھائی گئیں۔ گواہ کے مطابق یہ وہی بائیک اور سائیکلیں ہیں جو اس نے 2008 میں جائے وقوعہ پر دیکھی تھیں۔ واضح رہے کہ ٹرائل کے دوران ثبوت کے طور پر استعمال ہو رہی بائیکوں اور سائیکلوں کو مالیگاؤں کے بھیکو چوک سے برآمد کیا گیا تھا۔ ان کی جانچ فارینسک سائنس لیبارٹری نے کی ہے اور بعد میں مہاراشٹر اینٹی ٹیررزم اسکواڈ (اے ٹی ایس) کے پاس بھیج دیا گیا۔ پہلے اس معاملہ کی جانچ اے ٹی ایس نے ہی کی تھی۔ ممبئی کی عدالت میں جگہ کی کمی کی وجہ سے موٹر سائیکلوں کو اے ٹی ایس کی کلا چوکی یونٹ بھیجا گیا تھا۔

پیر کے روز ان ثبوتوں کو ایک ٹیمپوں میں لاد کر عدالت لایا گیا۔ سائیکل اور موٹر سائیکلوں کو پانچویں فلور پر واقعہ کورٹ روم تک نہیں لایا جا سکتا تھا۔ اس لئے کورٹ نے استغاثہ اور مدعا علیہان کے وکلا کو ہدایت دی کہ وہ گراؤنڈ فلور پر جا کر ان ثبوتوں کو دیکھیں۔ خصوصی جج وی ایس پدلکر نے بھی ان ثبوتوں کا معائنہ کیا۔

گواہ کو پہلے جوٹ کے بیگ میں بندھی زنگ آلود سائیکلوں کو دکھایا گیا، اس کے بعد ’ایل ایم ایل فریڈم‘ بائیک کی شناخت کرنے کو کہا گیا، گواہ ٹیمپو پر چڑھا اور موٹر سائیکل کی شناخت کر لی۔ جج بھی موٹر سائیکل کا معائنہ کرنے کے لئے ٹیمپو پر چڑھے اور معائنہ کے بعد کورٹ کے کمرے میں واپس آ گئے۔

گزشتہ دنوں گواہ نے بتایا تھا کہ پولس نے اسے جو ایل ایم ایل موٹر سائیکل دکھائی تھی اس کا رجسٹریشن نمبر ایم ایچ 15 پی 4572 تھا۔ اکتوبر 2008 میں ہوئے اس دھماکے معاملہ میں پہلی گرفتاری پرگیہ کی ہوئی تھی۔ یہ گرفتاری بائیک کے رجسٹریشن کی بنیاد پر کی گئی تھی۔ اے ٹی ایس اس معاملہ کی جانچ کر رہی تھی این آئی اے نے 2016 میں سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کر کے کہا تھا کہ پرگیہ ٹھاکر اس بائیک کو دو سال سے زیادہ وقت سے استعمال نہیں کر رہی تھی۔ این آئی اے نے پرگیہ ٹھاکر کو کلین چٹ دی تھی۔ حالانکہ کورٹ نے این آئی اے کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ آر ٹی او کے ریکارڈ میں بائیک پرگیہ کے نام پر ہی رجسٹرڈ ہے، اب ٹرائل میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ بم دھماکے میں اس کے استعمال سے پرگیہ کا تعلق ہے یا نہیں؟

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا